دیو آنند کی مشہور فلم گائیڈ ناول نگار آر کے نارائین کے ناول دی گائیڈ پر مبنی تھی جسے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ یہ دیو آنند کا کا پہلا اور آخری یعنی اکلوتا انٹرنیشنل پراجیکٹ تھا۔
گائیڈ بیک وقت دو زبانوں اردو اور انگریزی میں بنائی گئی تھی۔ اردو / ہندی ہندوستان کی آڈئینس کے لیے اور انگریزی انٹرنیشنل آڈئینس کے لیے ۔ لہذہ ناول سے دو اسکرپٹ لکھے گئے ایک اردو اور ایک انگلش ۔ پہلے یہ فیصلہ ہوا کہ دونوں ورژنز ایک ساتھ فلمبند کیے جائیں ۔ایک ہی سین پہلے اردو میں ریکارڈ ہو پھر وہیں اسی وقت وہی سین انگریزی میں ریکارڈ کیا جائے ۔ اور دونوں فلموں کے مشترکہ یعنی بغیر ڈائلاگز والے سین بیک وقت دونوں کیمروں پر ریکارڈ کرلیے جائیں۔ انگریزی ورژن کے ہدایت کار ان کے بڑے بھائی چیتن تھے جب کہ اردو ورژن کے ہدایت کار ان کے چھوٹے بھائی گولڈی / وجے آنند تھے۔







