Friday, September 18, 2026

طلعت حسین | ایک خراج تحسین

"حسینہ کوبلائیے 
بٹھائیے سمجھائیے
کہ ملک کی سب بچیاں
ہیں دال دال کچیاں

سسر کو تھپڑ مار کر
دیوار گھر کی پھاند کر
کبھی بھی بھاگتی نہیں
ابھی بھی جاگتی نہیں
۔ ۔ ۔ ۔
 ۔ ۔ ۔ ۔ 
یہ پی ٹی وی ایوارڈ ہے
ڈیزائن اس کا آڈ ہے"

پی ٹی وی کی بیسیوں سالگرہ کے موقعے پر یہ نظم معین اختر نے ضیاء صاحب کے انداز میں پڑھی تھی۔ اس میں جس لڑکی کے دیوار پھاندنے کا ذکر ہے وہ خالدہ ریاست تھیں اور ڈرامہ تھا حسینہ معین و محسن علی کا بندش [سسر کو تھپڑ مارنے والی نیلوفر علیم تھیں]۔ آج کل ہمیں خالدہ ریاست کا دورہ پڑا ہوا ہے۔ لہذہ ہم آج کل بندش دیکھ رہے ہیں خالدہ ریاست کا حسن، شوخی اورشرارتیں تو اپنی جگہ ہے لیکن طلعت حسین کی وجاہت اور اداکاری نے ہمیں تقریباً کلین بولڈ ہی کرڈالا

یہ ڈرامہ غالباً ہمارے ہوش سنبھالنے سے پہلے کا ہے یا پھر محلے میں ٹی وی کی آمد سے پہلے کا۔ بہر حال ہمیں تو اگر ایمانداری سے پوچھا جائے تو طلعت حسین ڈرامہ سیریل ہوائیں کے ستم زدہ قیدی کے طور پر یاد ہیں یا پھر اکا دکا کردار جن میں انہوں نے کسی وکیل یا ڈاکٹر کا غیر مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ جس وقت یہ ڈرامہ نشر ہوا تھا بلکہ جس وقت ٹی وی کی محلے میں آمد ہوئی تھی اور طلعت حسین کے بطور ہیرو ڈرامے آتے تھے تو اس وقت ہماری والدہ اورمحلے کی دیگر خواتین طلعت حسین سے بہت چڑتی تھیں کہ یہ بندہ بہت سست اداکاری کرتا ہے ڈائلاگز کے بیچ میں بہت لمبے لمبے وقفے لیتا ہے وغیرہ وغیرہ۔

لیکن بندش دیکھتے ہوئے احساس ہوتا ہے کہ کیا خوبصورت بندہ تھا اور کیا خوبصورت اداکاری تھی۔ خاص طور پر اس ویڈیو میں 10.20 منٹ سے 11.43 منٹ تک کے اس ٹکڑے میں جو ان کی تاثراتی اداکاری ہے اتنا خوبصورت اقرار محبت ہم نے آج تک کسی ڈرامے یا فلم میں نہیں دیکھا۔

ہیروئن ویسی ہی الہڑ، شوخ، اور بظاہر لاپروہ سی ہے جیسی کہ حسینہ معین کی ہیروئنز ہوتی ہیں، ہیرو کے لاکھ سمجھانے کے باوجود بے وقوفیوں پر بے وقوفیاں کیے جاتی ہے اور اپنا خاصا جذباتی و سماجی نقصان کربیٹھتی ہے۔ ہیرو کو لگتا ہے اس میں سوچنے سمجھنے، اور دوسروں کے جذبات سمجھنے کی حسیں ہیں ہی نہیں سرے سے۔ فائنلی تنگ آکر ہیروئن سے سوال کربیٹھتا ہے کہ "آپ کو میری پریشانیوں کی کیا پروہ ہوسکتی ہے" [اتنے تمیز دار ہیرو ہیروئن بھی اب تو عنقا ہوگئے جو ایک دوسرے کو پہلی سے آخری قسط تک آپ کہہ کر مخاطب کریں]اور ہیروئن کے جواب کے بعد طلعت حسین کے تاثرات💖 ہئے،،، میں تھاں مرجانیاں ہائے۔

ویسے ہیروئن کا مرحوم شوہر عین اس وقت زندہ ہوکر سلیم ناصر کی صورت واپس آگیا ہے جب ہیرو اور ہیروئن ایک پیج پر آچکے تھے۔ [ہمارا ایک اور کرش، لیکن سخت زہر لگ رہا ہے اس وقت قسم سے]

پی ایس: ویسے خالد اور شعیب انکل کے کردار میں دونوں اداکار بھی اپنی جگہ کمال ہیں ۔۔ گو ان کے نام نہیں معلوم۔ کچھ کچھ یاد پڑتا ہے خالد کے کردار کو ادا کرنے والا نوجوان ایک دو ڈراموں کے بعد نوجوانی میں ہی فوت ہوگیا تھا۔ اللہ مغفرت کرے۔


خدا طلعت حسین کی بھی مغفرت کرے۔
-----------------------------------------------
لنک تو یو ٹیوب پر مرحوم ہوگیا آپ یوٹیوب پر بندش حسینہ معین پارٹ 12 تلاش کر کے دیکھ لیں ویڈیو۔ لیکن مزہ اس وقت تک کم ہی آئے گا جب تک شروع سے پورا ڈرامہ دیکھا ہو
-----------------------------------------------
طلعت حسین کے یوم پیدائش پر ایک پرانی تحریر بطور خراج تحسین

📺🎬📺📹📺📼📺