Thursday, June 13, 2019

K-2 | Coz THEY are There - IV

اشکولے کیمپ سائیٹ

ڈے ون: 
[ایکچوئلی نائیٹ ون۔ کیونکہ ہم مغرب کے وقت اشکولے پہنچے تھے۔ پہلا دن تو جیپ کے سفر میں گزرا تھا۔ جس کی روداد ابھی قلمبند ہونی باقی ہے۔]

ہمارا خیال تھا کہ ہم اسکردو سے نکلیں گے اور بس کھلی ہوا میں کیمپنگ شروع ہوجائے گی۔ اشکولے کیمپ سائیٹ کے بارے میں ہمیں گمان تھا کہ یہ ایک اوپن ائیر کیمپ سائیٹ ہوگی جہاں ہم صبح اٹھ کر اپنے خیمے کا دروازہ کھولیں گے تو برف پوش چوٹیاں سیدھی ہمیں سلامی دینے ہمارے ٹینٹ میں گھسی چلی آئیں گی۔
اشکولے کیمپ سائیٹ اگلی صبح کچن ٹینٹ

لیکن اشکولے کیمپ سائیٹ پہنچ کر ہمارے ارمانوں پر اوس پڑگئی۔ کبھی کسی زمانے میں یہ کھلی کیمپ سائیٹ ہوتی ہوگی۔ لیکن اب رضیہ غنڈوں میں اچھی طرح گھر چکی ہے بلکہ تقسیم در تقسیم ہوچکی ہے۔ اشکولے کے باسیوں نے ڈھلوان زمین کے بڑے بڑے قطعات کو میرا تیرا کی بنیاد پر بانٹ کر انہیں چار دیواریوں میں قید کررکھا ہے۔ اور سائے کی غرض سے ان میں درخت لگا دیے ہیں جو سایہ تو فراہم کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی منظر تباہ کردیتے ہیں۔

جب ہم پہنچے تقریباً مغرب ہورہی تھی۔ خیمے تان کر سامان محفوظ کر کے ہم اور فرخ اشکولے کی اکلوتی پگڈنڈی پر واک کو نکلے۔ پانچ منٹ میں کھیتوں تک جا پہنچے ایک دوتصاویر لے کر واپس ہولیے۔ اندھیرا ہوچکا تھا۔ اشکولے کی گنتی کی چند دکانوں سے ٹوتھ پیسٹ، سن گلاسز اور زپ خرید کر واپس کیمپ سائیٹ کی قید میں پہنچ گئے۔ اندھیرا ہوچکا تھا، ایک اور ٹیم تائیوانی حسینہ سمیت وارد ہوچکی تھی اور ہمارا "یہودی" ساتھی تائیوانی حسینہ کو متاثر کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا تھا۔

ٹوتھ پیسٹ ہمارے لیے فرخ کے خرچے پر لیا گیا تھا۔ کیونکہ یہ پہلے ہی طے تھا کہ ایک بندہ ٹوتھ پیسٹ لائے گا، اور وہ بندہ فرخ ہوگا، برش اپنا اپنا، اپنا ایک چشمہ ہم دیوسائی پر توڑ چکے تھے اسے ری پلیس کیا۔ اور زپ کا فرخ نے کیا کیا یہ ہم نہیں بتا رہے کیونکہ بقول فرخ ہم اسے بدنام کیے جارہے ہیں۔ تو جس میں ہمت ہے خود فرخ سے پوچھ لے 😂😂 اورظالم نے ہمارے یاد کرانے کے باوجود لوٹا نہیں لیا۔
⛰ ⛰ ⛰ 🗻 🗻 🗻 ⛺ ⛺ ⛺

پہلا حصہ فرخ نامہ 
دوسرا حصہ آلموسٹ سولو