سہیل احمد صاحب کی اداکارانہ صلاحیتوں کے بارے میں ہم بہت کم جانتے ہیں۔ جس وقت انہوں نے پی ٹی وی پر اداکاری شروع کی، ڈراموں میں کام کیا اس وقت ہم بہت چھوٹے تھے یا شاید بہت مصروف تھے۔ ہمیں بس یہ یاد ہے کہ وہ عابد کاشمیری صاحب کی طرح ہیرو کےدوست یا کامیڈین یا والد یا انکل ٹائپ رول ہی کرتے تھے جن پر ہم اس وقت دھیان نہیں دیتے تھے کیونکہ ہم وسیم عباس، راحت کاظمی۔ عثمان پیرزادہ اور آصف رضامیر پر زیادہ فوکس کرتے تھے۔
پھر تعلیمی اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث ہمارا ٹی وی دیکھنا ہی چھوٹ گیا، پھر ٹی وی پر انقلاب آگیا، اتنے چینل ہوگئے کہ سمجھ ہی نہیں آتی کہ کیا دیکھیں کیا نہ دیکھیں تو بس کچھ بھی نہ دیکھنے پر اکتفا کر کے ایک طرف ہوگئے لیکن یہ پتا ہے کہ حسب حال نام کا ایک پروگرام مستقل کئی سال سے آتا ہے جس میں عزیزی نام کا کوئی کردار حالات حاضرہ پر طنز ومزاح پر مشتمل تبصرے کرتا ہے جو کہ سہیل احمد ہیں۔ اور تھوڑا سا یہ امپریشن ہے کہ لاہور یا پنجاب کے تھئیٹر میں ان کا کافی کام ہے۔
لیکن آج ہم ان کی فنکارانہ صلاحیتوں پر تبصرہ نہیں کررہے، نہ ہی ہم اس قابل ہیں۔ پچھلے دنوں ایک فیس بک کے دوست کی اچانک وفات اور چند ایک مزید سماجی ایشوز سے پریشان ہوکر فیس بک میں گم ہونے کی کوشش میں فیس بک ویڈیوز میں جیو کے ایک نئے ڈرامے کی جھلکیاں نظر آئیں۔ ڈرامہ دیکھنے کی وجوہات ہم پھر کبھی شئیر کریں گے ۔ لیکن ڈرامے کی مین لیڈ میں ایک اداکار نے ہماری توجہ کھینچ لی۔ ہم بات کررہے ہیں حمزہ سہیل کی۔
ڈرامہ دیکھنا شروع کیا تو پھر فیس بک اور یوٹیوب آپ کو ان ہی فنکاروں کے مزید ٹوٹے دکھانا شروع ہوجاتی ہیں، ان کے بارے میں انکشافات پر مبنی ویڈیوز نظر آنی شروع ہوجاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک ویڈیو کے کلک بیٹ میں حمزہ سہیل کے والد کا تذکرہ تھا۔ تجسس ہوا کہ کون ہے تو پتا چلا کہ یہ اداکار سہیل احمد کے سپوت ہیں۔
ہمیں حمزہ سہیل کی اداکاری پر بھی تبصرہ نہیں کرنا ۔ یوٹیوب کی مہربانی سے حمزہ کے دو تین انٹرویوز سننے کا اتفاق ہوا اور سہیل احمد صاحب پر بے حد رشک آیا، انہوں نے اپنے بچوں کی کیا پرورش کی ہے، اور کس قدر فرماں بردار، تمیز دار اور محنتی اور منکسر المزاج اولاد ملی ہے، اولاد اپنے والدین کے مزاج، اصولوں، اور تربیت کا عکس ہوتی ہے۔ اس نوجوان کو دیکھ کر اور اور سن کر جی خوش ہوگیا۔
عموماً ٹی وی فلم اور میڈیا کی لائن میں یہ توقع نہیں کی جاتی کہ والدین بچوں کی تربیت میں کسی قسم کے اخلاقی اصولوں سے بھی کام لیتے ہونگے۔ اور بھی اداکاروں کے بچے کام کررہے ہیں انہیں اٹھتے بیٹھتے کہین نہ کہیں دیکھا سنا ہے ٹی وی پر ہی، اور ان کے اسٹارز والے اسٹائلز اور اسٹائلز سے بولنا اور ادائیں دکھانا بھی دیکھا سنا ہے ۔ لیکن اس نوجوان کی باتوں میں اس کے والدین کے مینرز نظر آتے ہیں۔
سہیل احمد صاحب بچوں کی اتنی اچھی تربیت اور پرورش پر آپ کو سلام 💖
📺🎥📺🎬📺