Saturday, September 21, 2013

چیونٹے

آپ نے کبھی کسی مکوڑے/ چیونٹے پر ترس کھایا ہے، یعنی وہ آپ کے نزدیک یا آپ پر چڑھ آئے اور آپ اسے مارنے کے بجائے اس پر ترس کھا کر اسکی جان بخشی کر کے اسے پرے کر دیں، وہ چند سیکنڈز بعد بلکل اسی مقام پر ملے گا جہاں آپ نے اس پر ترس کھایا تھا، آپ دس بار رحم کریں وہ دس بار اسی مقام پر ملے گا۔ یقین مانیں میں نے مکوڑے سے زیادہ ضدی، اڑیل، اور دھن کا پکا کسی اور نوع کو نہیں پایا،

Tuesday, September 17, 2013

فیس بک فرینڈز

کسی عقلمند نے کہا تھا کہ "مجھے میرے دوستوں سے بچاو"۔ گھبرائیے مت، ہم کچھ ایسا کہنے نہیں جارہے، ہم تو صرف آپ کو آپکی فیس بک میں ایڈ ڈ دوستوں کے بارے میں کچھ بتارہے ہیں۔ پہلے ہمارے دوست ہمارے کزنز وغیرہ، محلے دار یا اسکول کالج اور جائے ملازمت کے ساتھی ہوتے تھے۔ لیکن سوشل فورمز خاص کر فیس بک کی بدولت اب آپ کا تعارف بلکل اجنبی افراد سے بھی ہو تا ہے، نتیجۃً آپ کے حلقہء احباب میں بھانت بھانت کے لوگ شامل ہوگئے ہیں۔ ہم ان ہی سے تو آپ کا تعارف کروارہے ہیں۔ ڈرئیے مت، آگے پڑھئے۔

آپکے دوست:


یہ وہ لوگ ہیں جو حقیقی زندگی میں بھی آپکے دوستوں کے حلقے میں شامل ہوتے ہیں۔ لہذہ یہ گھر کے بھیدی ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ پھوت پھات مارنے پر یقین رکھتے ہیں تو بہتر ہے انکے لیے ایک الگ پروفائل بنا لیں۔

سیکند فرینڈز:


[ سیکنڈ کزنز کی طرح] یہ آپکے دوستوں کے دوست ہوتے ہیں یا دوستوں کے بہن بھائی۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد ان میں سے کچھ آپکے فرسٹ فرینڈز اور کچھ فاسٹ فرینڈز بن جاتے ہیں، جبکہ کچھ دوستوں کے حلقے سے خارج ہوجاتے ہیں۔

جڑواں فرینڈز:


فیس بک پر آپکی ملاقات کچھ ایسے لوگوں سے بھی ہوتی ہے، جن کو آپ کبھی پہلے نہیں ملے ہوتے، لیکن ان سے مل کر لگتا ہے کہ وہ آپکے جڑواں ہیں جو بچپن میں آپ سے بچھڑ گئے تھے۔ ان میں سے بعض کی آپ نے شکل بھی نہیں دیکھی ہوتی، نہ کبھی آواز سنی ہوتی ہے۔ لیکن یہ خود بخود آپ کے چڈی بڈی ہو جاتے ہیں، وہ بھی اس عمر میں جب آپ چڈی پہننا ترک کر چکے ہوتے ہیں۔ ان کا ریڈیو بھی اسی فریکوئینسی پر سیٹ ہوتا ہے، جس پر آپکا ریڈیو نشریات پیش کرتا ہے۔

شوقین دوست:


شوقین فنکاروں کی طرح شوقین دوستوں کو بس آپ سے دوستی کرنے کا شوق ہوتا ہے۔ ان کی فرینڈز ریکویسٹ کنفرم ہونے کے بعد یہ ایسے منہ پھیرتے ہیں کہ دعا سلام بھی نہیں کرتے۔دعا سلام تو دور کی بات ہے ، شکریہ تک ادا نہیں کرتے۔ انھیں غالباً آپ کی پروفائل میں گھس بیٹھنا ہوتا ہے، جب یہ گھس بیٹھتے ہیں تو اسکے بعد ٹھنڈ پروگرام کرتے ہیں۔

اللہ واسطے کے دوست:

یہ دوست آپکی پروفائل میں ہر گز گھسنا نہیں چاہتےلیکن ہر اس فورم پر جہاں آپ اور وہ موجود ہوں آپ کی ہر پوسٹ پر کمنٹ اور ہر کمنٹ پر لائک کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ آپ کے بارے میں اگر کوئی اختلافی رائے دے تو اس کا جواب دینا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ ان کے بھروسے آپ کسی کی بھی اور کہیں بھی، کسی پوسٹ پر کوئی "آگ لگاو" کمنٹ کرکے چین کی نیند سو سکتے ہیں، دوسرے دن مزیدار بریانی تیار ہوگی۔

آستین کے سانپ:


یہ وہ دوست نما دشمن ہیں جو آپکی ہر سنجیدہ پوسٹ پر "منہ چڑاو" کمنٹ اور مزاحیہ پوسٹ پر "دل جلاو" کمنٹ کریں گے، ہر معقول پوسٹ کی بھد پیٹ دیں گے، اور ہر فضول پوسٹ پر اپنی بقراطی جھاڑیں گے۔ اکثر و بیشتر یہ آپکے جڑواں یا چڈی بڈی فرینڈز میں سے ہوتے ہیں۔ انہی کے بارے میں کہا جاتا ہے، "ہوئے تم دوست جس کے، دشمن اسکا ، آسماں کیوں ہو"

نرگسی دوست:


ہر دو پارٹیوں میں سے ایک کی خوش قسمتی اور دوسرے کی بد قسمتی سے یہ آپکے فرینڈ بلکہ آپ انکے فرینڈ ہوتے ہیں۔ انھوں نے کبھی بھولے سے بھی آپکی پوسٹ پر کوئی کمنٹ یا لائک نہیں کرنا ہوتا۔ انکی نازک طبعی کا عالم یہ ہوتاہے کہ آپ کے نارمل سے کمنٹ بھی طبیعت پر گراں گزر سکتے ہیں، اور وہ ڈیلیٹ کئے جاسکتے ہیں۔ لیکن اس قسم کے دوست تادیر آپ کی پروفائل میں شامل نہیں رہتے۔ یا تو وہ خود آپ کو اپنی پروفائل سے نکال دیتے ہیں خاموشی سے، یا پھر آپ انکے ساتھ ایک دن یہی سلوک کرڈالتے ہیں۔ 

آپ کو یہ "مذمون" پڑھ کر کہیں ایسا تو نہیں لگ رہا کہ " دوست ہوتا نہیں پروفائل پر ہر آنے والا"

Sunday, September 15, 2013

شوئیاں

پھوت مارنا یا شیخی بھگارنا ہمارا خاندانی شوق ہے۔ دادا مرحوم سے یہ شوق ورثے میں چلا آرہا ہے، مرحوم ہمیشہ ہماری جاب کا ایک گریڈ بڑھا کر بتاتے تھے، یہی حشروہ اپنے بچوں کی جاب کے ساتھ کرتے تھے۔ اگر کبھی ہم ان کے ساتھ فلم دیکھنے سنیما جانے کی غلطی کر لیتے ۔۔۔ ویسے یہ غلطی ہم بچے بلاناغہ ہر سال کر لیا کرتے تھے ۔۔۔ تو سنیما پہنچتے پہنچتے بس کے ہر مسافر کو یہ خبر ہو چکی ہوتی تھی کہ ہم فلم دیکھنے جا رہے ہیں، کس سنیما میں اور کون سی۔ 
تو یہ جراثیم ہم میں بھی درجہ بہ درجہ منتقل ہوئے ہیں، خاصے کم منتقل ہوئے ہیں، پرہم خاندانی روایتوں سے ہرگز منہ نہیں موڑ سکتے۔ اب ہم دادا ابا کی طرح اپنی کاروائیوں میں غلو تو نہیں کرتے لیکن حسب توفیق شوئیاں ضرور مارتے ہیں۔

لاہور کی سیر

لاہور ٹھوکر نیاز بیگ کے بس اڈے سے شروع ہوتا ہے، نہر والی روڈ کے ساتھ ساتھ چلتا ہوا ایک دو موڑ مڑ کے لبرٹی میں داخل ہوجاتا ہے، لبرٹی میں ایک ہوٹل ہوتا ہے، اسمارٹ ہوٹل، اس میں ایک جناح کنونشن ہال ہوتا ہے۔ ہوٹل کے سامنے ایک جھگی ہوٹل میں پتوڑے/ بتوڑے بک رہے ہوتے ہیں۔ دوسری جانب ایک کثیر المنزلہ شاپنگ مال ہوتا ہے، شام ہوتی ہے تو لاہور سمارٹ ہوٹل کے سامنے والی روڈ سے ایک یو ٹرن لے کر دوبارہ ٹھوکر نیاز بیگ کے بس اڈے پر ختم ہوجاتا ہے۔ 

بحوالہ مستنصر حسین تارڑ میٹنگ 7 ستمبر2013، لاہور

Friday, September 13, 2013

مستنصر حسین تارڑ

لوگو دور حاضر و غیر حا ضر کا سب سے خطرناک ادیب مستنصر حسین تا رڑ ہے۔ اس سے بچ کر رہنا۔ یہ ایک ایسا خطرناک انفیکشن ہے کہ ایک بار آپ کو لگ گیا تو ساری عمر اس نے آپ کی جان نہیں چھوڑنی۔ غلطی سے بھی اسکی کوئی کتاب نہ پڑھنا، اسکا طریقہ واردات بڑا وکھرا ہے۔ یہ آپ کو اپنی باتوں کے جال میں قید کر لیتا ہے۔ آپ کو ایسی خطرناک جگہوں پر لیے پھرتا ہے کہ آپ کے 'کڑے' نکل جاتے ہیں۔ یہ آپ کو اسطرح گھیرتا ہے کہ آپ کو پتہ بھی نہیں چلتا۔ آپ کو گھیر گھار کے اس جیپ میں بٹھا دیتا ہے جس میں خواجہ صاحب، کرمانی، ،،،،، کے بعد کسی اور فرد کی جگہ نہیں ہوتی۔ کبھی لے جاکر کسی برفزار میں بٹھا دیتا ہے، تو کبھی یاک سرائے میں۔ کبھی اس جھیل کے کنارے تو کبھی اس جھیل کے کنارے۔ خود تو 'منظر' دیکھتا رہتا ہے، اور آپ اسے دیکھتے رہتے ہیں۔

Saturday, February 23, 2013

لیڈیز ڈرائیونگ لائسنس


لرننگ لائسنس پر پورے دس دن کم ایک سال گاڑی بھگانے کے بعد سوچا کہ پکا لائسنس بنوالینا چاہئے، گاڑی کو اتنا بھگایا پر وہ ہمیں چھوڑنے پر راضی نہ ہوئی۔ لائسنس برانچ ہمارے آفس کے راستے میں پڑتی تھی لہذہ ایک دن آفس جاتے ہوئے گاڑی ادھر موڑ لی۔ پہلے تو اہلکار گاڑی کو اور اس میں سے برآمد ہوتی ہوئی تنہا خاتون کو دیکھ کر کچھ گھبرائے، کچھ ہڑبڑائے اور کچھ کچھ مسکرائے۔ اگر آپ بھی ایک ہائی روف جس میں آگے پیچھے، دائیں بائیں ،اوپر نیچے عجیب و غریب بمپرز، کیریئراور جانے کیا کیا الا بلا انسٹالڈ ہوں اور فل والیوم میں سی ڈی پلئیر چل رہا ہو ، ایک سنگل پسلی کی نقاب پوش خاتون کو ڈاون لوڈ ہوتے دیکھیں تو آپ بھی بالاترتیب یہی کچھ کریں گے ۔

Thursday, January 10, 2013

Will Pakistan follow the Tahrir Square discourse?

Pakistan is passing through a Nazuk Dour for more than 65 years. There is a chain of change in Middle East and Arab countries. Some people hope that Pakistan will follow the "Tahrir Square" discourse. I wish their hope may come true. But...

In my opinion situation is different in Pakistan. As a student of Sociology and a Pakistani, I observe that:

1. We are still not a nation. Some external threats or natural disasters unite us for the time being and when it passes, we return back to our own derh eint ki masjid.