Thursday, October 1, 2020

تین مرد تین کہانیاں

آج تک ہم نے آپ کو ان حضرات کے اسکرین شاٹس دکھائے ہیں جو ہم سے دوستی کے خواہشمند ہیں لیکن ہم جو اپنے تئیں ایک مس ورلڈ ہیں انہیں لفٹ نہیں کرواتے۔ آج آپ کی ملاقات تین ایسے حضرات سے کرواتے ہیں جن کو ہم نے تھوڑی بہت لفٹ کروائی لیکن نتیجہ نکلا ڈھاک کے تین پات۔

ایک بھائی صاحب، حلیے سے جماعتی ٹائپ۔ بیگم نقاب میں ہوتی ہیں۔ دونوں ایک بک ریڈنگ فورم پر ہوتے ہیں۔ ہمیشہ پڑھی لکھی باتیں کرتے تھے، پڑھے لکھے کوٹ شئیر کرتے تھے۔ مزاح کا اچھا ذوق رکھتے تھے، مزے دار فقرے چست کرتے تھے ان سے اچھی بات چیت تھی ایک دن انہوں نے فرینڈ ریکویسٹ بھیجی وہ شرموشرمی قبول کرنی پڑی کہ اتنی بات چیت ہے۔ اب جو ان کے کہیں کہیں سیاسی اور انٹرنیشنل پیجز پر کمنٹس نظر آنے شروع ہوئے۔ اتنے شرمناک قسم کے کہ اللہ کی پناہ۔



ایک کوئی پوسٹ تھی کہ امریکہ کو اسرائیل نے فلاں فیور دیا ساتھ ایک امریکی خاتون عہدیدار اور ایک اسرائیلی عہدیدار کی ہاتھ ملاتے ہوئے تصویر ۔۔ اس پر ان کا کمنٹ تھا "پہلے یہ بتاو کہ اس بی بی نے اس آدمی کو کیا دیا" جو اسرائیل نے امریکہ کو فیور دیا۔ ہم ششدر ہکا بکا، کہ ہیں ،،، یہ یہی مولانا صاب ہیں، یہ تو صرف ایک کم از کم غلیظ والا کمنٹ ہے جو ہم نے یہاں کوٹ کردیا، ہر جگہ ایسے ہی غلیظ کمنٹس۔ لیکن پھر ہم نے اپنی ایک پوسٹ میں کپتان کو کچھ کہہ دیا اور وہ ان کو لگ گئی ۔۔ شدید یوتھیا تھے اور پرو ملٹری۔ بس خود ہی ان فرینڈ کر گئے، ہم نے شکر ادا کیا۔ مورال آف دا اسٹوری، لوگوں کو اپنی پوسٹوں پر نہیں اجنبی پیجز اور پروفائلز پر کئے گئے کمنٹس سے جج کریں۔

ایک اور بھائی صاب تھے ان کو بھائی صاب کہنا مناسب تو نہیں لیکن سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں تو خیر ہے۔ کتابوں سے متعلق ایک مشہور گروپ میں انہوں نے کسی بک کے بارے میں لکھا ، موضوع ہماری دلچسپی کا تھا ہم نے پوچھ لیا کہ کہاں سے ملے گی۔ اگلے دن ان کا جواب آنے تک ہم وہ کتاب پی ڈی ایف فارمیٹ میں سرچ اور ڈاونلوڈ کرچکے تھے ان کے جواب کے جواب میں یہی فرما دیا ۔ فوراً ہی ان باکس آیا کہ آپ کو کیسے ملی۔ جواب دیا "ڈھونڈنے سے" 

اب ہر ہفتے ہماری خیریت پوچھی جانے لگی، عید کی مبارک باد بھی وصول پائی۔ مزے کی بات ہم ادھر جواب دیتے ادھر کھٹ سے سین ہوجاتا۔ اسٹاک ایکسچینج میں دھماکہ ہوا فوراً ہماری خیریت پوچھی گئی۔ کرانچی میں چھینٹا پڑا فوراً دریافت کیا گیا کہ ہم سیلاب میں تو نہیں بہہ گئے۔ ہم حیران کہ انہیں کیا ہوا۔ اور تو اور اپنی کھڑکی سے بارش کی ویڈیو بھی بنا کر بھیجی ہمیں ۔ ایک دن ہم شہر سے باہر تھے، پیچھے میسج آیا پڑا تھا آپ کہاں ہیں۔ ہم حیران اللہ خیر

ایک ویک اینڈ پر صبح سویرے میسج آیا کہ آپ سے بہت ضروری بات کرنی ہے ۔ اچھا جی کریں۔ پتا لگا وہ ہم سے شادی کے خواہشمند ہیں۔ نہ انہوں نے ہماری شکل دیکھی تھی، نہ عمر پتا تھی، نہ ہمارا مزاج شریف۔ بس یہ پتا تھا کہ ہم کتابیں پڑھتے ہیں۔ ہم نے انہیں تمیز سے بتا دیا کہ یہ ممکن نہیں ہے۔ لیکن وہ بھائی صاب تو عین کورونا کے دور شباب میں کراچی آنے کو تیار تھے ہم سے ملنے ۔" میں آپ سے ملنے آجاتا ہوں" ہم نے کہا خبردار کراچی میں سندھ کے اسی فیصد کورونا پازیٹو کیسز ہیں ۔ لیکن بھئی کسی طور ہمارا انکار ماننے کو تیار نہیں تھے۔ بلکہ صبح شام گلاب کے پھول کے ساتھ گڈ مارننگ و گڈ نائیٹ کے ان باکس آنے لگے۔ ساتھ ہی فرمائشی پروگرام کہ اپنی تصویر بھیجیں آپ کو دیکھنا ہے۔ 

پھر ہم نے سوچا ان کی تسلی کردیں۔ ایک دن تفصیل سے چیٹنگ کی ان کے ساتھ۔ کیا کرتے ہیں۔ کیا پڑھا ہے، کیا پسند ہے، کیا ناپسند ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔ کب سے نوکری کر رہے ہیں ، اب ظاہر ہے گفتگو دو طرفہ ہوتی ہے۔ ہم نے تو کبھی کسی سے کچھ چھپایا نہیں۔ ہماری جاب کی عمر 17 سال سن کر ان کی آنکھ پھڑکی اور کان بھی کھڑے ہوگئے ہونگے یقیناً۔ فوراً ہماری عمر پوچھی جو ہم نے سچ سچ بتا دی۔ ہائے ان کے ارمانوں پر ایسی اوس پڑی ایک دم سے ۔ سچ پوچھیں تو ہمیں بھی افسوس ہوا ان کی ہوا نکال کر۔ لیکن اس سے زیادہ افسوس ان کے روئیے پر ہوا۔ عمر بتانے سے پہلے ہم انتہائی انٹیلیجنٹ، لائق فائق، سمجھدار، صاحب مطالعہ اور پتا نہیں کیا کیا تھے۔ اور عمر بتانے کے ساتھ ہی ہم ان میں سے کسی بھی خاصیت کے حامل نہ رہے نہ ہی اس لائق کہ اب ہم سے دعا سلام بھی کی جاسکے۔ لیکن ہمیں یہ اطمینان ہے کہ ہم نے کوئی بے ایمانی نہیں کی۔

ایک اور بھائی صاب تھے وہ کتابوں سے متعلق گروپس میں بڑے مزے مزے کے سوال پوچھتے تھے۔ جن کے ہم اپنے مزاج اور سمجھ کے مطابق جواب دیتے تھے۔ اچھی خاصی گپ شپ ہوگئی ان سے۔ اب کسی کے حالات کا ہمیں کیا پتا۔ان کا فیورٹ سبجیکٹ غالباً سیلف ہیلپ تھا۔ ہمیں سیلف ہیلپ کی کتابیں شدید زہر لگتی ہیں کہ وہ ہمارے جیسے بندے کو صرف گلٹ میں مبتلا کرتی ہیں۔ یہی بات ہم نے ایک گروپ میں مذاقاً پوسٹ کردی کہ ہمارے علاوہ اور کون ہے جسے سیلف ہیلپ کی کتب زہر لگتی ہیں۔ اینڈ بینگ ۔ بھائی صاب ہمیں بلاک ہی کرگئے۔ ہمیں شک ہے انہوں نے ہماری پوسٹ رپورٹ بھی کی ہوگی جب ہی ایڈمن نے ہماری پوسٹ اپروو کر کے ڈیلیٹ کردی تھی۔

🙊🙉🙈