اگر کوئی ہم سے پوچھے کہ ہماری فیورٹ ترین بچوں کی مووی کون سی ہے تو ہمارا جواب ہوگا برادر بئیر 2۔ یہ برادر بئیر موویز کے تسلسل میں دوسرا حصہ ہے لیکن پہلا حصہ نہ بھی دیکھا ہو تب بھی برادر بئیرز 2 اپنے آپ میں ایک مکمل مووی ہے۔ اس کے گرافکس اور مناظر اس قدر خوبصورت ہیں کہ دیکھ کر دل خوش ہوجاتا ہے ، جب فاطمہ چھوٹی تھی تو ہم دونوں یہ مووی بلا ناغہ دیکھا کرتے تھے ۔ مہینوں ہم نے یہ مووی روزانہ دیکھی ہے اتنی کہ زبانی رٹ گئی تھی۔
کینائی، کوڈا اور نیتا کی کہانی ۔ کینائی کو کہانی کے پہلے حصے میں کوڈا کی ماں کو مار دینے کے جرم میں دیوتاوں نے بھالو بنا دیا ہے اور کوڈا کی پرورش کی ذمہ داری اس پر ڈال دی گئی ہے، جب کینائی لڑکا تھا تب اس نے اپنی دوست نیتا کو ایک لاکٹ پہنایا تھا۔ اس لاکٹ کی موجودگی میں نیتا کی شادی نہیں ہوسکتی۔ جب تک وہ لاکٹ اسی مقام پر جہاں وہ پہنایا گیا تھا وہیں پہنچ کر اس لاکٹ کو جلا کر بھسم نہین کیا جاسکتا تب تک نیتا کی شادی کسی اور سے نہیں ہوسکتی۔
لیکن کینائی تو بھالو بن چکا ہے، لہذہ بھالو سے بات کرنے کے لیے جادوگرنی نیتا کو بھالووں کی زبان سمجھنے کی صلاحیت دے دیتی ہے ، نیتا جنگل میں کینائی سے ملتی ہے اور پھر وہ اس غار کی طرف سفر شروع کرتے ہیں جہاں کینائی نے وہ لاکٹ نیتا کو پہنایا تھا، کوڈا ان کے ساتھ ساتھ رہتا ہے۔ راستے میں انہیں طرح طرح کے جانور ملتے ہیں اور واقعات پیش آتے ہیں، رفتہ رفتہ کینائی کی دوستی اور توجہ کوڈا سے نیتا کی طرف منتقل ہوتی جاتی ہے۔ اور کوڈا خود کو تنہا محسوس کرنے لگتا ہے۔
ہم مہینوں یہ مووی روز دیکھتے رہے۔ ایک روز جب کہانی اس موڑ پہ پہنچی جہاں کوڈا پیچھے رہ جاتا ہے اور نیتا اور کینائی آگے چلے جاتے ہیں اور کوڈا پیچھے غمگین بیٹھا ہوتا ہے، اچانک سائڈ سے سبکیوں کی آواز آئی۔ ہم نے جو مڑ کر فاطمہ بی کو دیکھا، آنکھیں آنسووں سےلبریز اور آنسو بہنے کو تیار ۔۔
ہیں ،،، فاطمہ ،، بیٹے کیا ہوا۔
بس یہ کہنا تھا اور فاطمہ بی نے بھوں بھوں کر کے رونا شروع کردیا۔
پھپھو یہ چھوٹے بھالو کو چھوڑ کر اس لڑکی کے ساتھ کیوں چلا گیا۔ وہ اکیلا رہ گیا ہے ناں
ارے تو ہم روز تو یہ مووی دیکھتے ہیں ناں ، آخر میں سب مل کر ہنسی خوشی رہنے لگیں گے ناں
بڑی مشکلوں سے فاطمہ کو چپ کروایا۔اس روز تین سالہ فاطمہ کو پہلی بار کسی اور کے لیے ہمدردی محسوس ہوئی، کہ اگر کوئی کسی کو چھوڑ کر کسی اور سے دوستی کرلیتا ہے اور پرانے دوست کو نظر انداز کردیتا ہے تو یہ تکلیف دہ بات ہوتی ہے۔ جب تک ہم بچے ہوتے ہیں کتنے خالص ہوتے ہیں، اور جیسے جیسے بڑے ہوتے جاتے ہیں چہرے اور فیلنگز پر ماسک چڑھاتے جاتے ہیں۔
💝💝💝💝💝