جب ہماری اماں اور بھاوج سونی، زی اور اسٹارپلس پر نشر ہونے والے ساس بہو کے ڈرامے دیکھ دیکھ کر اپنی اپنی سسرائیلی خصوصیات پالش کررہی تھیں مطلب چھریاں تیز کررہی ہوتی تھیں تب ہمارا یعنی ہمارا اور بھائی کا فیورٹ چینل سونی گروپ آف کمپنیز کا سب چینل ہوتا تھا جس پر صرف اور صرف کامیڈی سوپ سیزنز نشر ہوا کرتے تھے ۔ ان ہی سیزنز میں سے چند ایک سیزنز جو ہم اور بھائی مل کر دیکھا کرتے تھے ان کا تعارف پیش ہے ۔۔
میں کب ساس بنوں گی
یہ ساس اور بہو کی تین نسلوں پر مشتمل فیملی کامیڈی تھی جس میں ساس اپنی بہو کو بہت نچائے رکھتی ہے اس سے خدمتیں کرواتی ہے، پیر دبواتی ہے، اور جب بھی بہو آرام کے موڈ میں ہوتی ہے تو اس کی ساس ایک زور دار اور لمبی آواز لگاتی ہے "بہووووووو" اور وہ بے چاری دوڑی جاتی ہے ۔
بہو کی بڑی آرزو ہوتی ہے کہ اس کی بھی ایک بہو ہو جس سے وہ ایسی ہی خدمتیں کروائے اور اسے ایسے ہی بہو کہہ کر پکارے ۔۔ جب اس کی بہو آتی ہے تو اس کی ساس اس کی بہو کے ساتھ دوستانہ لگا لیتی ہے اب جب بھی بہو ساس بن کر اپنی بہو کو کوئی حکم نامہ جاری کرتی ہے اس کی خود کی ساس آگے سے اپنا کوئی حکم نامہ جاری کردیتی ہے اور بہو بے چاری اپنی آرزوئیں دل میں دبا کر رہ جاتی ہے ۔۔ اور یہی سوچ کر رہ جاتی ہے کہ میں کب ساس بنوں گی۔
