Friday, October 23, 2026

تذکرہ دو مختلف قسم کی موویز کا


گزشتہ ویک اینڈ ایک فلم دیکھ کر عجیب سا محسوس ہوا۔ بظاہر تو ایک ٹپیکل ٹین ایج مووی ہے جس میں چند ٹین ایج لڑکے اور لڑکیاں اٹلی کے مشہور ساحلی سیاحتی قصبے امالفی/امافی میں چھٹیاں گزارنے جاتے ہیں۔ کیونکہ یہ ایک بیچ ویکیشن مووی ہے تو اس میں رج کے ڈھیروں ڈھیر بکنیز، بیچ والی بال، پپیاں جھپیاں ہیں۔ لیکن ہم نے اس مقصد سے یہ مووی نہیں کلک کی تھی۔ ہم اس سے پہلے اٹلی سے متعلق ایک اور مووی "انڈر دی ٹسکن سن" دیکھ چکے تھے جس میں ایک امریکی حسینہ چھٹیاں گزارنے ٹسکنی جاتی ہے یا شاید بریک اپ کے بعد ٹسکنی جاتی ہے اور وہ قصبہ اسے اتنا اچھا لگتا ہے وہاں کے لوگ اسے ایسے بھاتےہیں کہ وہ وہیں رہ جاتی ہے۔ ہم سمجھے یہ مووی بھی اسی قسم کی ہوگی ہمیں کیا پتا تھا اندر سے کچھ اور، اور باہر سے کچھ اور
خیر جب پتا چل ہی گیا تھا تو ہم دیکھتے کیوں رہے ۔ ہیرو بھائی جان کی وجہ سے۔ ایکچوئلی ہیرو کے ساتھ اس کے دوستوں کے علاوہ اسکی گرل فرینڈ بھی ویکیشن پر آئی ہوتی ہے، گرل فرینڈ کی بیسٹ فرینڈ بھی اور ہیرو کی والدہ بھی اور والدہ کے بوائے فرینڈ بھِی اور پیچھے سے والدہ کے سابق شوہر اور ہیرو کے ابا جان بھی پہنچ جاتے ہیں۔ اچھی کھچڑی پکی ہوتی ہے کیونکہ ہر ایک کے کسی نہ کسی دوسرے بندے کے حوالے سے ٹرسٹ ایشوز ہوتے ہیں۔

خیر ہمیں جس بات نے کلک کیا وہ یہ تھی کہ ہیرو نابینا ہے اور ہیروئن بینا، ہیرو اپنا ہر کام خود کرنا چاہتا ہے اور کرتا بھی ہے لیکن اس کی والدہ اسے ابھی تک بچہ سمجھتی ہیں ہر وقت اپنی نگرانی میں رکھنا چاہتی ہیں جبکہ وہ دنیا ایکسپلور کرنا چاہتا ہے اور ان پابندیوں سے تنگ ہے۔ ہیروئن کو اس کے نابینا پن سے کوئی مسئلہ نہین لیکن اسے بھی لگتا ہے کہ کچھ ایکٹیوٹیز میں وہ اس کا ساتھ نہیں دے سکتا ۔

اب وہ ساتھ دے سکتا ہے یا نہیں یہ تو آپ کو فلم دیکھ کر ہی پتا چلے گا لیکن ہم ریلیشن شپس کے اس پہلو پر بہت دیر سوچتے رہے کہ ہم جب بھی کسی مووی کے ہیرو ہیروئن کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہمیشہ دو نارمل انسانوں کے بارے میں سوچتے ہیں جن میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔ بہت کم موویز رومینٹک ریلیشن شپس کے بارے میں بنی ہونگی جہاں ایک پارٹنر نارمل ہے اور دوسرا کسی کمی یا خامی کا شکار ہے۔ اس کمی یا خامی کی بنا پر ان کے ریلیش شپ میں کیا کٹھنائیاں، الجھنیں، شکایتیں، فاصلے پیدا ہوتے ہونگے اور ان کا کیا حل ہوتا ہوگا اس پر ہم نے پہلے کبھی نہیں سوچا۔ 

پہلے بھی ایسی موویز دیکھی ہیں جن میں گونگے یا نابینا کردار تھے لیکن وہ ان کے سماجی مسائل کے بارے میں ہیں انٹرپرسنل ریلیشنز کے بارے میں نہیں ہیں جیسے اقبال مووی ہے جس میں ہیرو گونگا ہے۔ اندھا دھن ہے جس میں ہیرو اندھا ہے یا اندھا پری ٹینڈ کررہا ہے۔ یا ایک مووی میں ہیروئن کے والدین دونوں گونگے ہیں۔ یا ایک انگریزی مووی میں ایک لڑکی کے والدین اور بھائی سب گونگے ہوتے ہیں صرف وہ بات کر سکتی ہے۔ اس مووی نے اسپیشل افراد کے انٹرپرسنل / ریلیشن شپ مسائل کے بارے میں ہمارے سوچ کے نئے در کھولے۔

پھر ہمیں ایک اور ڈاکومنٹری نما مووی یاد آئی۔ "بلائنڈ سائیٹ" جو چند سالوں پہلے دیکھی تھی جس میں تبت کے چند نابینا بچے ایک استاد کے ساتھ ایورسٹ سر کرنے جاتے ہیں ظاہر ہے وہ ٹریک پورا نہیں کرپاتے لیکن یہ ٹریکنگ کا تجربہ ان کی زندگی بدل دینے والا تجربہ ہوتا ہے۔ٹریک کے درمیان سے واپسی کے وقت مجھے ان کے استاد کا ایک جملہ یاد آرہا ہے جو اس قسم کا تھا

"ہم پہنچ نہیں سکے یہ اہم نہیں ہے ہم ایک ساتھ ہیں اور ہم خوش ہیں یہ اہم ہے"


نوٹ: انڈر دی امالفی سن ایک اور مووی کا سیکوئیل ہے وہ ہم نے بعد میں ڈھونڈ کر دیکھی لیکن ہمیں وہ اتنی پسند نہیں آئی۔ اور پریکوئیل دیکھے بغیر بھی اس مووی کا مزہ الگ ہی ہے۔