Monday, June 29, 2026

شکیل: ایک ادنیٰ ٹریبیوٹ

شکیل کے انتقال کے موقع پر لکھی گئی ایک تحریر

پی ٹی وی کے اولین ہیروز اور بہترین اداکاروں میں سے ایک اداکار شکیل بھی آج سدھارگئے۔ اگرمیں اپنی ٹیلی وژن کی اولین یادداشتیں کھنگالوں تو افشاں ڈرامہ یاد آتا ہے، ڈرامہ کیا ہے اداکاروں کی ایک پوری کہکشاںہے ۔ شاید افشاں ڈرامے میں پی ٹی وی کراچی سینٹر کے تمام ہی نمایاں فنکاروں اور فنکاراوں نے کام کیا تھا۔ بشمول شکیل۔ جس کے کردار کے ارد گرد پوری کہانی بنی ہوئی تھی۔ بلاشبہ وہ  ایک خوبصورت انسان، وجیہہ شخصیت، اور ورسٹائل اداکارتھے۔
کچھ دن پہلے ہی نئے ڈراموں کے تازہ ترین مشہور ہیرو کے بارے میں کسی سے تذکرہ کرتے ہوئے شکیل کا ذکر آیا کہ نئے اداکار کے ایک دو ڈراموں کی جھلکیاں فیس بک پر دیکھنے میں آئیں ۔ ہر ڈرامے میں ایک سا رول اور ایک سی ہی اداکاری۔ کچھ بھی الگ نہیں ، ساتھ ہی اسے شکیل کی مثال دی کہ سیکنکڑوں ڈراموں میں کردار ادا کیے ہونگے لیکن ہر کردار میں ایک الگ پرسنالٹی نظر آتی ہے کبھی ایسا نہیں لگا کہ یہ تو ویسے ہی لگ رہے ہیں جیسے فلاں ڈرامے میں لگ رہے تھے۔
افشاں ڈرامہ کا ہیرو ہو جو ایک بڑے مقصد کے لیے اپنے گھر بار اور فیملی کو چھوڑ کر ملک سے باہر خوار ہورہا ہوتا ہے یا ان کہی کا متمول اور متذبذب ہیرو، پھر ایک اور ڈرامہ تھا شاہیں جو اندلس/اسپین میں مسلمانوں کے زوال کے دور کی عکاسی کرتا تھا اس میں ایک ہارے ہوے مسلمان شہزادے کا کردار۔ ، انکل عرفی، شہزوری، زیر زبر پیش، انا، چاند گرہن ، آنگن ٹیڑھا کے شریف شوہر کو کون بھول سکتا ہے بھلا ۔ کہیں کوئی ڈپلی کیشن ، نقالی یا کردار کی دہرائی نظر نہیں آتی۔
ہمارے لیے تو پاکستانی ڈرامہ کا تصور بھی شکیل کے بغیر ناممکن ہے اور پاکستانی ڈرامے کی تاریخ بھی شکیل کے تذکرے کے بغیر نامکمل رہے گی۔ وہ اداکاروں کی اس پیڑھی سے ہیں جنہوں نے پاکستانی ڈرامے کی نہ صرف بنیاد رکھی بلکہ ایک ایک اینٹ سے اس کی تعمیر کی اور اسے ایک الگ شناخت دی۔

آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے

Died 29th June, 2023
#DeathAnniversayShakeel 

🎥🎦🎬