Thursday, June 4, 2026

کتے بلی کے بچے

کل اخبار میں ایک خبر نظر سے گزری۔ اندرونی صفحات میں سوشل میڈیا پر وائرل کسی ویڈیو کے حوالے سے خبر تھی جس میں ایک باپ اپنے تین سالہ بچے کو زمین پر پٹخ پٹخ کر مار رہا ہے جس پر عوامی رد عمل کی اطلاع تھی۔ ایسی خبریں پڑھ کر اور ایسے واقعات دیکھ کر دل کانپ اٹھتا ہے۔ اکثر خیال آتا ہے کہ لوگ اپنے بچوں پر کیسے ہاتھ اٹھا لیتےہیں۔ مجھ سےتو اپنے بھتیجا بھتیجی پر ہاتھ نہیں اٹھتا کبھی۔ ایک آدھ تھپڑ بھی نہیں، کجا کہ مارنا اور ایسے اذیتناک طریقے سے مارتے چلے جان۔ وہ بھی تین سالہ بچے کو، ایک تین سالہ بچہ ایسا کیا گناہ یا جرم کرسکتا ہے بھلا کہ اسے ایسے مارا جائے۔
کل یہ خبر پڑھ کر بھی سوچتی رہی، سوچتے سوچتے خیال آیا کہ جو لوگ اپنے بچوں کو ایسے مارتے ہیں انہیں یقیناً اپنے بچوں سے محبت نہیں ہوتی۔ پھر سوچا محبت کیوں نہیں ہوتی تو جواب آیا کہ یہ بچے محبت کی پیداوار نہیں ہوتے۔ وہ کتے بلی کے بچے ہوتے ہیں۔

 جی ہاں درست پڑھا، کتے بلی کے بچے۔ ہمارے معاشرے میں انسانوں کے بچے بھی ایسے ہی پیدا ہوتے ہیں جیسے کتے بلی کے بچے، وقتی جنسی خواہش اور اشتعال کی پیداوار۔ جیسے بلی کتے پر سیزن آتا ہے، اور اس کا نتیجہ چار چھ بلونگڑےیا پلےہوتے ہیں۔ ایسے ہی انسانوں کے اکثربچے، جوڑوں کی اپنی جسمانی خواہش، جنسی بھوک یا ازدواجی ریپ کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

یہ بچے پلان کر کے پیدا نہیں کیے جاتے۔ان کی پریگنینسی رپورٹ پر خوشی کا اظہار نہیں کیا جاتا۔ان کی ماوں کا ریگولر چیک اپ نہیں کرایا جاتا،ان کی پیدائش کا دن گن گن کر انتظار نہیں کیا جاتا،انکے پیدا ہونے پر مٹھائی نہیں بانٹی جاتی ، ان کے لیے کھلونے اور کپڑے نہیں جمع کیے جاتے۔یہ ان چاہے بچے بس ایک دن یونہی دنیا میں آجاتے ہیں۔

 اور ایک کے بعد ایک آتے چلے  جاتے ہیں کیونکہ فیملی پلاننگ تو حرام ہے ۔ جیسے سڑکوں پر کتوں کی تعداد بڑھتی جاتی ہے اسے ہی گھروں اور گلیوں میں گندے میلے، ننگے پنگے بچے جمع ہوتے جاتے ہیں ۔ یہ "ان وانٹڈ چلڈرن" پھر کھانا بھی مانگتے ہیں اور دیگر ضروریات بھی اور اس طرح یہ ماں باپ پر فالتو ذمہ داری بلکہ درد سر بن جاتے ہیں۔ اگر بچے محبت اور شوق کی پیدا وار ہوں تو انہیں پھولوں کی طرح سنبھال کر رکھا جائے، کانچ کے برتنوں کی طرح ان کی دیکھ بھال کی جائے۔ ان کی پرورش، تعلیم اور تربیت پر دن رات ایک کیے جائیں۔

Bottom line: Children should be born out of love and passion instead of marital rape and lust ..!

👶👼💕👧👦


Written in Feb 2022.