جب ہماری اماں اور بھاوج سونی، زی اور اسٹارپلس پر نشر ہونے والے ساس بہو کے ڈرامے دیکھ دیکھ کر اپنی اپنی سسرائیلی خصوصیات پالش کررہی تھیں مطلب چھریاں تیز کررہی ہوتی تھیں تب ہمارا یعنی ہمارا اور بھائی کا فیورٹ چینل سونی گروپ آف کمپنیز کا سب چینل ہوتا تھا جس پر صرف اور صرف کامیڈی سوپ سیزنز نشر ہوا کرتے تھے ۔ ان ہی سیزنز میں سے چند ایک سیزنز جو ہم اور بھائی مل کر دیکھا کرتے تھے ان کا تعارف پیش ہے ۔۔
میں کب ساس بنوں گی
یہ ساس اور بہو کی تین نسلوں پر مشتمل فیملی کامیڈی تھی جس میں ساس اپنی بہو کو بہت نچائے رکھتی ہے اس سے خدمتیں کرواتی ہے، پیر دبواتی ہے، اور جب بھی بہو آرام کے موڈ میں ہوتی ہے تو اس کی ساس ایک زور دار اور لمبی آواز لگاتی ہے "بہووووووو" اور وہ بے چاری دوڑی جاتی ہے ۔
بہو کی بڑی آرزو ہوتی ہے کہ اس کی بھی ایک بہو ہو جس سے وہ ایسی ہی خدمتیں کروائے اور اسے ایسے ہی بہو کہہ کر پکارے ۔۔ جب اس کی بہو آتی ہے تو اس کی ساس اس کی بہو کے ساتھ دوستانہ لگا لیتی ہے اب جب بھی بہو ساس بن کر اپنی بہو کو کوئی حکم نامہ جاری کرتی ہے اس کی خود کی ساس آگے سے اپنا کوئی حکم نامہ جاری کردیتی ہے اور بہو بے چاری اپنی آرزوئیں دل میں دبا کر رہ جاتی ہے ۔۔ اور یہی سوچ کر رہ جاتی ہے کہ میں کب ساس بنوں گی۔
لاپتہ گنج
ایک گاوں کے سیدھے سادھے لوگوں کی کہانی ، بے وقوفی کی حد تک معصوم، ایک دوسرے کی زندگی میں کافی سے زیادہ مداخلت کرنے والے اور ایک دوسرے کے لیے جان دینے کے لیے تیار قسم کے لوگ ۔۔ اس کی اسٹوری مجھے بہت زیادہ یاد نہیں لیکن اس کا ایک کردار بہت مزے دار تھا جو ہر بات کے آخر میں ایک اس سے بالکل الٹا جملہ کہتا تھا۔ جیسے کسی نے پوچھا کہ چاچا کیا آپ روزانہ ریلوے اسٹیشن جاتے ہیں تو وہ جواب میں کہتا ہاں لیکن کبھی کبھی نہیں بھی جاتے ۔ میرے بھائی کو یہ جملہ بہت پسند تھا وہ اکثر کسی نہ کسی بات پر ایسے ہی الٹا جواب دے دیا کرتا تھا۔ کبھی میں اسے ڈانٹتی کہ تو ہمیشہ ایسے ہی کرتا ہے تو وہ جواب میں کہتا کبھی کبھی نہیں بھی کرتے ہیں اور میری ہنسی چھوٹ جاتی۔
بھوت والا سیریل
یہ ایک کامیڈی ہارر سیریل تھا ایک گھر میں ایک انسانی فیملی رہتی تھی اور ساتھ ہی ایک بھوت فیملی ، ایک ماتا جی بھوتنی ، ایک بھوت پتا جی، ایک ان کی بیٹی کٹیلی جو پوری چھپن چھری تھی۔ ہر وقت مٹکتی رہتی اور ایک ان کا بیٹا۔ ان سب کا گاہے بہ گاہے انسانی فیملی سے بھی انٹرایکشن رہتا اور وہ خاصے ایونٹ فل قسم کے انٹرایکشنز ہوتے تھے ۔ ان کی بھوتنی ماتا جی ہر بات کے آخر میں کہتیں "ہمارے بھوتیانے میں تو ایسے نہ ہووے"
لو ہوگئ پوجا اس گھر کی
یہ ایک لڑکی کی کہانی تھی جو جھوٹ بول کر اور ٹیوٹر بن کر ایک فیملی میں شامل ہوجاتی ہے جہاں ایک عدد بوا جی اپنے میاں جی سے ناراض ہوکر میکے بیٹھی ہوتی ہیں اور ان کے میاں جی کو شاہ رخ خان بننے کا خبط ہوتا ہے ۔۔ ہم یہ سیریل اس لڑکی پوجا کے چکر میں دیکھا کرتے تھے کیونکہ پوجا کا رول کچھ کچھ ہوتا ہے میں انجلی کا رول ادا کرنے والی بچی نے ادا کیا تھا، جو اب بڑی ہوچکی تھی ۔۔ کیونکہ وہ ایکچوئلی ٹیوٹر نہیں تھی لہذہ اس کی ٹیوشن کلاسز میں بڑے بڑے گھپلے ہوا کرتے تھے۔
ایف آئی آر
یہ ہمارا فیملی فیورٹ تھا کیونکہ اس میں جو خاتون تھانیدار تھی وہ ہمارے روہتک کی مخصوص زبان بولتی تھی اور صرف روہتکی ہی نہیں بولتی تھی، مکمل طور پر روہتکی تھی، جس کو جب چاہے جھانپڑ لگا دیتی ، زیادہ تر مصیبت اس کے اپنے تھانے کے سپاہیوں گوپی اور گلگلے کی آتی تھی بے چارے مار بھی کھاتےاور میڈم کی خوشامد بھی کرنی پڑتی۔ لڑکی بڑی ہی پپو تھی، اکثر اوقات کراچی کی حد تک گلیوں میں بنے ہوئے زیادہ تر بیوٹی پارلرز کے باہر جو موٹی موٹی آنکھوں والی ایک دلہن کی تصویر لگی ہوتی ہے وہ اسی کی ہوتی ہے ۔ خود محترمہ اپنے ہی ایک کولیگ پر فدا ہوتی ہیں لیکن ایک آدھ جھانپڑ اس بے چارے کو بھی پڑ جاتا تھا ۔
طارق مہتہ کا الٹا چشمہ
یہ شاید سب چینل کا سب سے لمبا چلنے والا سیریل ہے جو ابھی تک چل رہا ہے۔ یہ ڈرامہ دوہزار آٹھ یا نو میں شروع ہوا تھا ۔ قاہرہ جانے سےپہلے تک میں نے بڑی پابندی سے دیکھا جیٹھا لال، دیا ، بابو جی ، ہاتھی بھائی ، سوہنڑی سنگھ، آتما رام بھیڑے، ببیتا جی ، آئیر ، ٹپو اینڈ آف کورس طارق مہتہ اینڈ کمپنی ۔۔ شروع میں یہ ڈرامہ واقعی بہت مزےدار تھا ایک بلڈنگ میں رہنے والے سارے لوگ کس طرح ایک دوسرے سے کنیکٹ ہوجاتے ہیں ایک دوسرے کے سانجھی بھی اور ایک طرح سے ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہوئے بھی۔ اور ان سب کے درمیان بہت ساری کھچ کھچ اور بہت ساری کامیڈی سچویشنز
لیکن سب چینل نے اسے بہت لمبا کھینچ دیا ، بہت سارے اداکار درمیان میں نکل گئے ، اور دوسرے اداکاروں نے ان کے کرداروں میں آنا شروع کردیا پھر کچھ نئے کردار شامل ہوگئے لیکن ان سب کے باوجود سب چینل کے بیسٹ کامیڈی سیریلز میں طارق مہتہ کا الٹا چشمہ ٹاپ فائیو سیریلز میں شامل رہے گا۔
یہ تو ہوئے ہمارےفیورٹ کامیڈی سیریلز۔ اب آپ بتائیے آپ کے فیورٹ کامیڈی شوز کون کون سے ہیں ؟
📺📺📺📺📺