جھولہ کیمپ سائیٹ
ہم اشکولے سے صبح 7:30 پر چلے اور ساڑھے تین بجے جھولہ پہنچے، جبکہ باقی سارے ہم سے پہلے 12 بجے ہی جھولہ پہنچ چکے تھے۔ جھولہ کیمپ سائیٹ دریا کے دوسری جانب ہے، اشکولے سے آنے والا ٹریک دریا کے اس طرف ہے ، آپ جب اس موڑ پر پہنچتے ہیں جہاں سامنے جھولا کیمپ سائیٹ نظر آرہی ہوتی ہے تو دل کو بڑی تسلی ملتی ہے کہ بس جی کیمپ سائیٹ آگئی۔ لیکن اس کیمپ سائیٹ تک پہنچنے کے لیے آپ کو تقریباً تین چار کلومیٹر کا چکر لگا کر دریا پر بنے برج پر سے یو ٹرن لینا پڑتا ہے۔ تب کہیں جاکر کیمپ سائیٹ پہنچتے ہیں۔ کیمپ سائیٹ اشکولے سے کچھ بہتر ہے۔ باتھ روم اور واش رومز بھی بنے ہوئے ہیں۔
جھولہ کیمپ سائیٹ پچھلی طرف سے |
ہم نے چائے بسکٹ کھائے ، کچھ دیر آرام کیا، اپنے کیمپس میں سامان محفوظ کیا اور ایوننگ واک پر نکل پڑے۔ کیمپ سائیٹ سے آگے ایک پہاڑی نالہ تھا۔ اس نالے میں شام کو گدلہ پانی، صبح سویرے نو پانی اور لیٹ مارننگ میں صاف پانی آتا تھا۔ ہم نے کچھ دیر پانی کے درمیان میں ایک چٹان پر تشریف فرما ہوئے، جتنی دیر میں فرخ نالے میں اپنی ٹوپی دھوتا رہا، جو پتا نہیں دھل کر صاف ہوئی یا مزید گندی ہوگئی کیونکہ اس وقت گدلا پانی آرہا تھا۔ کچھ دیر میں لگا کہ پانی تیز ہورہا ہے اور ہمارا اس وقت بہہ کر دریا میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا سو ہم دونوں سب سے ہٹ کر آگے ایک فلیٹ چٹان پر جا بیٹھے۔ بلکہ جا لیٹے نیم گرم چٹان نے کچھ تھکن میں آرام دیا۔ تھوڑی بہت فوٹوگرافی کی۔ کچھ دیر میں اندھیرا ہونے لگا تو واپس لوٹ آئے تاکہ جنریٹر سے موبائل چارج کرلیے جائیں۔
ہاں اسی موڑ پر اس جگہ بیٹھ کر، ہم نے پانی پیا تھا |
جھولہ کیمپ سائیٹ پر پتا چلا کہ تائیوانی حسینہ کے ساتھ دو اور فرنگی بھی ہیں ایک تو سوئیس بانکا تھا اور دوسرا ایک امریکی سیٹھ جو تائیوانی حسینہ کا بوائے فرینڈ تھا۔ اور ان کا ہی گائیڈ ایک اور پاکستانی ہنی مونی کپل کو بھی ساتھ لے جارہا تھا گویا ایک ساتھ دو گروپ یا ایک گروپ جو دو حصوں میں تقسیم تھا، کیونکہ پاکستانی مومنین ہنی مونئین نے کافروں کے ساتھ کچن شئیر کرنے سے انکار کردیا تھا اور گائیڈ کو ہر کیمپ سائیٹ پر دو کچن ٹینٹ لگانے پڑتے اور دو جگہ کھانا پکوانا پڑتا تھا۔
تائیوانی حسینہ اور اس کا گروپ تو پھر بھی ہمیں مطلب ہمارے گروپ کو کچھ نہ کچھ لفٹ دے دیا کرتے تھے لیکن پاکستانی مومنین نے ہمیں بالکل بھی لفٹ نہ کروائی۔ اور اس کی سزا انہیں اگلے روز ملی جب ان کا ایک خچر ان کے سامان سمیت دریا برد ہوگیا۔
🐎 ⛺ ⛰ ⛺ 🐎
پہلا حصہ فرخ نامہ
دوسرا حصہ آلموسٹ سولو
تیسرا حصہ ابھی لکھا نہیں
چوتھا حصہ اشکولے کیمپ سائیٹ
پانچواں حصہ ندارد