Tuesday, September 17, 2013

فیس بک فرینڈز

کسی عقلمند نے کہا تھا کہ "مجھے میرے دوستوں سے بچاو"۔ گھبرائیے مت، ہم کچھ ایسا کہنے نہیں جارہے، ہم تو صرف آپ کو آپکی فیس بک میں ایڈ ڈ دوستوں کے بارے میں کچھ بتارہے ہیں۔ پہلے ہمارے دوست ہمارے کزنز وغیرہ، محلے دار یا اسکول کالج اور جائے ملازمت کے ساتھی ہوتے تھے۔ لیکن سوشل فورمز خاص کر فیس بک کی بدولت اب آپ کا تعارف بلکل اجنبی افراد سے بھی ہو تا ہے، نتیجۃً آپ کے حلقہء احباب میں بھانت بھانت کے لوگ شامل ہوگئے ہیں۔ ہم ان ہی سے تو آپ کا تعارف کروارہے ہیں۔ ڈرئیے مت، آگے پڑھئے۔

آپکے دوست:


یہ وہ لوگ ہیں جو حقیقی زندگی میں بھی آپکے دوستوں کے حلقے میں شامل ہوتے ہیں۔ لہذہ یہ گھر کے بھیدی ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ پھوت پھات مارنے پر یقین رکھتے ہیں تو بہتر ہے انکے لیے ایک الگ پروفائل بنا لیں۔

سیکند فرینڈز:


[ سیکنڈ کزنز کی طرح] یہ آپکے دوستوں کے دوست ہوتے ہیں یا دوستوں کے بہن بھائی۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد ان میں سے کچھ آپکے فرسٹ فرینڈز اور کچھ فاسٹ فرینڈز بن جاتے ہیں، جبکہ کچھ دوستوں کے حلقے سے خارج ہوجاتے ہیں۔

جڑواں فرینڈز:


فیس بک پر آپکی ملاقات کچھ ایسے لوگوں سے بھی ہوتی ہے، جن کو آپ کبھی پہلے نہیں ملے ہوتے، لیکن ان سے مل کر لگتا ہے کہ وہ آپکے جڑواں ہیں جو بچپن میں آپ سے بچھڑ گئے تھے۔ ان میں سے بعض کی آپ نے شکل بھی نہیں دیکھی ہوتی، نہ کبھی آواز سنی ہوتی ہے۔ لیکن یہ خود بخود آپ کے چڈی بڈی ہو جاتے ہیں، وہ بھی اس عمر میں جب آپ چڈی پہننا ترک کر چکے ہوتے ہیں۔ ان کا ریڈیو بھی اسی فریکوئینسی پر سیٹ ہوتا ہے، جس پر آپکا ریڈیو نشریات پیش کرتا ہے۔

شوقین دوست:


شوقین فنکاروں کی طرح شوقین دوستوں کو بس آپ سے دوستی کرنے کا شوق ہوتا ہے۔ ان کی فرینڈز ریکویسٹ کنفرم ہونے کے بعد یہ ایسے منہ پھیرتے ہیں کہ دعا سلام بھی نہیں کرتے۔دعا سلام تو دور کی بات ہے ، شکریہ تک ادا نہیں کرتے۔ انھیں غالباً آپ کی پروفائل میں گھس بیٹھنا ہوتا ہے، جب یہ گھس بیٹھتے ہیں تو اسکے بعد ٹھنڈ پروگرام کرتے ہیں۔

اللہ واسطے کے دوست:

یہ دوست آپکی پروفائل میں ہر گز گھسنا نہیں چاہتےلیکن ہر اس فورم پر جہاں آپ اور وہ موجود ہوں آپ کی ہر پوسٹ پر کمنٹ اور ہر کمنٹ پر لائک کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ آپ کے بارے میں اگر کوئی اختلافی رائے دے تو اس کا جواب دینا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ ان کے بھروسے آپ کسی کی بھی اور کہیں بھی، کسی پوسٹ پر کوئی "آگ لگاو" کمنٹ کرکے چین کی نیند سو سکتے ہیں، دوسرے دن مزیدار بریانی تیار ہوگی۔

آستین کے سانپ:


یہ وہ دوست نما دشمن ہیں جو آپکی ہر سنجیدہ پوسٹ پر "منہ چڑاو" کمنٹ اور مزاحیہ پوسٹ پر "دل جلاو" کمنٹ کریں گے، ہر معقول پوسٹ کی بھد پیٹ دیں گے، اور ہر فضول پوسٹ پر اپنی بقراطی جھاڑیں گے۔ اکثر و بیشتر یہ آپکے جڑواں یا چڈی بڈی فرینڈز میں سے ہوتے ہیں۔ انہی کے بارے میں کہا جاتا ہے، "ہوئے تم دوست جس کے، دشمن اسکا ، آسماں کیوں ہو"

نرگسی دوست:


ہر دو پارٹیوں میں سے ایک کی خوش قسمتی اور دوسرے کی بد قسمتی سے یہ آپکے فرینڈ بلکہ آپ انکے فرینڈ ہوتے ہیں۔ انھوں نے کبھی بھولے سے بھی آپکی پوسٹ پر کوئی کمنٹ یا لائک نہیں کرنا ہوتا۔ انکی نازک طبعی کا عالم یہ ہوتاہے کہ آپ کے نارمل سے کمنٹ بھی طبیعت پر گراں گزر سکتے ہیں، اور وہ ڈیلیٹ کئے جاسکتے ہیں۔ لیکن اس قسم کے دوست تادیر آپ کی پروفائل میں شامل نہیں رہتے۔ یا تو وہ خود آپ کو اپنی پروفائل سے نکال دیتے ہیں خاموشی سے، یا پھر آپ انکے ساتھ ایک دن یہی سلوک کرڈالتے ہیں۔ 

آپ کو یہ "مذمون" پڑھ کر کہیں ایسا تو نہیں لگ رہا کہ " دوست ہوتا نہیں پروفائل پر ہر آنے والا"