سوشل میڈیا کی آمد کے ساتھ ہی ایک نابکار عمل ٹیگنگ آیا ہے ۔۔ جس کا جی چاہتا ہے آپ کو اپنی پوسٹ میں یا کسی اور کی پوسٹ میں ٹیگ کر کے اپنے لیے مسلسل "ثواب" دارین کا بندوبست کر لیتا ہے، جب جب آپ کو ایک عدد نوٹی فیکیشن ملتا ہے آپ ٹیگ کرنے والے کی شان میں کلمات ادا کرتے رہتے ہیں۔ لیکن ٹیگنگ صرف سوشل میڈیا کی پوسٹوں تک محدود نہیں ہے نہ ہی ٹیگنگ سوشل میڈیا کی ایجاد ہے ۔۔ ہم من حیث القوم ٹیگنگ کے بڑے پرانے شوقین ہیں۔
ہم اپنے ارد گرد موجود افراد کو ان کی اپنی مرضی کے برخلاف کبھی کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ٹیگ کر دیتے ہیں کبھی کسی نسل پرست گروپ کے ساتھ اور کبھی کسی فرقہ کے ساتھ۔ اورٹیگ کر کے سکون کا سانس لیتے ہیں کہ ایک بڑا کام ہو گیا ۔۔
آپ اردو بولتے ہیں اور کراچی سے تعلق رکھتے ہیں ۔۔ بس جی اتنا کافی ہے آپ کا ایم کیو ایم سے مضبوط تعلق ثابت کرنے کے لیے۔ بحیرہ عرب سے لے کر کے ٹو کی چوٹی تک آپ کہیں چلے جائیں آپ سے آپ کی رہائش کے بعد آپ کی زبان پوچھی جائے گی اور آپ کو با آسانی بھائی لوگوں میں شامل کر دیا جائے گا۔ آپ سندھی ہیں اور اندرون سندھ سے ہیں، بس جی آپ ہی تو جئے سندھ کے روح رواں ہیں ۔ آپ پنجابی ہیں ۔۔ بس جی آپ ہی تمام سندھیوں اور بلوچوں پرمظالم کے ذمہ دار ہیں۔ آپ شعیہ ہیں، آپ سنی ہیں ، آپ دیوبندی ہیں، آپ بریلوی ہیں، اور آپ وہابی ہیں ۔۔
دوسروں کو کسی سیاسی پارٹی ، کسی نسل پرست گروہ اور فرقہ کے ساتھ ٹیگ کر کے جو دلی سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے اس کے کیا کہنے ۔۔ جیسے ہماری زندگی کا واحد مقصد بس یہی ہو ۔۔ اگر ذرا غور سے دیکھیں تو اس ٹیگنگ کے پیچھے جو اطمینان قلب ہے وہ دراصل اس ٹیگنگ کے نتیجے میں باعزم خود، خود کو برتر اور دوسرے کو کم تر ثابت کرنے کی خوشی ہے۔ اور جس گروپ کے ساتھ آپ اگلے کو ٹیگ کر رہے ہیں اس کے ساتھ منسلک تمام تعصبات کا ملبہ اس ٹیگ شدہ بندے پر ڈال دینے کی خوشی ہے جس کا کوئی مول ہی نہیں۔
آپ اردو اسپیکنگ ہیں ۔۔ آپ تو "مکڑ" ہیں ۔۔ اور ہم اہل زمین ہیں آپ سے برتر ہیں
آپ سندھی ہیں۔۔ آپ تو کرپٹ ترین قوم ہیں ۔۔ ہم تو دودھ کے دھلے ہوئے ہیں۔
آپ بلوچ ہیں ۔۔ آپ تو غدار ہیں ۔۔ ہم وفا دار ہیں۔
آپ پٹھان ہیں ۔۔ آپ سے زیادہ تو بے وقوف کوئی نہیں ،، ہم عقلمند ہیں
آپ سرائیکی ہیں ۔۔ سرائیکی تو ہوتے ہی بے وفا ہیں ۔۔ ہم وفا کے پتلے ہیں
آپ پنجابی ہیں ۔۔ آپ تو ظالم ہیں ۔۔ ہم مظلوم ہیں۔
آپ میمن ہو، آپ سا کنجوس کوئی اور کیوں کر ہو ۔۔ ہم تو دیالو ہیں
آپ دیو بندی ہیں ۔۔ ہم آپ سے برتر ہیں
آپ بریلوی ہیں ۔۔ آپ ہم سے کم تر ہیں
آپ وہابی ہیں ۔۔ ۔۔ بندہ کافر ہوجائے پر وہابی نہ ہو
آپ شعیہ ہیں ۔۔ ۔۔ ۔۔ ۔۔
اگر کوئی ان سب سے بالا تر ہو یا ہونے کی کوشش کرے ،، نہ جی ناں ،، ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ کسی کا کوئی دین ایمان اور قومیت ہی نہ ہو ،، تم کیوں ہماری طرح بھیڑ نہیں ہو، بس تم ہم سے الگ ہو، سو تم قابل مذمت ہو ۔۔ ہم برتر ہیں تم کم تر ہو ۔۔ کر لو جو کرنا ہے ۔