فرخ نامہ
ہر طرف سے جو مجھ پر سفر نامہ لکھنے کا دباؤ ہے، سارے سن لیں کہ وہ اصل میں فرخ نامہ ہوگا۔ بعد میں شکایت نہ کریں، ہاں۔
تو پیش ہے سفر نامے کا پیش لفظ یعنی فرخ نامہ۔ فرخ کو میں تھوڑا تھوڑا جانتی تھی کیونکہ وہ ایک بند شخصیت ہے اور میرا اس کا رشتہ پہلے روز سے احترام کا ہے کیونکہ روز اول سے ہی اس نے مجھے آپا کہہ کر پکاراتھا، اس کی سنجیدگی کی وجہ سے اس کے کافی رعب میں بھی تھی۔
جانے سے پہلے میں کافی جز بز تھی کہ ہائے میری تصویریں کون کھینچے گا، 20/22 لوگوں کے گروپ میں آپ کے آسے پاسے 8/10 افراد تو ہوتے ہیں جو خود اپنی اور دوسروں کی کارٹونی پکچرز لے رہے ہوتے ہیں تو آپ بھی انہیں منہ پھاڑ کے اور پوز مار کے کہہ دیتے ہیں کہ ذرا میری فوٹو بھی کھچ اوئے۔
اب ایک ہی بندہ اور وہ بھی جس کی آپ عزت کرتے ہوں، اور وہ اس سے زیادہ آپ کی عزت کرتا ہو تو تصویروں پر تو ہم نے ٹرپ کے آغاز پہ ہی فاتحہ پڑھ لی۔ 😑 لیکن پھر بقول فرخ کے وہ کافی انٹرو- ورٹ ہوتا تھا لیکن شکر خدا کا کہ اسے ایسے دوست ملے کہ اب وہ کافی حد تک "خراب" ہوگیا ہے۔ تاہم ہمارے خیال میں وہ اب کچھ کچھ ٹھیک ہوا ہے اور اسے ابھی مزید ٹھیک ہونا باقی ہے جو وہ ہماری عمر تک پہنچتے پہنچتے ہو ہی جائے گا۔ تو جتنا بھی فرخ ٹھیک ہوا ہے اتنے ٹھیک فرخ نے کہا کہ آپا ہم ایک دوسرے کی رینڈم پکچرز کھینچتے رہیں گے۔ کوئی خاص جگہ ہوئی تو خاص طور پر پکچر لے لیں گے۔ جو اس نے لی تو ہیں پر پتا نہیں دے گا کب۔
ہائے شکرررر۔ ہمارا دم میں دم آیا، تصویریں کھنچنے کا تو آسرا ہوا، کھنچیں گی تو مل بھی جائیں گی کبھی نہ کبھی۔ لیکن اس کے سامنے سرخ لپ اسٹک لگانے کا حوصلہ ابھی تک نہ ہوا تھا ہمارا۔ ادھر پیچھے سےسمیرہ، ندا، رخسانہ اور فریال ہمیں اکسائیں کہ ذرا تیار شیار ہوکے تصویریں اتروا کے بھیجو 😂😂
@ Deosai
"فرخ یہ سامنے دیکھو نانگا پربت ہے؟"
"او نہیں ، ایسے ہی کوئی لوکل پیک ہوگی"
فرخ غور سے دیکھو بھائی اس کا ٹیکسچر باقی پیکس سے الگ ہے"
"اچھا"
پھر گوگل میپ سے چیک کرکے: "ارے ہاں یہ تو نانگا پربت ہے"
پھر تھوڑی دیر بعدڈرون سے چیک کرکے: "جلدی آئیں ، یہ دیکھیں نانگا پربت"
می واز لائک: ان سب کے بغیر بھی تو میں یہی کہہ رہی تھی بھائی 😂😂😂
کچھ فریال نے مجھے ڈرایا ہوا تھا کہ فرخ تیز چلے گا تم اس کا ساتھ دینے کے چکر میں تیز چل کر اپنا حال خراب نہ کرلینا۔ مجھے بھی فرخ کی لمبائی سے یہی امید تھی کہ میرے دو قدم اس کے ایک قدم کے برابر ہونگے۔ اورمیں چار ممبرز کی ٹیم میں اکلوتی ہیروئن اور سب سے سلو تھی۔ تینوں نوجوان اور تیز قدم۔ لیکن فرخ نے مجھے اکیلا نہیں چھوڑا۔ کبھی میرے ساتھ، کبھی مجھ سے بھی پیچھے اور کبھی مجھ سے آگے نکل جاتا اور ایک ڈیڑھ کلو میٹر آگے جا کر بیٹھ جاتا، جہاں سے ہم دونوں کو ایک دوسرے کی ٹوپیاں نظر آتی رہتیں اور میں فرخ کی ٹوپی کو مرغ باد نما یا سنگ میل سمجھ کر چلتی رہتی، اس کے پاس پہنچ کر سانس لیتی اور پھر آگے چل دیتی یا فرخ مجھے آگے ہانک دیتا اور خود بیٹھا کتاب پڑھتا رہتا۔ پھر کافی دیر بعد اٹھتا اور مجھے کراس کر کے آگے جا کر میرا انتظار کرتا رہتا۔ کہیں کوئی کریویس یا اونچائی یا گہرائی ہوتی تو اس کے کنارے پر میرا انتظار کرتا رہتا، مجھے کراس کروا کر پھر آگے چل دیتا۔ ٹریک کے اینڈ پر جب اسے اطمینان ہوجاتا کہ میں فائنلی پہنچ جاؤں گی تو علی بھائی گائیڈ یا کسی اور پورٹر کو میری نگرانی پر چھوڑ کر کیمپ سائیٹ کو چل دیتا۔
مجھے پورے ٹریک پر بس یہی شرمندگی رہی کہ فرخ میری وجہہ سے اپنی رفتار سے نہ چل سکا، اپنی ٹریکنگ نہ انجوائے کرسکا۔ تیسرے اور چوتھے بندے کو تو ہماری فکر ہی نہیں تھی، کہ ہم کہاں ہیں، اب تک کیوں نہیں پہنچے۔ وہ دیگر مہمات کے فرنگی ساتھیوں کے ساتھ چلتے تھے۔ ہم باقیوں سے تین چار گھنٹے لیٹ کیمپ سائیٹس پر پہنچتے، ایزی ہوتے، تھوڑا آرام کرتے، کچھ کھاتے پیتے اور پھر ایک طرف کو چل دیتے۔ کسی چٹان پر ڈیرا لگاتے۔ فرخ اپنا ڈرون اڑاتا یا موبائل کو ٹائم لیپس پر لگاتا یا بیٹھا کتاب پڑھتا رہتا، میں پاس بیٹھی اس کا سر کھاتی رہتی، اپنے گانے فل والیوم پر لگا دیتی ۔ پر اسے کتاب نہ پڑھنے دیتی یا اٹھ کر ادھر ادھر چل دیتی۔
"فرخ مجھے نیچے پانی میں پیر ڈالنے ہیں۔"
"پانی بہت نیچے ہے "
" مجھے نہیں پتا، میں نیچے جارہی ہوں۔
میں اگر سیٹی بجاؤں گی تو ریسکیو آجائے گی ناں"
"ہاں آجائے گی"
اور میں نیچے چل دیتی۔
یا پھر ہم بیٹھے اپنے اپنے بچوں کو یاد کرتے، میں بچوں کو یاد کرتی اور فرخ کاکا کے بہانے بھرجائی کو یا ہم ادھر ادھر کی باتیں کرتے رہتے۔ فرخ کو باتیں بنانی آگئی ہیں لیکن وہ ابھی بھی خاصا انٹروورٹ ہے۔ بات شروع کرے گا آدھی بات بتائے گا اور بندے کو تجسس میں ڈال کر درمیان میں بات روک دے گا۔ بندہ پچھے بھائی بات نہیں بتانی تو شروع کیوں کرتے ہو۔ فرخ کے بارے میں ایک نئی دریافت یہ ہوئی کہ فرخ کا میوزیکل ٹیسٹ میرے جتنا ہی بدذوق ہے۔ مطلب اس نے میرا "اصلی والا" میوزک کلیکشن خاصا انجوائے کیا۔ یا پھر اور کوئی آپشن نہیں تھا اس کے پاس۔
اس فرخ نامے میں میرا قصور کم اور ان سب کا زیادہ ہے جنہوں نے مجھے اکیلا چھوڑ دیا۔ میرا ساتھ نہ دیا۔ جب ہم دونوں ہی ایک دوسرے کے ساتھ تھے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی تیسرے کا ذکر درمیان میں آئے۔ اور تیسرا اور چوتھا اس لائق تھے بھی نہیں کہ ان کا ذکر درمیان میں آئے۔ تیسرا تو ہمارے ساتھ جیسے تھا ہی نہیں، بلکہ تائیوانی حسینہ کے گروپ کے ساتھ تھا۔ جبکہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ تھی۔ اور اتنی کوئی "پر رونق" بھی نہیں تھی۔ ہمارا یقین نہیں تو فرخ سے پوچھ لیں 😋😋 اور چوتھا، وہ تو دوسرے دن ہی ہمیں ٹریک سے واپس بھیجنے کے حق میں تھا کہ یہ سلو ہے اسے واپس بھیجو۔ اسے پھر فرخ نے "ٹھیک" کر دیا 😂😂
ٹریک کے دوران ایک مرحلے پر کسی پورٹر نے میرے اور فرخ کے بارے میں کسی غلط اینگل سے کچھ کہا۔ میں نے اسے کہا "اوو ہیلوووو یہ میرا بھائی ہے۔ " آگے سے فرخ کہتا ہے "اور یہ میری بھائی ہیں، ایکچوئلی ہم دونوں ایک دوسرے کے بھائی ہیں۔"
"Brothers in Arms" |
پھر اس کے گھر میں جو ہمیں پروٹوکول ملا، جیسے بڑی بہنوں کو ملتا ہے، پروٹوکول ایسے ہی نہیں ملتا جب تک بھائی اپنے گھر میں آپ کا تعارف بہنوں والا نہ کروائیں اور ہم نے بھی بڑی نندوں والا پورا پروٹوکول وصول کیا۔ اور اتنے تھکے ہارے کرتے بھی کیا۔ اللہ بھرجائی کو خوش رکھے۔