Saturday, June 13, 2015

کتا کانفرنس

جی ہاں وہی پطرس بخاری والے کتے، آپ کو کبھی رات گئے کتا کانفرنس سننے کا اتفاق ہوا ہے، اگر آپ ایک متوسط علاقے میں یا اشرف المخلوقات میں سے مخلوقات کے علاقے میں رہتےہیں تو ضرور یہ اتفاق ہوا ہوگا ۔ کتا کانفرنس کا اصول یہ ہے کہ محلے کے سارے کتے اچانک آدھی رات کو ایک ساتھ بھونکنا شروع کر دیتے ہیں ۔ سب ایک دوسرے کو سنا رہے ہوتے ہیں ۔ اور کوئی کسی کی سن نہیں رہا ہوتا۔ عوام کے پلے کچھ نہیں پڑتا، الٹا نیند خراب ہوتی ہے۔ بھلا کوئی پوچھے کہ تم جس پر بھونک رہے ہو اسے خود بھی بھونکنا آتا ہے۔ تو تم نے اس پر بھونک کر کیا کمال کیا۔



بعینہ یہی صورت حال کچھ ترقیاتی سیکٹر کی کانفرنسوں اور سیمینارز کی ہوتی ہے جہاں سارے ماہرین ترقیاتی اشاریوں اور اعداد شمار سے پہلے سے آگاہ دیگر ماہرین کو آگاہی دے رہے ہوتے ہیں اور جواباً وہ بھی یہی کر رہے ہوتے ہیں ، یعنی سب ایک دوسرے کے سامنے وہی کر رہے ہوتے ہیں جو اول الذکر کر تے ہیں ۔ سارے پڑھے لکھے لوگ ایک دوسرے کو پڑھا کر نشتند، گفتند، برخاستند ہو جاتے ہیں اور عوام کے پلے کچھ نہیں پڑتا۔