Friday, November 13, 2026

غریب آدمی کمین ہوتا ہے۔

کیوں؟

یوں

1۔ گلی میں ایک دو گھرانے ایسے ہیں جو واقعی زکواۃ کے مستحق ہیں۔ میں زکواۃ کے علاوہ بھی صدقہ وغیرہ دینا ہو تو ان کو ہی ترجیح دیتی ہوں۔ کچھ عرصہ پہلے ان میں سے ایک خاتون نے میری غیر موجودگی میں تین چار چکر لگائے، بہن نے پیغام دیا کہ وہ کہہ رہی تھیں ان کی بیٹی کی شادی ہے بیس ہزار دے دیں۔ خیر میں نے بیس تو نہیں دس ہزار ایک لفافے میں رکھ کر دے دیے کہ یہ دے دینا۔

اب مجھے لاشعوری طورپہ پر انتظار کہ گلی میں شادی کی کوئی رونق لگے گی۔ ایک دن گھر پہ لائٹیں لگی نظر آئیں لیکن کوئی مہمان یا رش یا تمبو قنات نظر نہیں آئے۔ دو تین دن بعد روشنیاں اتر گئیں۔ پتا چلا وہ تو عید میلادالنبی کے سلسلے میں تھیں۔ اب مجھے تجسس کہ شادی کہاں گئی۔ ان کے پڑوسی دیور کے بیٹے سے باتوں باتوں میں پوچھا کہ تمہارے تایا کی بیٹی کی شادی ہونی تھی کب ہے۔ اس نے کہا ابھی تو نہیں ہورہی۔ وہ تو بعد میں ہے۔
کچھ دن پہلے خاتون پھر چلی آئیں کہ کچھ پیسے دے دو۔ میں نے پوچھا کہ آپ کی بیٹی کی شادی کے لیے آپ پیسے لے گئی تھیں وہ ہوگئی۔ کہتی ہیں وہ تو تمہارے خالو کی برسی تھی ناں اس میں خرچ ہوگئے۔ میرا تو میٹر شارٹ ہوگیا۔ مطلب ہم تو اپنی اماں اور بھائی کی برسیاں کرتے نہیں کہ بھرے پیٹ والوں کو کھلانے سے بہتر ہے کہ ان کے نام پر پیسے صدوقہ کردیے جائیں اور یہاں مجھ سے جھوٹ بول کر برسی کے لیے پیسے اینٹھے جارہے ہیں۔

2۔ مجھے جب سے چکن گونیا ہوا تھا کپڑے دھونے میں کلائیوں میں بہت درد ہوتا تھا۔ جب ناقابل برداشت ہوگیا تو سوچا کہ کوئی ماسی رکھ لوں جو ہفتے میں ایک بار یعنی مہینے میں چار دن آکر کپڑے دھو جائے۔ ایک خاتون میری چچازاد کے گھر کپڑے دھوتی ہے 1500 میں۔ میری دوست حیدری میں ہوتی ہے وہاں ریٹ 2000 ہے۔ ایک دو لوگوں سے کہا کہ کوئی ماسی نظرمیں ہو تو بھیجیں ۔۔ 

نزدیک سے ہی  ایک محترمہ تشریف لائیں ۔ ریٹ پوچھا 5000۔ کیوں بھئی ۔۔
"میں تو اورنگی میں کام کرنا پسند ہی نہیں کرتی۔ طارق روڈ پہ کام کرتی ہوں وہاں اچھے پیسے ملتے ہیں۔"
بہن طارق روڈ جانے کا کرایہ لگتا ہے۔ یہاں تم پیچھے گلی سے پیدل آرہی ہو۔ یہاں کس بات کے 5000 ۔ "مہنگائی بہت ہے" میں نے کہا ٹھیک ہے آپ طارق روڈ پر ہی کام کیا کریں ہم تو آپ کو افورڈ نہیں کرسکتے، آپ وہیں جائیں۔

خلاصہ:
کیونکہ ہمارا گھر محلے میں دیگر گھروں سے بہتر بنا ہوا ہے۔ ہمارے پاس گاڑی ہے اور ہمارا کلینک چلتا ہے تو ہم تو بہت امیر ہی ں، ہم اپنے لیے نہیں ان حرام خوروں کے لیے کماتے ہیں۔ لہذہ سونے کا انڈہ دینے والی مرغی کو ہر ایک حلال کرنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ کوئی ہم سے پوچھے یہ مکان بنانے اور گاڑی تک پہنچنے کے لیے کتنی محنت کی ہے، کس طرح ہم نے ہڈیاں گھسائی ہیں۔ پچاس سال کی محنت کے بعد آج ہم اس مقام پر ہیں لیکن انہیں لگتا ہے ہم تو جیسے درختوں سے نوٹ توڑ لاتے ہیں لہذہ ہمارے پیسے پر ان کا حق ہم سے بھی زیادہ ہے۔

3۔ایک ڈرائیور رکھا۔ اس کا گھر میرے گھر اور دفتر کے درمیان ایک تہائی فاصلے پر تھا اپنی طرف سے اسے آسانی دینے کے لیے کہ یہ پہلے بائک پر میرے گھر آئے گا، پھر مجھے لے کر جائے گا اس کا پٹرول اور وقت خراب ہوگا۔ چلو میں آدھے راستے تک چلی جاتی ہوں وہاں سے یہ آگے لے جائے گا اورپھر واپس میں میں اسے ڈراپ کرتی ہوئی واپس آجاتی تھی۔

پہلےوہ میرے انتظار میں اپنے اسٹاپ پر کھڑا ہوتا تھا ۔پھر یہ ہونے لگا کہ میں پہنچ جاتی صاحب کو فون کرتی صاحب بستر میں ہوتے۔ اٹھتے، تیار ہوتے پھر آتے میں دھوپ میں انتظار کرتی رہتی۔ پھر ایک دن میں نے اسے گھر آنے کو کہا کہ آج سے آپ مجھے میرے گھرسے لے جائیں گے اور گھر پر چھوڑیں گے۔

ایک دن آیا دوسرے دن غائب۔ فون کیا تو صاحب کی بہن نے اٹھایا اور فرمایا کہ کیا وہ روز سو روپے کا پٹرول لگا کر آپ کو لینے چھوڑنے جائے گا۔ میں نے کہا بی بی ڈیوٹی پر جانا اپنے پٹرول یا کرائے سے ہی ہوتا ہے، اگر وہ نہیں آسکتا تو اپنے لیے دوسری نوکری ڈھونڈ لے۔

4۔ دوسرا ڈرائیور رکھا۔ وہ عارضی طور پر کئی سال سے ڈی جی صاحب کے پاس کام کررہا تھا، وہ ریٹائر ہوگئے تو اسے میرے حوالے کر گئے۔ اسے جو تنخواہ پرانے باس دیتے تھے وہ طے ہوئی۔ پہلے مہینے اسے ایک ہزار بڑھا کر سیلری دی۔ ساتھ میں کچھ نہ کچھ شئیر پٹرول میں سے بھی دیا۔ سیلیری بغیر کسی تبصرے یا شکریہ کے رکھ لی۔ اگلے دن فرمایا کہ میڈم میرا تو آپ کے پاس پانچ ہزار کا نقصان ہورہا ہے ۔ سو روپے کا تو پٹرول آپ کے گھر آنے جانے میں خرچ ہوجاتا ہے۔ میری سیلیری میں پانچ ہزار کا اضافہ کردیں، ورنہ میں مجبور ہوں کہ اپنا رکشہ چلا لیا کروں گا۔ میں نے کہا بھائی تم رکشہ ہی چلا لو۔ بڑی مہر بانی

ہم غلطی سے ڈرائیور اور چپراسی وغیرہ کو انسان سمجھنے کی بیماری میں مبتلا ہیں اس لیے ڈرائیور کو کبھی غیر دفتری اوقات میں ڈیوٹی پر نہیں بلایا، کبھی ویک اینڈ پر، بچوں کو اسکول چھوڑنے، شاپنگ پر جانے، دوستوں کے ساتھ پارٹی کرنے کے لیے کبھی ڈرائیور کو زحمت نہیں دی۔ جب کبھی مجھے کسی میٹ اپ میں جانا ہوتا تو ڈرائیور کو سو دوسو دے کر چھوڑ دینا کہ تم جاو ہم خود ہی آجاِیں گے۔ مجھے ہمیشہ خیال ہوتا تھا کہ میرے ساتھ کے دیگر سندھی افسران کیسے جانوروں کی طرح چپراسیوں اور ڈرائیوروں کو استعمال کرتے ہیں۔ پتا لگا یہ لوگ اسی لائق ہوتے ہیں کہ گدھے کی طرح کام لیا جائے اور کتوں کی طرح جوتوں میں بٹھایا جائے۔

ابا کے ایک دوست تھے ابا سے بھی کوئی بیس سال بڑے۔ ان کا قول تھا کہ غریب آدمی کمین ہوتا ہے۔ سننے میں یہ بہت برا لگتا ہے لیکن تجربے سے ثابت ہوا کہ وہ ٹھیک کہتے تھے۔یہ  سب رانگ نمبرز ہیں۔

👹👿💣👽💀