Thursday, February 19, 2026

جنریشن الفا، اردو اور ہماری خواہشیں

بچے اردو پڑھنے سے کتراتے ہیں، ابا نے ڈیوٹی لگائی کہ بچوں کو ایک گھنٹہ اردو پڑھانے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ بچے صبح سے دوپہر اسکول اور تین سے چھ تک ابا سے پڑھنے اور سات بجے قران کلاس کے بعد پڑھنے کے نام سے ہی بدکتے ہیں۔ اب آٹھ سے نو انہیں مزید پڑھانے کے لیے اسکول کی اردو/ اسلامیات کی کتب سے اردو پڑھانا تو بالکل ہی آوٹ آف کوئسچن تھا۔ ایکسپو سے خریدی ہوئی کتب میں ایک کتاب تھی "چچا چھکن نے تصویر ٹانگی" اسے پڑھ کر بچے ہنسی سے لوٹ پوٹ ہوجاتے تھے۔
بس پھر ہم نے سوچا کہ یہی کیا جائے، کہ بچوں کو کہانیاں پڑھائی جائیں اور ہم نے بچوں کے لیے اردو کا گھریلو نصاب ترتیب دیا۔ ہم یہ کرتے ہیں کہ بچے پڑھتے جاتے ہیں، نئے الفاظ کا تلفظ ہم ساتھ ساتھ بتاتے جاتےہیں اور مشکل اور نئے الفاظ اور اصطلاحات انڈر لائن کرتے جاتے ہیں۔ پڑھنے کے بعد ہم نئے الفاظ کے معنی کی وضاحت کرتے ہیں اور مزید مشکل یا فارسی الفاظ اور اصطلاحات کے معنی ریختہ یا گوگل پر دیکھتے جاتے ہیں۔

فاطمہ تو اب کافی سے زیادہ ادبی اردو کے اظہاریے پڑھ بھی لیتی ہیں اور سمجھنے بھی لگی ہیں، خط بھی صاف اور خوبصورت ہوگیا ہے۔ التبہ نقطے، ڈنڈے اور ط وہ بھی کھا جاتی ہیں۔ حسن بھائی البتہ ابھی تلفظ میں لڑکھڑاتے ہیں لیکن ریڈنگ رواں ہوگئی ہے لکھنے میں البتہ ابھی تک ان کی جان جاتی ہے اور املاء کی بہت زیادہ غلطیاں ہوتی ہیں۔ خط بھی بہت زیادہ "حسین" ہے ۔۔ لیکن کوششیں جاری ہیں۔

اب تک ہم جو کتب کور کرچکے ہیں :

الف لیلیٰ

چہار درویش

چچا چھکن  پڑھتےہوئے سوچا شاید پی ٹی وی نے اس پر بھی کوئی ڈرامہ بنایا ہوگا۔ سرچ کرنے پر کچھ کارٹون اور کچھ اسٹیج ڈراموں کی ویڈیوز یو ٹیوب پر ملیں۔ چچا چھکن اگر پی ٹی وی نے بنایا ہوتا تو جمشید انصاری اس کردار کو بہت شاندار طریقے سے ادا کرتے۔ البتہ ضیا محی الدین نے چچا چھکن پڑھ کر ان کہانیوں کو امر کردیا ہے۔

ملا نصرالدین

علی بابا چالیس چور

سند باد جہازی میں بچوں کو اعتراض تھا کہ دنیا میں اتنے جزیرے ہیں بھی نہیں جتنے جزیروں پر سند باد جا کر پھنس جاتا ہے۔
 
الہ دین کا چراغ

حاتم طائی پڑھتے ہوئے فردوس جمال اور فائزہ حسن چھم سے ہماری آنکھوں کے سامنے آکھڑے ہوتے ہیں۔ پی ٹی وی نے حاتم طائی نامی ڈرامہ بچوں کے لیے بنایا تھا جس میں فردوس جمال نے حاتم کا اور فائزہ حسن نے شہزادی حسن بانو کا کردار ادا کیا تھا۔ اور بہت خوب کیا تھا تب ہی تو ہمیں آج تک یاد ہیں۔

بھائی بھلکڑ

ملادو پیازہ

شیخ چلی

اول جلول

ٹوٹ بٹوٹ

چچا تیز گام

ٹارزن

عمرو عیار اور امیر حمزہ ابھی پڑھنی باقی ہیں۔ چچا جمعراتی، حاجی بغلول اور چچا بھلکڑ  کی تلاش میں ہر سال ایکسپو جاتے ہیں۔

یہ کوششیں تیسری جماعت سے جاری ہیں کاکا چھٹی کلاس میں آگیا ہے لیکن ابھی بھی اس کی اردو بہت ہی کمزور ہے املا اور خط دونوں بہت ہی خراب ہیں۔ ایک پیج املا لکھنے میں دس سے پندرہ غلطیاں کرتا ہے۔ سوال کو ساوال ، جواب کو جاواب، سن کو سون ، ابل کو اوبل وغیرہ، نقطے اوپر نیچے کردیتا ہے، ک اور گ کے ڈنڈے کھا جاتا ہے۔ س ث اور ص کو مکس کردیتا ہے، ہ، ح اور ھ کی غلطیاں کرتا ہے، نقطے اوپر کے نیچے، نیچے کے اوپر یا پھر غائب ہی کردیتا ہے۔

میں کہانیاں پڑھواتی ہوں۔ کہانیوں میں سے مشکل اور نئے الفاظ انڈر لائن کروا کر بعد میں ان پر ڈسکشن کرتےہیں۔ مشکل الفاظ لکھنے کی مشق کرواتی ہوں۔ اردو خوش خطی کی ورک بک پر لکھواتی ہوں۔ ایک صفحہ کتاب سے دیکھ کر لکھواتی ہوں۔ درست املا یاد کروانے کے لیے ملتے جلتے الفاظ کی مشق کرواتی ہوں جیسے صرف، اصراف ، مصروف تاکہ یاد ہو کہ ان سب میں ص استعمال ہوگا وغیرہ وغیرہ، کبھی وائٹ بورڈ پر لکھواتی ہوں۔ کبھی نوٹ بک میں۔

لیکن سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بچے اردو پڑھنے کے لیے راضی نہیں ہوتے۔ اس لیے ہر مشق کی مزاحمت کرتے ہیں۔ انہیں موبائل/ ٹیب/ اسکرین کے علاوہ کسی چیز سے دلچسپی نہیں۔ ان کو اردو پڑھنے لکھنے پر مائل کیسے کیا جائے۔ کیا ہو جو ان کے لیے دلچسپ ہو۔ جو توجہ مرکوز کرنے میں مدد گار ہو ۔ کیا کوئی ایسی ورک شیٹس /بک لیٹس مارکیٹ میں ملتی ہیں جن میں بچوں کو ایک جیسے ملتے جلتے ہجوں/املاء/شکلوں اور آواز والے الفاظ لکھنے کی مشقیں موجود ہوں جن پر اسے مشق کروائی جاسکے۔ وہ پری میچور پیدا ہوا تھا مجھے لگتا ہے کہ اس میں سیکھنے کی صلاحیت بھی کومپرومائزڈ ہے۔ کیونکہ وہ انگریزی میں بھی بی کو ڈی ، پی کو کیو بنا دیتا ہے۔

آئی وش کہ کوئی سر پھرا، اردو کا دیوانہ کوئی ایسی گیم نما ایپ بنا دے جو بچوں کو درست اردو املا پر پوائنٹس دے، جملہ درست مکمل کرنے پر بونس پوائنٹس دے۔ آسان الفاظ کے املا سے مشکل الفاظ کے املا تک لے جائے ، ملتے جلتے الفاظ کی مشق کروائے۔ الفاظ کی گردان کروائے، بالکل ویسے ہی جیسے بچے گیمز میں جیتنے اور پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے گھنٹوں اسکرین پر بیٹھے رہتے ہیں ویسے ہی اس اردو گیم پر وقت "ضایع" کریں اور اردو سیکھ سکیں۔ ان کا نشہ بھی پورا ہوتا رہے اور اردو بھی آجائے۔

 بچوں کی اردو بہتر کرنے کے لیے ہر قسم کے ٹپس اور آئیڈیاز کے لیے پیشگی شکریہ