آج تک ہم نے آپ کو ان حضرات کے اسکرین شاٹس دکھائے ہیں جو ہم سے دوستی کے خواہشمند ہیں لیکن ہم جو اپنے تئیں ایک مس ورلڈ ہیں انہیں لفٹ نہیں کرواتے۔ آج آپ کی ملاقات تین ایسے حضرات سے کرواتے ہیں جن کو ہم نے تھوڑی بہت لفٹ کروائی لیکن نتیجہ نکلا ڈھاک کے تین پات۔
ایک بھائی صاحب، حلیے سے جماعتی ٹائپ۔ بیگم نقاب میں ہوتی ہیں۔ دونوں ایک بک ریڈنگ فورم پر ہوتے ہیں۔ ہمیشہ پڑھی لکھی باتیں کرتے تھے، پڑھے لکھے کوٹ شئیر کرتے تھے۔ مزاح کا اچھا ذوق رکھتے تھے، مزے دار فقرے چست کرتے تھے ان سے اچھی بات چیت تھی ایک دن انہوں نے فرینڈ ریکویسٹ بھیجی وہ شرموشرمی قبول کرنی پڑی کہ اتنی بات چیت ہے۔ اب جو ان کے کہیں کہیں سیاسی اور انٹرنیشنل پیجز پر کمنٹس نظر آنے شروع ہوئے۔ اتنے شرمناک قسم کے کہ اللہ کی پناہ۔