Friday, June 14, 2019

K-2 | Coz THEY are There - VIII

 پائیو کیمپ سائیٹ


پائیو کیمپ سائیٹ ایک کاروان سرائے ہے۔ روز صبح نو بجے سے کوئی نہ کوئی گروپ اپ یا ڈاؤن ٹریک پائیو پہنچتا ہے جسے پہلے سے مقیم لوگ ایسی نظروں سے دیکھتے ہیں کہ یہ بھی آگئے ہیں حصہ بٹانے کو اور نوواردان سوچتے ہیں کہ ہیں یہاں یہ بھی ہیں پہلے سے۔ یہ کیوں ہیں، یہاں پرائیویسی کیوں نہیں۔ اور ہر روز تڑکے ان میں سے چند گروپ آگے یا پیچھے روانہ ہوجاتے ہیں۔ عموماً آگے کیونکہ اردوکس سے واپس ہونے والے یہاں ٹھہرے بغیر جھولا چلے جاتے ہیں۔

پائیو ایک واشنگ ایریا بھی ہے۔ جھولا سے ٹریک کر کے آنے والے ایک دن ریسٹ کرتے ہیں، نہاتے ہیں، کپڑے دھوتے ہیں، سن باتھ لیتے ہیں ۔ ارد گرد ہوا خوری کرتے ہیں۔ واش رومز جب بنے تھے تب بہت اچھے ہونگے۔ اب بھی چار دیواری تو ہے اور وہی کافی ہے کہ چاہیے بھی وہی ہوتی ہے۔ فرخ تو سویے سویرے نہا دھو آیا۔ ہم نے صرف سر اور کپڑے دھونے پر اکتفا کیا۔

اگلا دن پائیو میں ریسٹ ڈے تھا۔ ریسٹ ڈے ویسے بنتا نہیں تھا لیکن میرے پاؤں کے چھالوں کی وجہ سے ریسٹ ڈے کرنا پڑا۔ کچھ کل کا ٹریک بھی لمبا تھا ۔ہنی مونی جوڑے اور تائیوانی حسینہ کے گروپ نے تو راستے میں لنچ پوائنٹ پر بریک کیا اور آج صبح پائیو پہنچے۔دھوپ بہت تیز ہے اس لیے ٹرینگو ٹاورز کی جھلک دیکھنے تین بجے کے بعد جائیں گے۔ ۔ اس وقت میں ایک درخت کے تنے پر پیر لٹکا کر بیٹھی ہوں، نوید کے گانے سن رہی ہوں اور سمیرا کو یاد کر رہی ہوں۔ پیچھے لنچ کی تیاریاں چل رہی ہیں۔

"علی بھائی اس پیک کا کیا نام ہے؟"
" اس پیک کا کوئی نام نئیں ہے۔ "
"کیوں اس کا کوئی نام کیوں نئیں ہے" 
"ہم 7/8 ہزار سے چھوٹی پیکس کا نام نئیں رکھتے۔ یہ آپ کے لیے پہاڑ ہے، ہمارے لیے یہ پہاڑی ہے"
سوئس ٹریکر: " یہ پہاڑ ہماری ساری اونچی ترین پیکس سے اونچے ہیں اور تم لوگ ان کا کوئی نام نہیں رکھتے۔"
علی بھائی: 😂😂😂😂😂😂😂

ابھی تک کے دونوں ٹریکس گرم ترین اور دونوں کیمپ سائیٹس نارمل ٹمپریچر کی ہیں۔ اب آگے بیافو کراس کرنے کے بعد شاید سردی ہو۔ پہلے دو دن کی ٹریکنگ میں لان کے کپڑے لازمی ہیں ورنہ بندے کا تیل نکل جان۔جوتے بھی بریدایبل ہوں۔ ٹریکنگ شوز کے بجائے اچھی گرپ والے ہوادار جوتے یا سینڈلز ہوں۔ ٹریکنگ شوز نے میرے پیروں کا ناس مار دیا۔ چھالوں کے علاوہ جیسے انگلیاں گل گئی ہوں۔

ہماری کیمپ سائیٹ کے سامنے ایک قوس کی صورت پہاڑوں کی رینج ہے جس کے آغاز اور اختتام پر نوک دار پیکس کے دو کیتھڈرل ہیں۔ سامنے دو برف پوش چوٹیاں ہیں جن کے نام کسی کو نہیں معلوم۔ کیمپ سائیٹ سے تھوڑا آگے چل کر ایک بڑی ساری چٹان ہے۔ جس پر ہم دونوں کا ڈیرہ ہوتا ہے۔ 

پائیو کیمپ سائیٹ سے ذرا آگے ہماری شاہی چٹان کے سامنے بائیں جانب کا منظر
فرخ شاہی چٹان پر بیٹھا ڈرون اڑاتا رہا اور موبائل سے ٹائم لیپس بناتا رہا۔ میں اس سے ریکسیو کی یقین دہانی حاصل کر کے نیچے دریا کی طرف اتر گئی کیونکہ مجھے دریا میں پیر ڈالنے تھے۔ نیچے اترتے ہوئے میں مجھے ایک مارخور کا سینگ ملا جسے ایک دراڑ میں محفوظ کر کے میں نیچے اتر گئی ۔ پانی میں پیر ڈالے لیکن کوئی بیٹھنے کی جگہ نہ تھی، اور پانی میں زیادہ دیر کھڑے ہونے سے یا تو پاوں فریز ہوجاتے یا پانی ہمیں اپنے ساتھ لے جاتا اس لیے کچھ دیر میں واپسی کو چل پڑے۔ مارخور کا سینگ اٹھایا، اوپر پہنچی تو فرخ میری تلاش میں نیچے آنے ہی لگا تھا کہ آپا کہیں بہہ تو نہیں گئیں۔

مار خور کا سینگ دیکھ کر علی بھائی اور پورٹرز نے حوصلہ شکنی کی کوشش کی کہ اسے لے جا کر کیا کرے گا لیکن ہم نے اسے اپنے رک سیک میں محفوظ کر لیا۔ لیکن وہ لوگ اپنے ارادے میں کامیاب ہو ہی گئے۔ مار خور کا سینگ کنکورڈیا تک میرے سامان کے ساتھ ساتھ رہا لیکن کنکورڈیا سے جی جی لاء کراس کرنے کے لیے تمام فالتو سامان اور فالتو پورٹر کنکورڈیا سے سیم روٹ واپس کر دیے جاتے ہیں صرف لا کراس کرنے والے اور ان کا ضروری سامان آگے جاتا ہے۔ کنکوردیا سے واپس آنے والے ہم سے پہلے اسکردو پہنچ جاتے ہیں اور اس طرح ہم کہیں اور سامان کہیں۔ 

سامان ہم سے کہیں پہلے اسحاق بھائی کے دفتر پہنچ گیا، نہ پہنچا تو ہمارا سینگ، جب ہم نے واپس اسکردو پہنچ کر اپنا سینگ کلیم کیا تو پتا چلا کہ وہ تو پورٹر کے گھر پر ہے ، وہ بعد میں اسحاق بھائی کو دے گا، وہ جب بائی روڈ اسلام آباد آئیں گے تو وہ فرخ کے دفتر پہنچا دیں گے، اور فرخ سے وہ ہم لے سکیں گے اور بائی روڈ کراچی لے جاسکیں گے۔ اور ہم بائی ائیر اسے کراچی لے جا بھی نہیں سکتے، وائلڈ لائف والے ہمیں غیر قانونی شکار اور اسمگلنگ میں دھر لیں گے۔ وغیرہ وغیرہ

لیکن یہ سب طفل تسلیاں تھیں۔ انہوں نے ہمارے سینگ پر ناجائز قبضہ کرنا تھا۔ کیونکہ بعد میں ان سب نے مل کر اتنی لمبی اسٹوری بنائی کہ وہ سینگ اسحاق بھائی کے دفتر میں پڑا تھا تو وہاں وائلڈ لائف کا چھاپا پڑگیا اور الٹی مصیبت پڑ گئی۔ ہمیں اس اسٹوری پر ایک فیصد بھی یقین نہیں۔ ہمیں یہ پتا ہے کہ ہمارا سینگ انہوں نے زبردستی قبضہ کر لیا کیونکہ وہ بہت بڑا اور خوبصورت سینگ تھا۔ اللہ انہیں پوچھے اور جس کے پاس وہ سینگ ہے اللہ کرے اس کے سر پر ایک سینگ اگ جائے۔

🐏 🐏 🐏 🐏 🐏 🐏

پہلا حصہ فرخ نامہ
دوسرا حصہ آلموسٹ سولو
تیسرا حصہ ابھی لکھا نہیں
پانچواں حصہ ندارد
ساتواں حصہ جھولہ ٹو پائیو