Saturday, June 13, 2015

کتا کانفرنس

جی ہاں وہی پطرس بخاری والے کتے، آپ کو کبھی رات گئے کتا کانفرنس سننے کا اتفاق ہوا ہے، اگر آپ ایک متوسط علاقے میں یا اشرف المخلوقات میں سے مخلوقات کے علاقے میں رہتےہیں تو ضرور یہ اتفاق ہوا ہوگا ۔ کتا کانفرنس کا اصول یہ ہے کہ محلے کے سارے کتے اچانک آدھی رات کو ایک ساتھ بھونکنا شروع کر دیتے ہیں ۔ سب ایک دوسرے کو سنا رہے ہوتے ہیں ۔ اور کوئی کسی کی سن نہیں رہا ہوتا۔ عوام کے پلے کچھ نہیں پڑتا، الٹا نیند خراب ہوتی ہے۔ بھلا کوئی پوچھے کہ تم جس پر بھونک رہے ہو اسے خود بھی بھونکنا آتا ہے۔ تو تم نے اس پر بھونک کر کیا کمال کیا۔


Friday, June 12, 2015

ایڈ جسٹ منٹ

اماں تو چلی گئیں پر سب سے مشکل کام تھا کہ فاطمہ کو کیسے بتایا جائے اور سمجھایا جائے۔ ایک دن ابو نے پہلے بڑے دادو کو دادی پھپھو کے گھر سے آسمان پر پہنچایااور ستارہ بنا دیا ۔ اسطرح بڑے دادو کوچ کرنےکے تقریباً دو سال بعد ستارہ بن گئے ۔ بڑا والا ستارہ، جو ہماری چھت پر مغرب کی سمت نظر آتا ہے۔ 

پھر ابو نے اماں کو ستارہ بنانے کی کوشش کی تو آنکھوں میں موٹے موٹے آنسو بھر آئے، 

" کیا ہماری اماں اب کبھی واپس نہیں آئیں گی ؟" ابو اماں کو ستارہ بناتے بناتے رک گئے۔

Thursday, June 4, 2015

پہلوٹھی کی گاڑی

پہلوٹھی کی گاڑی ، مکران کوسٹل ہائی وے پر
آپ کی پہلی گاڑی بالکل پہلوٹھی کےبچے کی طرح ہی عزیز ہوتی ہے۔ پہلوٹھی کا بچہ سب کی آنکھ کا تارہ ہوتا ہے، اسکی ایک ایک ادا پر پورا گھر نثار ہوتا ہے، وہ ہنسے تو سب ہنس دیں اور وہ منہ بسورے تو سارا گھر پریشان ۔ اس کے ہر طرح کے لاڈ اٹھائے جاتے ہیں ۔نئے نئے کپڑے، جوتے، کھلونے لائے جاتے ہیں ۔اگر ماں اس کو ڈانٹ دے تو دادا دادی اور نانا نانی کے ہاتھوں اس کی شامت۔ بیمار ہوجائے یا بلاوجہ رونا شروع ہوجائے تو نظر جادو ٹونا، سب پر یقین آجاتا ہے خواہ آپ پکے مسلمان ہی کیوں نہ ہوں ۔ ۔ کبھی نظر اتاری جارہی ہے ، کبھی صدقہ دی جارہا ہے، علاج میں تعویز گنڈے بھی در آتے ہیں۔

Tuesday, June 2, 2015

کہ آتی ہے اردو زبان آتے آتے

اپنی زبا ن جو ہم بحق پیدائش استعمال کرنے کے عادی ہیں ، الفاظ کیسے بنے ، اصطلاحات کہاں سے آئیں اور جملے کی تعمیر میں کون سی خوبیاں اور خامیاں مضمر ہیں ان پر تو ہم کبھی غور ہی نہیں کرتے ۔ یہ تو ہمیں اپنی اماں سے ورثے میں ملی ہے مطلب باپ کا مال ہے جیسے چاہے خرچ کرو۔ لیکن جب کہیں اسے ٹرانسلیٹنے کا موقع آئے تو عام سے الفاظ خاص بن جاتے ہیں ۔ اور خاص الفاظ بہت آم ۔

عام سے جملوں کی تعمیر کی خوبیاں اور خرابیاں آپ سے کوئی پوچھ لے تو آپ منڈی جھکا کر دل کے آئینے میں تصویر یار دیکھنے میں مگن ہو جاتے ہیں کہ کبھی اردو گرامر پر تو دھیان دیا ہی نہیں تھا ۔ آپ کے اپنے افعال ماضی، حال میں افعال موذی بن کر آپ کو ڈرانے لگتے ہیں ۔

Friday, May 29, 2015

بجٹ کی بہاریں

پہلے تو ہمیں سمجھ ہی نہیں آیا کہ ہو کیا رہا ہے ۔ آخر شہر اس قدر تیزی سے کیونکر ترقی کر رہا ہے ۔ بھلا یہ کوئی انصاف ہے کہ جن رولر کوسٹر رائیڈز کو انجوائے کرنے کے شوق اور امید میں ہم ہر صبح گھرسے دفترعازم سفر ہوتے تھے ظالموں نے انہیں اچانک خاک نشیں کر دیا تھا۔ سڑکوں پر کھدے نقش و نگار جن کے درمیان ہم زگ زیگ ڈرائیونگ کی پریکٹس کیا کرتے تھے ان پر نئی قالین کاری کر دی گئی۔ اب کوئی بتائے کہ

محبت ہو گئی جن کو وہ دیوانے کہاں جائیں
مطلب ۔۔ اپنا ناشتہ ہضم کرنے :P

Sunday, May 24, 2015

لاہور ای لاہور اے :P

آجکل زمبابوے کی کرکٹ ٹیم اسلامی جمہوریہ پنجاب کے دورے پر ہے .. ٹیم صرف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی سارے میں سارے میچ کھیل کر واپس اپنے ملک روانہ ہو جائے گی.
اس سے پہلے چین کے صدر اسلامی جمہوریہ پنجاب کے دورے پر تھے جس کا دارالحکومت لاہور ہے .جس کے بارے میں پہلے مشہور تھا لہور لہور ہے ... اب کہتے ہیں 

لاہور ہی لاہور ہے

بس :P

پی ایس: نواز شریف کی یہ ریکارڈ ہے کہ یہ کسی بین الاقوامی مہمان کو کراچی نہیں آنے دیتا بھلے یہاں قائد اعظم ہوں۔ انکا اتنا ہی کام تھا کہ وہ مسلم لیگ چھوڑ جائیں اور یہ اس کے انڈے بچے سہتے رہیں ۔

Thursday, May 14, 2015

حج فارم میں مسلک کا کالم اور شعیہ سنی تفرقہ: حقیقت یا فسانہ

بطور تعلیم یافتہ ذمہ دار شہری ہمیں اختلاف برائے اختلاف سوشل میڈیا پر زہر پھیلانے کے بجائے کسی بھی فیصلے یا عمل کا پس منظر جاننے کی کوشش کرنی چاہیے۔ درج ذیل معلومات نیک نیتی کی بنیاد پر شئیر کی جارہی ہیں ۔ [دروغ بر گردن راوی]۔

آجکل سوشل میڈیا پر حج فارم میں مسلک کے کالم پر شدید اعتراضات کیے جارہے ہیں اور اسے تفرقہ پھیلانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ عامر لیاقت حسین پاکستان کے وزیر مذہبی عمور رہ چکے ہیں ۔ ان کے مطابق :

"
حج فارم میں جس ’’کالم‘‘ پر شدید اعتراض کیا جا رہا ہے اُس کی سفارش اہل تشیع کے ممتاز عالم مفتی جعفر حسین مرحوم نے کی تھی اوراِس کا ایک سبب نہیں بلکہ کئی اسباب ہیں جو بالکل درست ہیں…

1۔پہلا سبب یہ ہے کہ فقہ جعفری کی رو سے مَحرم کی شرط شیعہ حضرات کےلئے نہیں ہے اِسی لئے یہ خانہ انتہائی ضروری ہے تاکہ شیعہ خواتین اس سے مستثنیٰ قرار پائیں…