Friday, July 24, 2026

کچھ انڈر ریٹڈ بالی ووڈ موویز

آج پیش ہے کچھ ہماری فیورٹ انڈر ریٹیڈ بالی ووڈ موویز کا تعارف۔ ہمیں سپر اسٹارز کی موویز کے بجائے ایسی فلمیں زیادہ بھاتی ہیں جن کے اداکار چاہے غیر معروف ہی ہوں یا اداکاروں کی لسٹ میں پہلی کے بجائے دوسری یا تیسری قطار میں ہی آتے ہوں کیونکہ دوسری یا تیسری قطار میں آنے والے اداکار اپنی شہرت اور اپنے اسٹارڈم کے قیدی نہیں ہوتے۔ اور آزادی سے اداکاری کرتے ہیں ایسی اداکاری جس میں وہ اپنے کردار میں سما جاتے ہیں ، گم ہوجاتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے انہیں اسی کردار کی ادائیگی کے لیے پیدا کیا گیا تھا۔

دو دونی چار

ایک مڈل کلاس اسکول ٹیچر جو اپنی سفید پوشی کا بھرم بمشکل قائم رکھے ہوئے ہے،صبح اسکول ، شام کو کوچنگ سینٹر میں پڑھاتا ہے۔ دو بچے جو گھر کے معاشی حالات سے خوش نہیں۔ ایک چھوٹی سی فیملی جن کا فریج ٹھیک کام نہیں کررہا لیکن وہ فرج کے لیے جو پیسے جوڑ رہے ہوتے ہیں درمیان میں پھپھو کے سسرال میں شادی آجاتی ہے جہاں جانا بھی ہے اوقات سے بڑھ چڑھ کر لینا دینا بھی کرنا ہے اور اپنی سفید پوشی کا بھرم بھی رکھنا ہے۔ ایک ایماندار ٹیچر اور ایک پریشان حال سفید پوش باپ کی کشمکش پر مبنی ایک بہترین مووی

تری بھنگا

خواتین کی تین نسلیں اور ان کے درمیان جنریشن گیپ، کشمکش اور مسائل کی کہانی۔ ماں نانی سے خفا اور بیٹی ماں سے ۔۔ نانی جو رائیٹر ہے اپنی بائیوگرافی لکھوا رہی ہوتی ہے جب اسے فالج کا اٹیک ہوجاتا ہے ، وہ کومہ میں چلی جاتی ہے اور اس کی بائیوگرافی ادھوری رہ جاتی ہے۔ پھران کا سوانح نگار ان کی بیٹی اور نواسی کی مدد سے ان کی بائیو گرافی پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ بیٹی جو ایک ایکٹریس اور کلاسیکل ڈانسر ہے اسے اپنی ماں سے بہت شکایتیں ہیں وہ اس کا نام بھی نہیں سننا چاہتی تھی لیکن ماں کے فالج کی خبر سن کر رہ نہیں پاتی اور نواسی جس کے باپ کا کوئی پتا نہیں ہے، جسے اس کی ماں کے ایکٹریس ہونے کی وجہ سے ہمیشہ اسکول کالج میں ایک اچھوت کی طرح ٹریٹ کیا گیا جو اپنے دقیانوسی سسرال کی ہر بات مان لیتی ہے کہ اس کے پیدا ہونے والے بچے کو ایک خاندان کا نام مل سکے جو اسے نہیں مل سکا۔ اس کی اپنی ماں سے الگ شکایات ہیں۔ پھر ہوا کیا اس کے لیے مووی دیکھیے۔

لفٹ بوائے

ایک لفٹ مین کا بیٹا جو پڑھنے میں بھی کچھ کمزور تھا اور بننا بہت کچھ چاہتا تھا لیکن باپ کے اچانک ہارٹ اٹیک کے بعد اپنے باپ کی جگہ لفٹ بوائے کی ڈیوٹی کرنے لگ جاتا ہے۔ اور یہ ڈیوٹی اس کی زندگی بدل دیتی ہے، دن بھر وہ لفٹ بوائے کی ڈیوٹی کرتا ہے اور رات میں بلڈنگ کی مالکہ اسے پڑھانا شروع کردیتی ہے۔ لیکن آگے کیا ہوا ۔۔ یہ جاننے کے لیے خود زحمت کیجیے۔

یہ بیلے

بمبئی کی جھونپڑ پٹی میں دن بھر آوارہ گردی کرنے والے ٹپوری قسم کے دو بچے کسی نہ کسی طرح ایک ڈانسنگ اسکول پہنچ جاتے ہیں جہاں ان کی ملاقات ایک فرینچ بیلے ٹیچر سے ہوتی ہے جسے پتا نہیں کس قسم کی جھوٹی کہانیاں سنا کر انڈیا بلایا جاتا ہے اور وہ یہاں کی گرمی، شور، ادارے کے نان پروفیشنل روئیے سے پریشان ہے اور اسے ڈانسنگ اسکول کے طلباء میں ملتا ہے ایک بدتمیز بچہ جو بیلے سیکھنے پر رضامند ہی نہیں ہوتا لیکن ٹیچر کو اس کا فٹ ورک بھا جاتا ہے اور وہ اسے زبردستی ڈانس سکھانا شروع کردیتا ہے ۔۔ اور پھر اس کی کوششوں اور محنت سے ایک دن وہ بچہ اور اس کا دوسرا ساتھی امریکہ کے ایک بہترین ڈانسگ اسکول پہنچ جاتے ہیں ۔۔ لیکن درمیان میں ہے بہت سا ڈرامہ، بہت سی کامیڈی اور بہت سے پنگے ۔۔ جو آپ کو خود دیکھنے پڑیں گے۔

مسکہ

ایک ایرانی النسل انڈین فیملی کا بیٹا جس کا خواب ایک بالی ووڈ ایکٹر بننا ہے لیکن اس کی ماں چاہتی ہے کہ وہ خاندانی ریسٹورنٹ سنبھالے ۔ جبکہ وہ فلم میں کام کرنے کے لیے اتنا اتاولا ہورہا ہوتا ہے کہ اپنا خاندانی ریسٹورنٹ بیچ کر فلم میں انویسٹ کرنے کو تیار ہوجاتا ہے۔پھر ایک دن آتا ہے کہ وہ اپنے ریسٹورنٹ کو ایک فائیواسٹار ریسٹورنٹ میں بدل دیتا ہے ۔ لیکن کیسے ۔۔ یہ تو مووی دیکھ ہی پتا چلے گا ناں

چوپ اسٹکس

اورنگ آباد سے روزگار کے لیے بمبئی آئی ایک سیدھی سادی لڑکی اور ایک کون مین کی اسٹوری
لڑکی نے اپنی زندگی کی پہلی کار خریدی اور بھگوان کی شکر گزاری کےلیے مندر گئی، اس کی نویں نکور کار مندر کے باہر سے ایک دو نمبر پارکنگ والا لے اڑا۔
کون مین جسے کوکنگ کا شوق ہے اور فارغ وقت میں وہ تجوریوں کے تالے توڑتا ہے۔
لڑکی کو تھانے میں ایک ملزم اس کا نمبر دیتا ہے کہ وہ تمہاری کار ڈھونڈ دے گا، وہ بھی مفت میں
اس مووی میں ٹریفک سگنل مووی کی طرح بمبئی کی ایک اور مافیا کو ایکسپوز کیا ہے کار چور مافیا ، کس طرح کاریں چوری کی جاتی ہیں پھر وہ کیسے غائب کی جاتی ہیں کہاں جاتی ہیں اور فائنلی وہ کس طرح ایک ایک پرزرے کی صورت کھول دی جاتی ہیں۔
لڑکی کو اس کی کار واپس ملی یا اس کے پرزے پرزے ہوگئے اس کے لیے فلم خود دیکھ لیں۔ اور بیچ میں بکرا کیا کررہا ہے یہ بھی پتا لگ جائے گا۔
ہمیں یہ لڑکی بہووووت پسند آتی جارہی ہے معصوم بھولی بھالی سی۔ اور ابھے دیول تو ہے ہی پہلے سے پسند

دو پیسے کی دھوپ ، چار آنے کی بارش

تین ایب نارمل انسان ، تین کردار ،
ایک کال گرل/سیکس ورکر
اس کا معذور بیٹا جو وہیل چئیر سے اٹھ نہیں سکتا
اور ایک ہوموسیکچوئل /گے
جنہیں قسمت اک گھر میں اکھٹا کردیتی ہے۔
بیٹے کو ماں کا پروفیشن نہیں پسند
ماں کے پاس کوئی اور چوائس نہیں
اور گے جسے اس کا پارٹنر اچانک چھوڑ جاتا ہے
بہت ہی مختلف مووی جو آپ کا فیملی کا تصور 180 ڈگری پر کھڑا کردیتی ہے، آپ کو سوچنے پر مجبور کردیتی ہے کہ کیا ایک فیملی ہونے کے لیے آپس میں کوئی رشتہ ہونا ضروری ہے یا تین انسان بغیر کسی ایسے رشتے کے جسے کوئی نام دیا جاسکے ایک بے نام رشتے کے ساتھ بھی ایک فیملی ہوسکتے ہیں۔ کیا تین انسان جو ایک دوسرے کے ساتھ جیسے ہیں جہاں ہیں کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ کمفرٹیبل ہیں، خوش ہیں تو کیا وہ ایک فیملی نہیں کیونکہ وہ اپنے درمیان محبت کو کوئی نام نہیں دے سکتے۔


"ہمیں اب عادت ہوگئی ہے صبح چائےپیتے ہوئے یہ خبریں پڑھنے کی اور پڑھ کر کچھ محسوس نہ کرنے کی"
"It is not this accused that raped the women.. It is the MINDSET that raped the women, it is our NUMBNESS that raped the women"
"Unjust law is not the law at all ..!"
یہ الفاظ ہیں ایک سیریل ریپسٹ کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹتی پانچ دلت خواتین کے وکیل صفائی کے۔
سن دوہزار چار میں ناگپور بھارت میں ایک سیریل رپیسٹ کو عدالت میں پیشی کے موقع پر دوسو سے زائد خواتین نے احاطہ عدالت میں ذبح کرڈالا بلکہ اس کے ٹکڑے کر ڈالے۔ملزم نے دس سال کے عرصے میں ایک دلت بستی سے تقریباً ہر گھر کی ایک عورت کا ریپ کیا تھا۔ جب اس کے خلاف پولیس میں شکایات کی گئیں تو پولیس نے اسے بچانے کے لیے کسٹڈی میں لے لیا جہاں اسے ہر طرح کی سہولت میسر تھی۔
بستی کی دوسو سے زئد خواتین نے عدالت میں پیشی کےدوران اپنے چہروں کو دوپٹے اور ساری کےپلو سے چھپا کر اس پر حملہ کردیا پولس کو جھانسا دینے کے لیے لال مرچوں کا استعمال کیا اور ملزم کو کاٹ ڈالا ۔ مقدمہ چلا اور دو سو سے زائد خواتین نے اس قتل کا اقرار کیا، ابتدائی طور پر چند خواتین کو عمر قید سنائی گئی لیکن بعد میں خواتین کی ایک بڑی تعداد کے قبول جرم کے بعد عدالت نے ناکافی ثبوتوں کے باعث تمام خواتین کو باعزت بری کردیا۔
اسی حقیقی واقعے پر بنی مووی "200 ہلہ ہو" اگر مل جائے تو ضرور دیکھیے ۔

🎥🎦🎫🎼📀📺📹📷📼📻

اسٹوری آف گائیڈ: دیو آنند کی مشہور مووی کی بیک گراونڈ اسٹوری جانیے