Friday, June 12, 2026

ہمارے فیورٹ ٹاپ ٹین بالی ووڈ آئٹم سونگز


ناظرین، حاضرین، غائبین، و مشاہدین الکرام

آج پیش ہیں ہمارے فیورٹ گندے گندے گانے یعن دیکھنے میں گندے لیکن سننے میں پسندیدہ گانے

وارننگ : پوسٹ پڑھ لیں لیکن یوٹیوب سرچ اپنے رسک پر کریں، اماں باوہ یا بچوں نے پکڑ لیا گانے دیکھتے تودھنائی ہونے پر ادارہ ذمہ دار نہ ہوگا۔

توناظرین آج باری ہے گندے والے پسندیدہ گانوں کی۔ دیکھیں بھئی ، ہم یہ گانے صرف سنتے ہیں دیکھتے نہیں ہیں۔ اب ان گانوں کی دھنیں ہیں ہی چٹخارےدار تو بندہ کیسے نہ کھنچاکھنچا جائے ان کی طرف مطلب بندے کے کان۔ تو پیش ہیں مسالے دار گانے ۔ آئٹم سانگ کا اس سے بہتر اردو مترادف ہمیں نہیں مل سکا۔
تو اس لسٹ کا پہلا گانا ہے فلم میرے یار کی شادی ہے کا مشہور مسالے دار گانا" شرارہ شرارہ" جو شلپا شیٹھی کی بہن پر پکچرائز ہوا تھا ۔ ویسے ایمانداری کی بات ہے کہ اس وقت یہ گانا خاصہ بے ہودہ لگتا تھا لیکن اب دیکھیں تو بس ٹھیک ہی ہے اتنا بھی کوئی خاص مسالے دار نہیں لگتا، کیونکہ اب اس سے بھی کہیں زیادہ مسالے دار مال دستیاب ہے۔ لیکن اس وقت یہ ہاٹ گانوں میں گنا جاتا تھا۔

دوسرا گانا منا بھائی ایم بی بی ایس کا "دیکھ لے ، آنکھوں میں آنکھیں ڈال دیکھ لے" اتفاق ہے کہ دونوں گانوں میں ایک ہی مظلوم ہیرو ہے۔

تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اوم کارا مووی کے دو گانے " نمک عشق کا" اور " بیڑی جلائی لے جگر سے پیا" ہیں۔ ہمیں پباشہ کبھی اتنی اچھی نہیں لگی جتنی ان دونوں گانوں میں لگی ، پتا نہیں کیوں۔ یہ گانا ہم نے ہر لمبے ٹرپ پر بہت سنا ہے فل والیوم میں۔ اور ووفرز کے ساتھ تو لگتا تھا کہ گاڑی کی چھت ہی اڑ جائے گی ۔

اور آئٹم گانوں کا باپ ہم کیسے بھول سکتے ہیں ، شعلے فلم کا مشہور " محبوبہ محبوبہ" آج بھی اتنا ہی ہاٹ ہے جتنا اس وقت تھا ، ہیلن کے لٹکے جھٹکے دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ ان کی سلٹ اسکرٹ مطلب پھٹی اسکرٹ اب کھسکی کہ تب کھسکی، اچھا سوری ۔ ہم اس وقت بچے ہوتے تھے اور وہ زمانہ وہ تھا جب ہاتھ پاوں اور چہرے کے علاوہ خواتین کی جلد کا کوئی اور ٹکڑا نظر آجانا بہت ہی سنگین قسم کی واہیاتی ہوجاتی تھی اس ماحول میں ہیلن کی ادائیں اور پہناوہ ، ، رام رام، ہے رام ، توبہ توبہ ۔ عموماً یہ گانا آگے فارورڈ کردیا جاتا تھا۔ لیکن یہ ہماری میوزک کلیکشن میں آج بھی ہے۔

نیکسٹ از ایشوریا کا بنٹی اور ببلی فلم سے آئٹم سانگ "کجرارے کجرارے " جس میں وہ اپنے سسر جی کے ساتھ ڈانس فرما رہی ہیں اور ان کا ناکام ہیرو بیٹا بیچ میں دخل در نامعقولات کر رہا ہے۔

اگلا گانا گول فلم کا گانا "بلو رانی کہو تو تمہیں جان دے دیں" یہ اتنا ہاٹ نہ سہی لیکن ہے آئٹم سانگ ہی، گاڑی کو شور شرابہ ، ہلہ گلہ سے بھر دینے والا

فضا فلم کا گانا " مجھے مست ماحول میں جینے دے" کیسے بھول سکتے ہیں ہم

اور صرف تم کا آئٹم سانگ " دلبر دلبر" بندے کے ہوش اڑادیتا ہے ۔ یہ گانا جس زمانے میں آیا تھا ڈجیٹل میوزک شاید نیا نیا آیا تھا۔ میرا بھائی ایک رشتے کے کزن کے ساتھ سی ڈیز لینے رینبو سینٹر گیا ۔ وہاں ایک دکان پر انہوں نے فرمائش کروا کر دو تین بار بڑَے اسپیکرز پر یہ گانا فل والیوم میں سنا۔ بعد میں جب ہم نے خود کمپیوٹر اور سی ڈی پلیئیر وغیرہ لیے اور ڈجیٹل میوزک عام ہوگیا تو وہ خود اپنی بے وقوفیوں پر ہنستا تھا۔ اور اس کا نیا ورزن تو مزید خطرناک ہے۔ لیکن ہمیں اوریجنل چیزیں پسند تو ہم تو اوریجنل ہی سنتے ہیں۔

لاوارث فلم کا گانا

"اپنی تو جیسے تیسے، تھوڑی ایسے یا ویسے
کٹ جائے گی، آپ کا کیا ہوگا جناب عالی"

گانا شاعری کے لحاظ سے طبقاتی ناہمواریوں پر ایک شاندار پیس آف آرٹ ہے۔ دوسرا پیس آف آرٹ اس میں موجود نچنیہ ہے۔ جو صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں کی زندہ مثال ہے۔ لیکن اس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اسے دیکھتےہی نہیں سنتے ہوئے بھی آس پاس نظر مارنی پڑتی ہے۔ 

اس گانے کا پری لیوڈ یعنی تعارفی موسیقی ہمیں اپنے بچپن میں سنے ایک اشتہار کی یاد دلاتی ہے۔ ہمارے ہانی یعنی ہم عمر ارکان کو اصلی پری کا دھاگہ کے ایڈ کی ٹیون یاد ہوگی۔ وہ اشتہار شاید اسی تعارفی موسیقی سے متاثر ہوکر بنایا گیا تھا۔ اس تعارفی موسیقی کی خاص بات یہ ہے کہ اسے آپ سب کے سامنے نہیں سن سکتے۔ کیونکہ اس میں اس کراری نچنیہ نے ایسی غیر پارلیمانی سلگتی ہوئی ہائے اوئی کی آوازیں نکالی ہیں کہ آپ بس اکیلے میں ہی سن سکتے۔ ہمت ہے تو سن کے دکھائیں سب کے سامنے

اور اب لاسٹ بٹ ناٹ دی لیسٹ، ہمارا فیورٹ ترین آئٹم سانگ ۔کوئی ہماری بات سے متفق ہو نہ ہو پر ہمیں دوسو فیصد یقین ہے کہ مغل اعظم کا گانا "موہے پنگھٹ پہ " اس فلم میں بطور آئٹم سانگ ہی شامل کیا گیا تھا، بعد میں انارکلی کو کتنا ہی حجن بی دکھایا گیا ہو لیکن فلم میں ان کا انٹروڈکشن بطور آئٹم گرل ہی تھا۔ یقین نہیں تو ان کی اور ہمنوا خواتین کی چولی اور گھاگھرے کا درمیانی فاصلہ ناپ لیں ۔ اور رنگین ہو کر تو یہ گانا مزید سنگین ہوگیا ہے ۔

تو بتائیے آپ کے فیورٹ بالی ووڈ گندے گندے گانے کون سے ہیں ؟

💃💃💃💃💃