Saturday, September 28, 2013

واردات

ونس اپون اے ٹائم ہمارا دل ایک بندے پر آگیا تھا۔ ہم ٹھہرے سیدھے سادھے بندے، ہم نے زیادہ پریشانی سے بچنے کے لئے سیدھے سیدھے سارا معاملہ ان صاحب سے گوش گذار کر دیا۔ وہ بے چارے حیران ہوگئے۔ انھیں ہم سے ایسی امید ہر گز نہیں تھی۔ ہمیں کب خود سے ایسی کوئی امید تھی، ہم ان سے کم حیران نہیں تھے۔ وہ صاحب پہلے حیران ہوئے پھر شوخے ہو گئے اور اپنا فرمائشی پروگرام نشر کرنا شروع کردیا۔

انکی پہلی فرمائش یہ تھی کہ ہم ان کے ساتھ باہر کھانا کھائیں۔ ہائیں ، ، ، یعنی اگر ہمارا دل اپنی جگہ پر نہیں تھا تو انکا دماغ بھی کھسک گیا تھا۔ ہم نے کہا کہ محترم یہ ڈیٹ ویٹ کی توقع تو تم ہم سے رکھنا بھی مت، ہمارا دل تم پہ آگیا ہے، برے توہم بھی تم کو نہیں لگتے، چلو شادی کرلیتے ہیں، پھر جو تم کہو۔

اس پر وہ مزید پھیلنے لگے، ایسی ایسی فرمائشیں جن کی ہمیں ان سے ہرگز توقع نہیں تھی۔ لیکن ہمارا دل بے ایمان ہوا تھا، ہم تو اپنے ایمان پر مضبوطی سے قائم تھے۔ہم نے کوئی بھی فرمائش پوری کرنے سے صاف انکار کردیا۔

لو صاحب وہ تو انتقامی کاروائیوں پر اتر آئے۔ انہوں نے ہمارا فون اٹینڈ کرنا بند کردیا۔ ہمارے میسجز کا جواب دینا بند کردیا، ہمیں اپنی فیس بک، میسنجر اور نہ جانے کہاں کہاں سے نہ صرف بے دخل کردیا بلکہ بلاک بھی کردیا۔

آہ ہمارے درد و الم و رنج و صدمے کا عالم نہ پوچھیں، ہمیں انکے ساتھ مغز ماری کرنے کا جو نشہ تھا اسکے آفٹر ایفیکٹس بہت ہی خوفناک تھے۔ یقین مانیں دنیا میں جو سب سے خطرناک نشہ ہے وہ انسان کی صحبت کا نشہ ہے۔ ان سے رابطہ کٹ جانے پر ہمیں لگتا تھا کہ ہم فوت ہی ہوجائیں گے۔ سال بھر تو ہمیں نیند ہی نہیں آتی تھی اور آجائے تو اتنے خوفناک خواب آتے تھے کہ اس سے بہتر تھا کہ بندہ سوئے ہی نا۔ لیکن "وہ ہی نظر آتا ہے جب کوئی نظر نہیں آتا" کے مصداق اللہ میاں نے ہم کو مصر بھیج دیا۔ مصر میں بھی ہم اچھا خاصا بیٹھے بیٹھے سیر و تفریح کرنے پاکستان چلے آتے تھے۔

اس وقت تو بس لگتا تھا کہ ہر سانس آخری سانس ہے، لیکن اللہ کے فضل و کرم سے ہم نا صرف زندہ ہیں، بلکہ پہلے سے زیادہ خوش وخرم ہیں۔ وہ بھی یقیناً خوش ہونگے اپنے خرچے پر ]اب ہم انکی جاسوسی نہیں کرتے]۔ اسی لیے تو ہم کہتے ہیں کہ دنیا میں کہیں کوئی شریف آدمی بہت خوش ہے، کیونکہ ہم نے اب تک شادی نہیں کی۔ تو یہ وہی صاحب ہیں جنہوں نے انکار کر کے اپنے اور ہمارے دونوں کے حق میں بھلائی کی۔ اور آپ کے بھی، ورنہ آپ کو ایک اتنی اچھی رائٹر سے محروم ہونا پڑتا۔

اب اگر کبھی ہمارا کوئی دوست ہمیں اپنی فیس بک پر بین کرتا ہے،یا ہمارے کومنٹ ڈیلیٹ کرتا ہے یا ہمیں ڈیلیٹ ہی کردیتا ہے اپنی فرینڈز لسٹ سے تو ہم "سانو ں کی" کہہ کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔ اگر ہم انکے بغیر زندہ ہیں تو یقین رکھیے آپ کے بغیر بھی ہماری صحت پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔

رہا کھٹکا نہ چوری کا دعا دیتا ہوں رہزن کو