کیا واقعی۔۔ زندگی میں شاید کوئی ایک رشتہ یا ایک شخص ایسا ہو جس کے لیے یہ بات فٹ بیٹھتی ہو۔ ورنہ زیادہ تر لوگ تو آپ کو محبت کر کر کے مار ڈالتے ہیں۔
آپ کی پیدائش کے فوراً بعد آپ کے والدین، دادا ، دادی، نانا ، نانی اور ارد گرد کے سارے رشتے دار آپ کے ساتھ وہی سلوک کرتے ہیں جو ہیجڑے نے اپنے نومولود کے ساتھ کیا تھا۔ جی ہاں محبت میں آکر آپ کو اتنا چوما ،چاٹا جاتا ہے کہ اللہ کی پناہ۔
ایک تو آپ پہلے ہی ایک انتہائی پرسکون، تقریباً ساونڈ پروف، نمی نمی چھاں والی نرم گرم دنیا سے ایک تقریباً نقارخانے میں ڈائریکٹ لینڈ کرنے پر حواس باختہ ہوتے ہیں۔ تیز روشنی، تیز ترین آوازیں جو آپ کے کان میں سوراخ کرنے کے درپے ہیں۔، گرمی میں آپکو ایک گرم کمبل میں لپیٹ دیا گیا ہے، اور آپ احتجاجاً ہسپتال کے باہر موجود رکشے کی آوازوں سے مقابلے پر اترے ہوئے ہیں۔ اس گہما گہمی میں پر شخص آپ کو 92 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی کی طرح اچکنے کو تیار ہے، ہر شخص پر فرض کردیا گیا ہے کہ وہ آپکو چٹاخ پٹاخ پیار ضرور کرے، خواہ آپکو کتنا ہی ناگوار کیوں نہ گذرے۔