Monday, December 12, 2016

یونیورسل کوکنگ ریسیپی

برائے سنگلز/ ہوسٹلرز/ پردیسیاں 


ان تینوں مظلوم کیٹیگریز کے خواتین و حضرات وسائل اور وقت کی کمی کے ساتھ ساتھ حسب توقیق پھوہڑ بھی ہوتے ہیں، اس پر ستم یہ کہ بھوک میں کھانا پکانا بھی خود پڑتا ہے اورجو کچھ بن جائے اسے کھانا بھی۔ اور یہ دوسرا عمل خاصا دل گردے کا کام ہے۔ اس لیے زیادہ تر جنک فوڈ سے پیٹ بھرنا پڑتا ہے۔ جو پیٹ اور جیب دونوں پر بھاری پڑتاہے۔

 ہم پر یہ وقت گزر چکا ہے۔ پہلے پہل تو گھر سے لائی ہوئی میگی سے کام چلایا گیا، لیکن کب تک، وہ مُک گئیں، پھر عربی ذائقوں والی میگی کو حلق سے اتارنا مشکل، مرتا کیا نہ کرتا، جیسے تیسے خود پکانا شروع کیا۔ اور تین سال کے بن باس کے بعد ایک عدد یونی ورسل ریسیپی وجود میں آئی جس سے ہر قسم کا کھانا بنایا جاسکتا ہے، خواہ دال ہو، سبزی ہو یا گوشت، اور حسب موقع معمولی تبدیلی سے پردیسی کھانوں کا بھی مزہ لیا جاسکتا ہے۔

تو ناظرین آج ہم آپ کو  کھانا پکانے کی ایک یونی ورسل ترکیب سکھائیں گے۔ یعنی ایک ایسی ترکیب جس کی مدد سے آپ جب جب،  جو جو پکانا چاہیں باآسانی پکا لیں۔

درکاراشیاء:

آئل
پیاز
لہسن: مائکرو کٹ اتنا باریک کہ پیسنے یا کوٹنے کی ضرورت نہ پڑے۔ 
ادرک: آپشنل
نمک
سرخ مرچ
زیرہ 
کالی مرچ + لونگ : آپشنل
ٹماٹر
ہری مرچ

اسکے علاوہ جو بھی پکانا ہو یعنی مین آئٹم

نوٹ: اشیاء کے ساتھ مقدار نہیں لکھی، مقدار کا اندازہ آپ کو خود ہی دو تین بار بد مزاج کھانا کھاکر ہوجائے گا کہ نمک کتنا ڈالا جائے اور کتنی مرچ۔ اور نمک مرچ کے کم زیادہ ہونے پر کونسا آپ کھانا پھینک دیں گے۔ پردیس میں تو ویسے بھی رزق کی صحیح قدرلگ پتا جاتی ہے۔ 

ترکیب:

تیل میں پیاز حسب توفیق سنہری/ لال یا کالی کرلیں۔

پھر اس میں لہسن کے ذرات  + زیرہ، کالی مرچ+ لونگ جھونک دیں۔

خوشبو اٹھنے پر اس میں نمک مرچ تھوڑے سے پانی میں ملا کر شامل کردیں۔ یاد رہے کہ پیازکے ساتھ بھنتے لہسن کی خوشبودنیا کے ہر پرفیوم کو مات کردیتی ہے خاص کر اگر پکانے والا  اس وقت بھوکا بھی ہو۔ تو آگے کی ترکیب بھول نہ جائیں، دھیان سے سنیں مطلب پڑھیں۔

مسالہ بھنتے ہی اس میں ٹماٹر شامل کر کے بھونیں۔ پھر آنچ ہلکی کر کے ٹماٹروں کو دم دے دیں یعنی ڈھکن ڈھک کر کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ 

یہ آپ کے کھانے کا "بیس" تیار ہوگیا۔ آپ اسے بھی ڈائریکٹ روٹی سے یا پاسٹا پر ڈال کر کھا سکتے ہیں۔ 

اگر نہیں تو جو بھی موسمی سبزیاں مہیا ہوں ان کے باریک کیوبز کاٹ کر اس میں شامل کر کے بھون لیں۔  بھوننے کے بعد حسب ضرورت پانی ڈال کر گلا لیں، یہ سنگل یا مکس سبزی کی بھجیا بن گئی۔ چاہیں تو روٹی سے بطوردیسی بھجیا کھائیں، چاہیں تو پاسٹا ابال کر دساوری کھانا بنا لیں۔ 

یا اسی میں ضرورت سے زیادہ پانی ڈال کر گلنے کے لیے چھوڑ دیں اور درمیان میں اسپیگیٹیز بھی شامل کردیں، یہ آپ کا سبزیوں کا سوپ بن گیا۔ 

اچھا یہ بھی نہیں تو سبزیاں بھوننے کے بعد اس میں چاول شامل کریں، بھونیں، حسب ذائقہ مزید نمک اور پانی شامل کریں اور دم لگا دیں۔ چلیں جی آج تو مکس ویجیٹیبل رائس پکائے ہیں آپ نے۔ 

سبزی نہ ہو تو اسی "بیس" میں قیمہ ڈال کر بھون لیں، اس میں  چاول یا اسپیگٹیز ڈال کر دیسی یا پردیسی کھانا بن جائے گا۔ نہیں تو روٹی زندہ باد۔ ویسے پردیس میں چاول زیادہ زندہ باد ہوتے ہیں کہ اپنے مزاج کی روٹی ہر دیس میں نہیں ملتی۔ روٹی تو چھوڑیں چوکی بیلن اور توا تک نہیں ملتا کہ بندہ خود ہی سری لنکا کے نقشے بنا لے۔ کیونکہ ہر کھانے پر تازہ اور گھر کی پکی روٹی ایک ایسی نعمت ہے جو بس برصغیر کا ہی خاصہ ہے۔

مرغی یا گوشت مہیا ہو تو اسی "بیس" میں حسب توفیق و اشتہا و وقت چاول یا متبادلات کے ساتھ شامل کر کے  پلاو یا سالن کے مزے لیں۔ کسی بھی سالن سے پلاو بلکہ بریانی کے مزے دوسرے وقت بھی لیے جاسکتےہیں خاص کر اگر سالن میں مرچیں زیادہ ہوگئی ہوں تو اگلے وقت اس میں چاول ڈال کر بریانی بن جاتی ہے۔ ہم تو پردیس میں تکہ  و بار بی کیو بریانی تک بنا چکے ہیں۔

اسی بیس میں دال بھی پکائی جاسکتی ہے اور اگر اتنا بھی نہیں کرسکتے تو انڈے شامل کر کے انڈہ بھوجو تو کسی بھی وقت منٹوں میں تیار ہوسکتا ہے۔

تجربات کرنے سے ہرگز نہ گھبرائیں، جو بھی پکے گا کھانے کی ہی کوئی نہ کوئی چیز ہوگا۔ نئی نئی تخریبات یعنی variations آزمائیں۔ جیسے آپ کے پاس صرف آلو موجود ہیں اور پرانا بچا ہوا نیشنل کا تکہ مسالہ تو بس اسی تکہ مسالہ کو نمک مرچ کی جگہ استعمال کر کے اس میں آلو پکائیں اور تکہ آلو کے مزے لیں۔ کبھی نہاری مسالہ میں دال بھگاریں  اور ساتھ ہی دوستوں کے سامنے پیش کر کے نئی ریسیپی کی شیخی بھی بھگارلیں۔

Bon Appetit

🍚 🍛 🍜 🍝 🍲 🍻