Thursday, November 20, 2025

اخبارات میں بچوں کے صفحات


فاطمہ کو جنگ کا بچوں کا صفحہ بہت پسند تھا جنگ کے بچوں کے ایڈیشن میں آدھے صفحے پر چھوٹی چھوٹی کہانیاں ہوتیں, اور بقیہ آدھے صفحے پر مختلف سرگرمیاں اور گیمز جیسے کہ کچھ پزل ٹائپ چیزیں , فرق تلاش کیجیے, نقطے ملا کر رنگ بھریے, تصویروں کے حصوں پر نمبر ہوتے جنہیں پہلے جمع تفریق کر کے حل کرنا ہوتا پھر حل کیے حصوں میں جفت اعداد میں ایک رنگ, طاق میں دوسرارنگ , پہلیاں ہوتیں, لطیفے ہوتے۔ ہفتے کا اخبار کھولتے ہی آجاتی اور اپنا صفحہ لے کر بیٹھ جاتی ، سارا دن اسی میں لگی رہتی ۔

لیکن چند سال پہلے کاغذ کی کمی یا قیمت کی وجہ سے جنگ نے بچوں کا صفحہ بند کردیا۔ تین ہفتوں تک فاطمہ نے صبر کیا اور تین ہفتوں بعد اخبار میں بچوں کا صفحہ نہ دیکھ کر اسے جلال آگیا۔"ان کو پتا نہیں ہے میں یہ صفحہ پڑھتی تھی, کیوں بند کیا ہے۔ بچوں کا کوئی خیال ہی نہیں ہے۔"

ہم نے فاطمہ کی وجہ سے جنگ بند کر کے ایکسپریس لینا شروع کردیا کیونکہ اس میں بچوں کا صفحہ آتا تھا۔ لیکن فاطمہ کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں تھی ۔ وجہ، ایکسپریس کے بچوں کے صفحے میں چار یا پانچ کافی لمبی کہانیاں ہوتی ہیں اور بس۔ کوئی پزل, گیم, لطیفے, پہلیاں کچھ نہیں۔

یہ اردو اخبار والے کن بچوں کے لیے یہ پیج ترتیب دیتے ہیں ۔آج کے انگلش میڈیم بچے اردو پڑھنے سے پہلے ہی گھبراتے ہیں۔ اس پر لمبی لمبی چار سے پانچ کہانیاں۔ ایسے لمبے لمبے سبق تو ان کی اردو کی کتاب میں پہلے ہی ہیں۔آج کل کے بچے اتنی لمبی چار پانچ کہانیوں میں دلچسپی برقرار نہیں رکھ سکتے۔ انہیں چھوڑ کر وہ موبائل پکڑ لیتے ہیں جہاں ان کی دلچسپی کا سامان بہت ہوتا ہے ۔ جن بچوں کے والدین انہیں سرکاری اردو میڈیم اسکولوں میں پڑھاتے ہیں وہ بے چارے تو اخبار ہی افورڈ نہیں کرسکتے ان کے بچے کیا پڑھیں گے۔ اخبار میں بچوں کا صفحہ اردو کی درسی کتاب نہیں ہونی چاہیے۔ یہ ہمارا دور نہیں رہا کہ اخبار میں بچوں کا صفحہ ہی واحد ذہنی عیاشی ہوتی تھی۔

ہمارے معاشرے میں بچوں کی اہمیت کا اندازہ لگائیں کہ ایک قومی سطح کے اخبار پر برا وقت پڑا تو بچوں کے صفحے کی قربانی دے دی، اور دوسرے اخبار نے جن صاحب کے حوالے بچوں کا صفحہ کیا انہیں بچوں کی دلچسپیوں سے کوئی  دلچسپی ہی نہیں ہے. جانے ان کے اپنے بچے بھی یہ صفحہ پڑھتے ہیں یا نہیں۔ جیسے جس کسی کومن پسند جاب نہیں ملتی وہ ٹیچر لگ جاتا ہے۔ ویسے ہی اخبارات میں جس کسی صحافی کو کسی سیکشن میں نہیں قبولا جاتا تو اسے بچوں کا صفحہ پکڑا دیا جاتا ہے۔ 

خدارا آج کے بچوں کے لیے دلچسپ مواد تخلیق کیجیے، تلاش کیجیے، تیار کیجیے۔

👧👦👼👶👦