فیض کے خطوط سرفراز کے نام
ایک خوبصورت کتاب۔ عموماً خطوط کے مجموعات میں صرف خطوط جمع کردیے جاتے ہیں اور زیادہ کریں تو ایک حرف آغاز لکھ دیا جاتا ہے ان خطوط کے بارے میں مختصر سا تعارف دینے کے لیے یہ مجموعہ اس طرح سے مختلف ہے کہ سرفراز اقبال اپنی اور فیض کی "دوستی" کی داستان پہلی ملاقات بلکہ پہلی فون کال سے شروع کرتی ہیں اور اس داستان میں جہاں جہاں رابطہ ٹوٹا اور فیض کو خط کا سہارا لینا پڑا وہاں اس داستان میں خط کا متن درج کردیا گیا ہے۔ اس طرح ہر خط کا پس منظر پڑھنے والے پر واضح ہوتا جاتا ہے ۔
مجموعی طور پر یہ فیض و سرفراز کی لوو اسٹوری ہی ہے۔ ایک دو خطوط ابن انشاء اور سبط حسن کے بھی شامل ہیں لیکن حرف مدعا فیض و سرفراز ہی کی کہانی کا ایک صفحہ ہے ۔یہ نظم سرفراز کے مطابق فیض صاحب نے ان کے اعزاز میں لکھی تھی اور پہلی بار انہیں ہی خط میں لکھ بھیجی تھی۔