محبوب، ، ، ہر وہ ہستی جس سے آپ کی اٹیچمنٹ آپ کا لگاو بے لوث ہے، جس کے بغیر آپ کو زندگی زندگی نہ لگے آپ کا محبوب ہے۔ جس کے درد پر آپ کی آنکھوں میں آنسو آجائیں، جس کی خوشی پر آپ اس سے زیادہ ہواوں میں اڑتا محسوس کریں۔ چاہے اس سے آپ کا رشتہ کچھ بھی ہو یا کوئی بھی رشتہ نہ ہو۔
محبت کیا ہوتی ہے اس کا احساس مجھے مووی "اقبال" دیکھ کر ہوا۔ ایک نامور کرکٹر بننے کا خواب تعبیر کرنے کے لیے ایک گونگے لڑکے کی جدو جہد ۔ جس میں اس کی چھوٹی بہن خدیجہ ہر لمحہ اس کے ساتھ ساتھ ہوتی ہے۔ اپنے والد کے غصے سے اسے بچاتی ہے، ایک سابق کرکٹر سے اپنے بھائی کی ٹریننگ کے لیے لڑ پڑتی ہے۔ اس کی زندگی بس اپنے بھائی کی خواہش کو پورا کرنے کے ارد گرد گھومتی ہے۔
اس دوران ایک مرحلے پر جس وقت اس کے گونگے بھائی کو کرکٹ اکیڈمی سے نکال دیا جاتا ہے اور اس کا کرکٹر بننے کا خواب اس وقت آلموسٹ خاک میں مل چکا ہوتا ہے۔اس وقت اس کی اپنی مایوسی اپنی جگہ لیکن اس کی بہن جس کی زندگی کا واحد مقصد اپنے بھائی کا خواب تعبیر ہوتے دیکھنا ہوتا ہے اس کی ناامیدی، مایوسی، دکھ، آنکھوں میں ابلتے ہوئے آنسو۔ آپ اس کی اپنے بھائی کے لیے بے لوث محبت پر اپنے آنسووں پر قابو رکھ ہی نہیں سکتے۔
میرے لیے ان دونوں بھائی بہن کی محبت اس لیے بھی اہم ہے کہ میری بھی اپنے بھائی کے ساتھ ایسی ہی اٹیچمنٹ تھی۔ اور آج جب وہ نہیں ہے تو مجھے ہر وہ گانا جو شاعر نے اپنے محبوب کے لیے لکھا اور فلم میں کسی ہیرو یا ہیروئن نے اپنے محبوب کی جدائی میں گایا ، مجھے لگتا ہے وہ صرف اور صرف میرے دکھ کو بیان کرنے کے لیے لکھا گیا ہے۔
میرے لیے یہ مووی اقبال سے زیادہ خدیجہ کی کہانی ہے اگر خدیجہ کو نکال دیں تو فلم میں کچھ بھی نہیں رہ جاتا۔
💖💖💖