Wednesday, July 22, 2015

Stay out of the Herd :P

یعنی ذرا ہٹ کے, عوام سے الگ
Don't be So Common (read Cheap)

بھئی آپکا جو دل چاہے وہ عنوان سمجھ لیں ۔۔ لیکن اس کا اصل عنوان ہے :

سوشل میڈیا پر خود کو کلاس کا شو کرنے کے طریقے :P
ویسے تو اتنی دیر میں آپ کو اس بلاگ کے مندرجات کا اندازہ ہوگیا ہوگا ۔۔ لیکن پھر بھی پڑھ لیں، آپ کو تو پتہ ہی ہے کہ فدوی کا ہر بلاگ ذرا ہٹ کے ہی ہوتا ہے ۔۔ یعنی خاص الخاص۔ خیر آج ہم آپکو سوشل میڈیا پر خود کو سب سے الگ نظر آنے اور اپنی اہمیت بڑھانے اور جتانے کے گر بتائیں گے جن پر ہم سے خود کبھی عمل نہیں ہوپاتا ۔۔ تھوڑے تُھڑ دُلے جو واقع ہوئے ہیں ۔ سوشل میڈیا سے ہماری مراد ویسے تو فیس بک ہے ۔۔ لیکن ہمیں یقین کی حد تک شک ہے کہ دیگر سوشل ویب سائیٹس اور ایپس پر بھی پاکستانی ایسے ہی behave کرتے ہوں گے، پاکستانی جو ہوئے ۔ 

سب سے پہلے تو آپ اپنی فیس بک یا جو بھی سوشل آئی ڈی ہے اس میں ہر ایرے غیرے نتھو خیرے کا داخلہ بند کریں ۔۔ وہ زمانے لد گئے جب فرینڈز لسٹ میں سینکڑوں دوستوں کا اجتماع آپکو فیس بک کا مقبول اور مشہور رکن ظاہر کرتا تھا ۔ نیا پیمانہ یہ ہے کہ کتنی فرینڈز ریکویسٹس pending  ہیں اور کتنے ہیں جو تیار بیٹھے ہیں، مطلب لائن میں لگے ہیں۔

اپنی وال پر اپنی پوسٹ کے علاوہ کچھ پوسٹ نہ کریں، مطلب کسی اور پیج، گروپ یا دوست کی کوئی پوسٹ آپ نے ری پوسٹ یا شئیر نہیں کرنی، آپ کی پوسٹ ایسی ہو کہ دوسرے اسے شئیر کریں اور آپ کی مشہوری کریں۔ پوسٹ سب سے الگ قسم کی ہونی چاہیے۔ سوال گندم جواب چنا ٹائپ۔ مثلاً اگر سب چودھویں کا چاند پوسٹ کر رہے ہیں تو آپ اپنی بلی کے بچوں کے بارے میں پوسٹیں۔ اگر سب مدرز ڈے کی پوسٹیں لگا رہے ہیں تو آپ وہ والی پوسٹ لگائیں جس میں مدرز ڈے کی فیس بک پوسٹوں پر طنز کیا گیا ہو۔ لیکن آجکل  وہ پوسٹ بھی ہر دوسرا پوسٹ کر رہا ہوتا ہے، سو کچھ ہٹ کے پوسٹ کریں۔ دو ایک سال کے بعد سب طنزیہ پوسٹیں ہی پوسٹیں گے، تب آپ ہیپی مدرز ڈے کی پوسٹ لگا دینا ۔

کبھی کسی دوست کی کسی پوسٹ پر تبصرہ ہرگز نہ کریں۔ دوست آپ کی پوسٹیں لائیک اور تبصرہ کریں گے۔ اور ان کے تبصروں پر لائیک کرنے اور جواب دینے میں ہرگز جلد بازی سے کام نہ لیں۔ کم از کم اگلے دن یا ایک ہفتہ بعد رسید دیں۔ اپنی ویلیو بڑھانا سیکھیں۔ ویسے بھی آپ بہت مصروف انسان ہیں۔

اگر کسی اور فورم پر کچھ پوسٹ یا شئیر کیا ہو تو پوسٹ کر کے بھول جائیں ۔۔ وہیں نہ ڈیرہ ڈال کے بیٹھ جائیں اور ہر ایک لائیک کرنے والے کا بھی شکریہ نہ ادا کرتے جائیں۔  بھلے چھپ کر نظر رکھیں اپنی پوسٹ پر لیکن فوراً ہی لائیک اور تبصروں کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ، اس سے لگے کا کہ آپ کا پیمانہ چھوٹا ہے۔ 

کبھی کسی کے ساتھ کہیں ٹرپ پر جائیں تو ، اول تو اپنے کیمرے  کی تصاویر کسی اور کو مت دیں ۔ بلکہ  خود بھی دیکھنے کی زحمت نہ ہی کریں کیوں کہ دیکھنے کے بعد ساری کی ساری یا بہت ساری پوسٹنے کا دل کرے گا ۔ اور زیادہ تصویریں ایک ساتھ پوسٹنے سے بندے  اور تصویروں کی ریٹنگ کم ہوتی ہے۔بھلا کس کے پاس وقت ہے کہ وہ سو دوسو تصویریں دیکھے، لائیک کرے اور کمنٹ بھی کرے۔  بس مہینے میں ایک تصویر کے ریٹ سے پوسٹیں ۔ اس طرح لوگ آپ کی ہر تصویر کو لائک بھی کریں گے اور کمنٹ بھی دیں گے۔ اور گوگل سے ڈھونڈ ڈھانڈ کر ایک عجیب وغریب قسم کے نام والے دانشور کا قول تصویرکے ساتھ  چپیڑنا ہرگز نہ بھولیں۔   یاد رکھیے آپ سب سے ہٹ کر ہیں۔

اگر کوئی ان باکس پیغام بھیجے تو فوراً دیکھنے کی اور جواب دینے کی ضرورت نہیں۔ کم از کم دو دن بعد جواب دیں۔ فوراً جواب دینےسے اگلے کو لگتا ہے " بندہ بڑا ویلا اے " اور یاد رکھیے آپ ہرگز بھی ویلے نہیں ہیں۔ اور اگر ہیں بھی تو سب کوبتانے کی کیا ضرورت ہے۔ 

اور اگر یہ سب نہیں کر سکتے تو شاعر ہوجائیے اور شاعری شروع کر دیجِئیے، خوب شاعری کی ٹانگ توڑیں، بہت زیادہ اِن ہے آجکل ٹانگ توڑ شاعری ۔۔ یعنی ایسی شاعری جس کو سن کے شاعر کی ٹانگ توڑنے کا دل چاہے :P

پی ایس : ویسے یہ ساری علامتیں نرگسیت کی ہیں :D