Tuesday, December 30, 2014

نوبل پرائز کا حقدار کون

ایک طرف صحنتمد ملالہ ہے ۔ جس کے والدین سر پر سایہ فگن ہیں، جس کے والد کا اپنا اسکول تھا۔ اور وہ والدین کے سائے میں تعلیم کے لیے کوشاں تھی /ہے۔ جس کے ساتھ ساری دنیا کی مدد شامل ہے۔ 

دوسری طرف تھرپارکر کی پولیو زدہ آسو کوہلی ہے، یتیم اور معذور۔ نہ پیسہ ہے نہ وسائل نا کوئی سر پر ہاتھ رکھنے والا۔ ایک وقت کھانے کو ہے تو دوسرے وقت کا نہیں پتہ۔ لیکن خود بھی تعلیم حاصل کی اور اپنے گاوں کے دیگر بچوں کو بھی تعلیم دے رہی ہے ۔ صرف اور صرف اپنے زور بازو پر ۔

----------------------------

پی ۔ ایس: یہاں ملالہ کے صحیح یا غلط کا سوال نہیں ہے۔ وہ ایک علیحدہ بحث ہے

بڑی بڑی گاڑیاں اور منی سی پیں

اگر آپ نے کبھی ہائی ویز پر ڈرائیو کی ہے تو آپ کو بھی یہ تجربہ ہوا ہوگا۔ ہائی ویز پر عموماً بہت ہیوی ٹریفک چلتا ہے ، ٹرالر، ٹرک، ٹینکرز وغیرہ۔ ان کو دیکھنے میں لگتا ہے یہ آپ کی ننھی منی سی گاڑی کو اپنی دم بھی مار دیں تو آپ کا کام تو ہوگیا، لیکن بظاہر خطرناک نظر آنے والے ان ٹرالرز اور ٹینکرز کا اپنا ایک کوڈ آف کنڈکٹ ہے۔ اگر انہیں آپ سے راستہ چاہیے ہو تو یہ ایسے خطرناک ہارن بجائیں گے کہ آسمان پر اڑتے ہوائی جہاز بھی راستہ چھوڑ دیں اور جب آپ ان کو راستہ دی دیں تو آپکے برابر سے گزرتے ہوئے ایک ہلکی سی "پیں" بجائیں گے، یہ ننھی منی سی پیں ان کا شکریہ ادا کرنے کا طریقہ ہے۔ اگر آپ کو ان سے راستہ چاہیے ہو تو پورا ٹنو وزنی ٹرالر آپ کے فقط ڈمر دینے پر آپ کے سامنے آتا آتا واپس اپنی لین میں ہو جائے گا۔

کتابیں

کتابوں سے دوستی بھی انسانوں سے دوستی کی طرح ہوتی ہے. کتابیں انسانوں کی طرح آپ کے قریب آتی ہیں. دھیرے دھیرے ... جب آپ کسی کتاب سے دوستی شروع کرتے ہیں , میل جول بڑھاتے ہیں. کوئی کتاب آپ کو اپنے قریب آنے دیتی ہے. کوئی قریب آکر دور ہوجاتی ہے فاصلہ رکھتی ہے. پھر آپ دوبارہ دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں کوئی کتاب یہ ہاتھ تھام لیتی ۔ہے اور کوئی جھٹک دیتی ہے۔

بعض کتابیں ایسی ہوتی ہیں جن سے لو ایٹ فرسٹ ریڈ ہو جاتا ہے ... ایک بار پڑھ لی تو بس آپ اسکے گرویدہ ہوگئے .. بار بار پڑھنے کو دل کرتا ہے اور آپ پڑھتے بھی ہیں۔

بعض کتابیں آپ بس ایک بار پڑ ھ لیں تو کافی ہے. بعض کو آپ پڑھنا شروع کرتے ہیں لیکن وہ کبھی آپ کی دوست نہیں ہوتیں۔

Monday, December 22, 2014

Women Empowerment

اپنے ادارے کے فیلڈ اسٹاف کے لیے ایک لیکچر کی تیاری کے دوران انٹرنیٹ ریسرچ کرتے ہوئے خیال آیا کہ Women Empowerment کی اردو کیا ہوگی ۔ " خواتین کی خود مختاری" یہ اصطلاح ذرا کرخت یا سخت اردو لگی جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے Women Empowerment کا مطلب یا مقصد مردوں سے مقابلہ کرنا یا ان کو اپنے اشاروں پر چلانا ہو ۔ یہ سوچ کر کہ ایک بہتر اور نسبتاً قریب تر اصطلاح کیا ہو ایک سنجیدہ فیس بک گروپ میں اور اپنی فیس بک وال پر پوسٹ کی کہ ویمن ایمپاورمنٹ کا اردو مترادف کیا ہوگا۔ جو پہلا کمنٹ آیا وہ تھا ، "مردوں کی شامت"، دیگر کمنٹس عورت راج، فی میل ڈامینیشن، عورت کی لگام اس کے ہاتھ میں دینا، مردوں کی قید، غیر متوازن معاشرہ، این جی اوز کا ذریعہ معاش وغیرہ تھے ۔ یاد رہے کہ یہ رائیں مردوں اور عورتوں کی دونوں کی تھیں اور کافی حد تک تعلیم یافتہ خواتین و حضرات کی تھیں۔ ان خواتین میں زیادہ تر وہ خواتین تھیں جو اپنے فیصلے خود کرنے کی عادی ہیں، جو اپنے گھروں میں فیصلہ کن مقام پر فائز ہیں۔ اور ایسے حضرات جو اپنے دفاتر میں اپنی تعلیم یافتہ اور روشن خیال دوسرے الفاظ میں خودمختار خواتین کولیگز کے ساتھ کام کرتے ہیں اور ان سے دوستی پر بظاہر فخر کرتے ہیں ۔ خیر اس ورزش کے نتیجے میں خود مختاریِ خواتین سے بہتر ایک اصطلاح حاصل ہوئی تقویت کاریِ نسواں یا خواتین کو تقویت دینا جو Women Empowerment کے معنی کے نزدیک تر ہے۔

Friday, November 28, 2014

"کم از کم" ایمان والی قوم

حدیث نبوی کا مفہوم ہے کہ جب تم کوئی برائی دیکھو تو اسے ہاتھ سے روکو، ہاتھ سے نہ روک سکو تو زبان سے روکو/برا کہو اور اگر زبان سے بھی نہ کہہ سکو تو دل میں برا جانو، اور یہ سب سے کمزور ایمان کی نشانی ہے۔ یعنی یہ" کم از کم" یہ تو کرو کہ اس سے کراہت کرو تاکہ تم اسے اس برائی میں خود نہ مبتلا ہوجاو یا اس کے عادی نہ ہوجاو اور کم از کم اس کو برا تو سمجھتے رہو۔
ہم نے اس" کم از کم" کو پلو سے باندھ لیا ہے اور ہر معاملے میں بس کم از کم پر تکیہ کر کے بیٹھ جاتے ہیں ۔ یعنی :

Wednesday, November 26, 2014

Reality Check

ہم مزاج لوگ، ہم آہنگ نظریات، واقعات، مضامین، حکایات ہمارے کمفرٹ زون میں شامل ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ ہم بہت بقراط بنتے ہیں، خاص کر جو لوگ ہماری ہر بات پر واہ واہ کرتے ہیں ان سے زیادہ اچھا تو کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا۔

ہمارے علم اور ظرف کا اصل امتحان جب ہوتا ہے، جب ہم کسی متضاد نظریات رکھنے والے شخص کی رائے کو بھی ٹھنڈے پیٹ ہضم کر سکیں۔ 

بہت مشلکل کام ہے، ہے نا

فیس بک ایڈکشن اور اسکا علاج / اعتراف جرم

ڈرگ ایڈکشن کی طرح سوشل میڈیا خاص کر فیس بک بھی ایک خاصہ طاقتور نشہ ہے۔ آپ ارد گرد سے بے خبر اور دور دراز اور بےگانوں سے باخبر رہتے ہیں، لوگوں کے درمیان بیٹھےہوئے ان کے بجائے کسی اور سے باتیں کرنے میں مصروف ہوتے ہیں۔ گھر والے پہلے پہل آپ کو ٹوکتے ہیں پھر رفتہ رفتہ آپ پر فاتحہ پڑھ لیتے ہیں۔ آپ نہ صرف فیس بک پر ہر وقت آن لائن رہتے ہیں بلکہ جب کوئی اور کام بھی کر رہے ہوں تو بھی دھیان موبائل یا ٹیبلٹ کی طرف ہی رہتا ہے کہ کہیں کوئی میسج جواب دینے سے رہ نہ جائے، کوئی نوٹیفیکشن دیکھنے سے رہ نہ جائے، کسی کمنٹ کا جواب دینے سے نہ رہ جائے۔ جیسے اگر کوئی میسج، کمنٹ یانوٹیفیکشن اٹینڈ ہونے سے رہ گیا تو کوئی قیامت شیامت آنے کے امکانات ہوں۔ہر کام کوٹالتے رہتے ہیں کہ ہاں ابھی کرتی ہوں، بس اٹھ رہی ہوں، یہ ایک میسج کا جواب دے دوں، لیکن ایک میسج چیک کرنے کے بعد "من حرامی تے حجتاں ہزار" اور اتنے میں لائٹ چلی جاتی ہے اور آپ کو مزید دوگھنٹے کی چھٹی مل جاتی ہے کوئی اور کام نہ کرنے کی ۔۔۔

Sunday, October 26, 2014

جس تن لاگے وہ تن جانے

ایک" اہل زبان" سیاسی پارٹی کے لمبی زبان والے سیاستدان فرماتے ہیں کہ اگر آج ان کو الگ صوبہ دے دیا جائے تو کل کو افغان مہاجرین بھی صوبہ مانگنے لگیں گے۔ ۔۔ توہمارا اسٹیٹس اس ملک میں افغان مہاجرین کے برابر ہے. یا شاید ان سے بھی کم تر .. انہیں تو اس ملک میں پناہ دی گئی تھی ، مہمان نوازی کی گئی تھی اور ہمارے اجداد تو بنا بلائے ہی چلے آئے تھے ... یہ سوچ کر کہ کیا ہوا جو ان کا علاقہ پاکستان میں شامل نہیں ... وہ تو پاکستان بنانے میں شامل تھے نا ....

Saturday, October 25, 2014

نوحہ گرانِ ماضی

بحثیت قوم ہماری عادات کہن میں سے ایک عادت ہر قسم کے شاندار ماضی کی نوحہ گری بھی ہے ..

کوئی مسلمانوں کی عظمت گزشتہ کی نوحہ گری میں مصروف ہے جب اسلامی خلافت یا سلطنت کی حدیں کہاں سے کہاں تک تھیں تو کوئی آج یورپ و افریقہ کی علمی ترقی کو مسلمان سائنسدانوں کی ایجادات کا آئینہ دکھا رہا ہے کہ تم کیا بیچتے ہو یہ تو ہم تھے جس نے تمہیں سوداگری کی الف بے سکھائی.

Wednesday, October 22, 2014

فن فیصلہ سازی

ہم فیصلہ سازی کے فن سے نا آشنا ہیں۔ یہاں تک کہ ہم نے اپنی زندگی کا سب سے اہم فیصلہ بھی والدین پر چھوڑ دیاتھا کہ ہم پیدا ہوں یا نہ ہوں اور پیدا ہوں تو کب ہوں یا کتنی عمر میں ہوں، بچپن میں ہی پیدا ہوجائیں یا کچھ عقل آنے تک انتظار کرلیں۔ واپسی کے لیے بھی انتظار ہے کہ کب "کوئی" ہمیں واپس بلانے کا فیصلہ کرتا ہے۔

بچپن سے لے کر اب تک ہمارے ہر کام کا فیصلہ فزیبلیٹی کی بنیاد پر ہوتا رہا ہے، اسکول جو پاس تھا اور جس میں محلے کے دوسرے بچے پڑھتے تھے اسی میں داخل کرائے گئے کہ آنا جانا انہی بچوں کےساتھ ہوجائے ۔ کالج بھی جو سب سے نزدیک تھا اسی کا انتخاب اس بنا پر کیا گیا کہ اس وقت کراچی کے خراب ترین حالات میں وہاں سے جان بچا کر بھاگنا سب سے آسان تھا۔ یونیورسٹی کی باری آئی تو ابا نے کہا دیکھ لو اتنی دور کا سفر کر سکتی ہو، آ جا سکتی ہوں تو داخلہ لے لو۔ یعنی میرے بھروسے پہ نہ رہنا اپنی فزیبلٹی خود دیکھ لو۔

حاصل ملاقات: لاہور سے یارقند @ کراچی 19 اکتوبر 2014

ہم جیسے غریب غربا ایک تو خود کو بہت کمتر اورنااہل سمجھتے ہیں .. دوسرا سلیبریٹیز سے بہت مرعوب ہوتے ہیں اور چاہے انکو کتنا بھی پسند کریں اگر وہ سامنے بھی ہوں تو ان کے قریب جانے کی ہمت نہیں کر پاتے, بات کرنا تو اس کے بعد کی بات ہے .. اور فون کرنا اور فون پر بات کرنا تو ناممکنات میں گنتے ہیں.
قبل از یوم گزشتہ ہمارا بھی یہی حال تھا. ہم سمیرہ سے کئی بار یہ گوش گزار کر چکے تھے کہ بھئی سلیبز سے دور کی دعا سلام اچھی .. اور پہلی بار ہم لاہور چاچا جی سے ملنے کے شوق میں کم اور سمیرا سے ملنے کے شوق میں زیادہ گئے تھے.
ہم چاچا جی سے بھی دور دور کی دعا سلام کے حق میں تھے ... پہلی بار جب سمیرا نے چاچا جی سے فون پر بات کروائی تھی تو گھبراہٹ میں کچھ الفاظ حلق میں ہی قیام پذیر ہوگئے اور جو باہر آئے وہ اپنی ترتیب بھول گئے بعد والے لائن توڑ کر آگے آگئے اور آگے والے منہ دیکھتے رہ گئے ان کی باری آئی تو چراغوں میں روشنی نہ رہی. اور کچھ الفاظ تو دوبارہ بھی باری لینے لگ گئے.

Monday, September 8, 2014

Political Romanticism

پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر تین لیڈر ہی ایسے ہیں جو اپنی ساحرانہ شخصیت کی بنیاد پر لیڈر بنے ہیں۔ پہلے بھٹو صاحب، دوسرے الطاف حسین اور تیسرے عمران خان۔ پاکستان کی سیاست میں سیاسی رومانویت پسندی کوئی نیا پہلو نہیں ہے۔ 

میرا سیاست سے پہلا انٹرایکشن بہت کم عمری میں ہوا تھا جو پہلی یاد سیاست سے وابستہ ہے وہ کوئی ایک الیکشن تھے جس میں ایک جانب بھٹو صاحب اور دوسری جانب نو ستاروں والی کوئی سیاسی جماعت تھی۔ محلے کی ساری خواتین باجماعت بھٹو صاحب پر فدا تھیں اور زیادہ تر مرد بھی کیوں کہ مردوں کی زیادہ تعداد مزدور پیشہ تھی۔ صرف ایک خان صاحب کا گھرانہ تھا جو نو ستاروں کی حمایت کرتا تھا۔ الیکشن والے دن ساری خواتین نوستاروں والوں کی ارینج کی ہوئی گاڑی میں بیٹھ کر پولنگ اسٹیشن گئیں اور بھٹو صاحب کو ووٹ ڈال آئیں۔ 

Sunday, September 7, 2014

کہتی ہے تجھے خلق خدا غائبانہ کیا


زبان خلق کو نقارہ خدا سمجھو

زبان خلق کیا کچھ کہتی ہے اس میں سے ہر ایک ا پنی پسند کے نقارے سنتا ہے اور جب اپنی پسند کے نقارے اتنے باآواز بلند اور اتنی تعداد میں بج رہے ہوں تو ان میں سے غیر جانبداری سے ہر نقارے کو سننا اور سمجھنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔

Floods in Pakistan n India's Responsibility

There is a common belief in Pakistan that every year India releases huge waters to Pakistani areas that causes flood.

My opinion is that rivers have water courses set for centuries ... India have built many dams on those routs. These dams are already filled as we usually have no water or very scanty release down streams. Therefore when it rains profusely n Indian dams are full. The extra water takes it natural rout through Pakistan that causes flood as we don't have dams obstructing those routs n can't save this extra waters. It is not India's fault ... it is simple that India can not further stop/store this extra waters, So it flows down to our side.

But my friends insist that India is the monster behind every flood in Pakistan. I asked one of my friends who works as consultant engineer for NESPAK n looks after dams n barrages in the country. His response is as follows:

"Simply jese Mangla dam full hua to hum ne Jhelam ka pani downstream release kr dia ab iska mtlb Pak ne flood create kia kya?? Ni na, isi tarah India ne last week bol dia tha k dams full ho gaye hn ab jo inflow ho ga wohi dam ka out flow ho ga. Hum bewakoof hein India nhi".

Thursday, August 14, 2014

RIP Rationality

ترقی پذیر قوم ہونے کےناتے ہم جذباتیت پر یقین رکھتے ہیں اور ریشنالٹی یا ریشنلزم کا گزر ہمارے قریب سے نہیں ہوتا, اس جذباتیت کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہم اختلاف رائے کو دشمنی کا درجہ دیتےہیں اورہم خیالی دوستی اور اپنائیت قرار پاتی ہے.ہم میں سے ہر ایک کی دنیا میں یا تو فرشتے ہوتے ہیں یعنی اپنے جو ہر غلطی سے مبرا ہوتے ہیں یا پھر شیاطین جن میں کوئی خوبی ہو ہی نہیں سکتی. بس ہمارے دوستوں اور دشمنوں میں حضرت انسان کی کمی ہمیشہ رہتی ہے جو خوبیوں اور خامیوں کا مرکب ہے۔۔

طفل مکتب

فاطمہ پورے گھر کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا چاہتی ہے, وہ چاہتی ہے کہ جیسا وہ کہے جیسا وہ چاہے سب ویسا ہی کریں. اگر نہ کریں تو ناراض ہوجاتی ہے, خوب غصہ کرتی ہے. کیوں کہ اسے لگتا ہے کہ اسکی یہ کائنات(گھر) صرف اور صرف اسکے لئے تخلیق کی گئی ہے. اسکی خواہشات و ضروریات کو پورا کرنے کے لئے. اسکے گرد گردش کرنے کے لئے. جب اسکی یہ توقع پوری نہیں ہوتی تو ناراضگی اور تلخی کا اظہار کرتی ہے.

ہم سب میں ایک فاطمہ پوشیدہ ہے, ایک ساڑھے تین سال کا بچہ. کسی نہ کسی حد تک ہم میں سے ہر ایک اسی گمان میں رہتا ہے کہ یہ دنیا اور اسکے اسباب بس میرے ہی لئے تخلیق کئے گئے ہیں. لہذہ ہر کام میری مرضی کے مطابق ہونا چاہئے, ہر شخص کو میری توقعات پر پورا اترنا چاہئے. لیکن اکثر و بیشتر ایسا ہوتا نہیں ہے, نتیجہ ہر شخص اپنی ٹوٹی ہوئی امیدوں کا غصہ اپنے ارد گرد ہر شخص پر نکال رہا ہوتا ہے. گویا ارتقاء کی سیڑھی پر ہم ابھی تک طفل نادان  ہی ہیں

Saturday, August 9, 2014

فرمائشی سفرنامہ: پارٹ تھری

رما موٹیل میں ہی جانے کتنے دنوں کے بعد ٹی وی اور خبریں دیکھنا نصیب ہوئیں اور یہ پتہ چلا کہ مذاق رات ختم ہوگئے ہیں اور اب آپریشن کلین اپ ہونے والا ہے نواز شریف قوم سے خطاب کر رہے تھے ۔ یہاں جیو تیز کی شکل بھی نظر آئی۔ آنکھوں میں ٹھنڈ پڑ گئی۔
دی کلر ماونٹین۔ قراقرم ہائی وے

قراقرم ہائی وے پر جہاں نانگا پربت کلر ماونٹین آپکے لیفٹ پر کا بورڈ لگا ہے ، اسکے بلکل سامنے سڑک کے اس پار ایک ننھا منا سا ریسٹورینٹ ہے جہاں مسافروں کی تواضع کھانے پانی کے علاوہ مفت شہتوت سے کی جاتی ہے۔ چند دکانوں کے ساتھ ایک چھوٹا سا باغیچہ جس کے درمیان میں ایک بڑا سا شہتوت کا درخت جو اس وقت پھلوں سے لدا ہوا تھا، اس ریسٹورینٹ کی ایک اور خاصیت، کھانے کے ساتھ اچار وافر مقدار میں دیا جاتا تھا۔ یہ وہ نعمت تھی جو ہم ساتھ لے جانا بھول گئے تھے۔ اور ہائیٹ کی وجہ سے جب کسی کا کھانا کھانے کو دل نہیں کرتا تھا تو اچار کی یاد آتی تھی۔ شمال کے تقریباً تمام ریسٹورینٹس اور موٹیلز میں چکن کڑاہی ایک کامن ڈش ہے۔ دال اناج دستیاب نہ ہونے کا ریزن یہ ہے کہ اونچائی کی وجہ سے دال گلتی نہیں ہے، سوال یہ ہے کہ جہاں دال نہیں گلتی وہاں مرغی کیسے گل جاتی ہے۔ 

Wednesday, August 6, 2014

کمینگی کا تناسب اور آئینے


ہم میں سے ہر ایک کو اپنے اندر کمینگی کا تناسب انتہائی درستگی سے معلوم ہوتا ہے,یہ الگ بات کہ ہم میں سے اکثریت اس کا خود سے بھی اقرار نہیں کرتی۔ ورنہ ضمیر کی اتنی مقدار اللہ تعالیٰ نے ہر ایک میں ضرور انسٹال کی ہے کہ وہ اس کو اپنی غلطی کا احساس دلا سکے۔ اب یہ ہر ایک کی اپنی استعداد ہے کہ وہ اس احساس کو کتنی دیر تک اور کتنا گہرا دفن رکھ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں سب سے مزے دار بات یہ ہے کہ جو آئینے ہم ہروقت دوسروں کودکھانے کے لئے ہاتھ میں لئے پھرتے ہیں ان آئینوں میں ہم اپنا چہرہ دیکھنا پسند نہیں کرتے۔

Tuesday, July 29, 2014

بھائی لوگ :P

"نسرین تم باقی سب کی طرح مجھے بھائی کیوں نہیں کہتیں؟"

"کیونکہ آپ سے بات کرنے کے لئے مجھے آپ کو بھائی کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں بطور ایک انسان بھی آپ سے بات کرسکتی ہوں۔ میں آپکو بھائی کیوں کہوں، مجھے اپنی نیت پر اعتبار نہیں یا آپکی "

یہ اس گفتگو کا نچوڑ ہے جو فیس بک پر تقریباً دوسال گپیں لگانے کے بعد ہو رہی تھی۔ ہماری دوستی کے حلقے میں شامل تقریباً تمام افراد بلا تفریق ان کے نام کے ساتھ بھائی لگا کر پکارتے ہیں لیکن میں ہمیشہ انکا نام لیتی ہوں۔ انکا کہنا بھی ایسا غلط نہیں تھا ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں صنفی تقسیم بہت گہری ہے۔ مرد و عورت کو زبردستی اور مصنوعی طور پر الگ الگ شیلفوں میں سجایا ہوا ہے۔

Saturday, July 26, 2014

حرام یا ناپاک کیوں: ایک خیال

بہت ساری چیزیں اور عمل اللہ تعالیٰ نے حرام اور ناپاک قرار دیے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی حکمتیں تو وہی جانے مگر عمومی طور پر وہ اشیاء جو انسانی صحت کے لیے نقصاندہ ہیں وہ ناپاک قرار دی گئی ہیں۔ جیسے خون ، فضلات، اور دیگر انسانی اخراجات میں جراثیم اور وائرس پائے جاتے ہیں لہذہ انہیں ناپاک قرار دیا گیا ہے۔ ان میں سے کوئی بھی اگر انسان کے جسم پر یا لباس پر لگا ہو تو وہ پاک نہیں رہتا، وضو کے بعد لگ جائے تو وضو ساقط ہو جاتا ہے، اسے فوری طور پر پاک ہونا لازمی ہے۔ ان پابندیوں کا مقصد بظاہر یہی ہے کہ بندہ جراثیم اور وائرس وغیرہ سے بچا رہے۔

Monday, July 21, 2014

مقاصد اور ذرایع

زندگی میں کچھ مقاصد ہوتے ہیں اور کچھ اشیاء ان کے حصول کا وسیلہ یا ذریعہ۔ خرابی جب پیدا ہوتی ہے جب ہم ان وسائل یا ذرائع کو ہی اپنا مطلوب و مقصد بنا لیتے ہیں۔ مثال کے طور پر لباس۔ لباس ایک ذریعہ ہے جسم کی موسمی شدت اور تبدیلیوں سے حفاظت اور آرام دینے کے لیے۔ مقصد نہیں۔ لیکن ہم نے لباس کو اپنا مقصد بنا لیا ہے، لباس کیسا ہو، کس ڈیزائنر کا ہو، کتنا مہنگا ہو، ہم نے جسم کی حفاظت اور آرام کے بجائے لباس کو مطلوب و مقصود مومن بنا ڈالا۔ 

Sunday, July 13, 2014

فرمائشی سفرنامہ: پارٹ ٹو

بیال کیمپ واپس پہنچ کر گروپ لیڈر نے چکن کڑاہی کھا کھا کر اک چکے لوگوں اور دانتوں کی تازہ دال چاول اور چشمے کے پانی سے تواضع کی۔ تھوڑے آرام اور کچھ خر مستیوں کے بعد واپسی کا قصد کیا۔ گائیڈ صاحب جانے ہمیں کن راہوں پر لے چلے۔ ان کے بقول اب شام ہو گئی تھی اور راہ راست یعنی اصل ٹریک پر موجود ندی نالوں کے ایمان بدعت کے باعث خراب ہو چکے تھے اور تابعین کو یقینی طور پر جہنم واصل کرنے کا باعث ہو سکتے تھے۔یہ آف ٹریک راہ نجات جنگلوں، ندی نالوں، چڑھائیوں، اور اترائیوں پر مشتمل تھی۔ تابعین کے صبر کا امتحان ہونے کے ساتھ ساتھ خوبصورت بھی تھی۔ راستے میں ایک دو مقامات واقعی ایمان کی مضبوطی کا باعث بنے۔ یہ اور بات کہ ان مقامات پر اندر کی سانس باہر اور باہر کی تو پہلے ہی باہر تھی۔ 
بیال کیمپ

Saturday, July 5, 2014

فرمائشی سفرنامہ

شل مکھی، نانگا پربت

سمیرا: نسرین تم فیری میڈوز جا رہی ہو، کوئی اکسائٹمنٹ نہیں،کہاں کہاں جانے کا پروگرام ہے، کون کون سے پوائنٹ کور ہونگے تمہارے ٹرپ میں، تم کچھ بھی شئیر نہیں کر رہیں۔ 

میں: یار مجھے کوئی ایکسائٹمنٹ نہیں ہو رہی تو میں کیا کروں۔ روزانہ تو پروگرام کا شیڈول بدل جاتا ہے۔ کیا بتاوں کہاں جا رہی ہوں پہلی بار اس طرف جارہی ہوں تو جہاں بھی جانا ہوگا، جو بھی دیکھوں گی پہلی بار ہوگا، اور خوبصورت ہی ہوگا۔ 

کبھی کبھی مجھ پر بیزاری کا ایسا دورہ پڑتا ہے کہ ہر چیز "بس ٹھیک ہی ہے" نظر آنے لگتی ہے، اور اتنی "عقلمندانہ" گفتگو کرنے لگتی ہوں کہ خود کہ بھی یقین نہیں آتا۔ اس وقت ایسا ہی ٹھنڈ پروگرام تھا۔ سمیرہ بجا طور پر ایکسائٹڈ تھی۔ سمیرہ پہاڑوں کی دیوانی لڑکی ہے۔ لیکن وصال یار سے اب تک محروم ، اب اسکی بیشٹ گرل فرینڈ پہاڑوں کو جارہی تھی تو اسکا جوش میں آنا بنتا تھا۔ 

Friday, June 27, 2014

آپ ہی اپنی اداؤں پہ ذرا کیجئے غور

ہم ایک ایسی قوم ہیں جسے چھوٹے بچوں سے بات کرنے کی تمیز نہیں. گذشتہ دو روز میں جتنے لوگ بھی محمد حسن غوری کو دیکھنے اور مبارکباد دینے آئے ہیں, سب نے بلا امتیاز فاطمہ سے یہ ضرور کہا ہے کہ " تمہارے منے/ بھائی کو ہم لے جائیں"

آپ کسی بچے سے اس کا من پسند کھلونا چھیننے کی دھمکی دے کر اس سے دوستی کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں.

Monday, May 26, 2014

کراچی ٹریفکنگ

محکمہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور کراچی ٹریفک پولیس کو چاہئے کہ وہ کراچی کی سڑکوں کی ایک لین رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کے لئے باقاعدہ مخصوص کر کے رائٹ سائیڈ ڈرائیونگ کرنے والے حضرات کی دعاوں سے مستفید ہوں۔ بے اصولی کو اصول بنا دیں تاکہ لوگ مزید بے اصولی کرکے اصل اصول کی جانب لوٹ آئیں۔

تمہاری بے رخی اک دن ہماری جان لے لے گی

کیا واقعی۔۔ زندگی میں شاید کوئی ایک رشتہ یا ایک شخص ایسا ہو جس کے لیے یہ بات فٹ بیٹھتی ہو۔ ورنہ زیادہ تر لوگ تو آپ کو محبت کر کر کے مار ڈالتے ہیں۔

آپ کی پیدائش کے فوراً بعد آپ کے والدین، دادا ، دادی، نانا ، نانی اور ارد گرد کے سارے رشتے دار آپ کے ساتھ وہی سلوک کرتے ہیں جو ہیجڑے نے اپنے نومولود کے ساتھ کیا تھا۔ جی ہاں محبت میں آکر آپ کو اتنا چوما ،چاٹا جاتا ہے کہ اللہ کی پناہ۔

ایک تو آپ پہلے ہی ایک انتہائی پرسکون، تقریباً ساونڈ پروف، نمی نمی چھاں والی نرم گرم دنیا سے ایک تقریباً نقارخانے میں ڈائریکٹ لینڈ کرنے پر حواس باختہ ہوتے ہیں۔ تیز روشنی، تیز ترین آوازیں جو آپ کے کان میں سوراخ کرنے کے درپے ہیں۔، گرمی میں آپکو ایک گرم کمبل میں لپیٹ دیا گیا ہے، اور آپ احتجاجاً ہسپتال کے باہر موجود رکشے کی آوازوں سے مقابلے پر اترے ہوئے ہیں۔ اس گہما گہمی میں پر شخص آپ کو 92 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی کی طرح اچکنے کو تیار ہے، ہر شخص پر فرض کردیا گیا ہے کہ وہ آپکو چٹاخ پٹاخ پیار ضرور کرے، خواہ آپکو کتنا ہی ناگوار کیوں نہ گذرے۔

Tuesday, May 20, 2014

نیوز چینلز

گزشتہ دھائی کے دوران پاکستان کی سرحدوں کے اندر اور باہر پاکستانی نژاد الیکٹرونک میڈیا نےدن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی ہے۔ سو کے لگ بھگ نئے ٹی وی چینل کھل گئے ہیں جو اردو اور علاقائی زبانوں میں ہفتے کے ساتوں دن، دن کے چوبیس گھنٹے عوام کو تفریح ، خبریں اور تجز یئےفراہم کر رہے ہیں۔اس وقت تمام پاکستانی نیوز چینلز ریٹنگ کی دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے میں لگے ہیں۔

نیوز چینلز کا سب سے مقبول آئٹم بریکنگ نیوز ہے۔ آجکل ہر خبر بریکنگ نیوز ہوتی ہے۔ چینل پہ چینل بدلتے جائیں لیکن اسکرین پر سرخ رنگ میں بریکنگ نیوز اس تسلسل سے نظرآتی رہیں گی کہ لگتا ہے ٹی وی اسکرین بھی بریک ہوجائے گی۔ بھلا کوئی پوچھے کہ ایک شخص جس کا مقدمہ عدالت میں چل رہا ہے, وہ عدالت میں پیش ہوگا یا نہیں ہوگا۔ اور اسکی پچھلی غیر حاضریوں کی مثال کو سامنے رکھتےہوئے غالب امکان یہی ہے کہ وکیل آگے کی تاریخ لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اب بھلا اس سارے قصے میں کیا نیا پن ہے جو بریک ہونے سے رہ گیا ہے۔

Thursday, April 10, 2014

مڈل کلاس شریف لڑکیاں

مڈل کلاس شریف لڑکیوں کا المیہ یہ ہے کہ لڑکوں کی بہ نسبت یہ پڑھ لکھ جاتی ہیں۔کچھ تعداد ان میں سے جاب بھی کرلیتی ہے۔ اور اس کے نتیجے میں یہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے تھوڑا بلندہو جاتی ہیں۔ جس کے اپنے الگ سے نقصانات ہیں۔

ہمارے معاشرے میں پڑھی لکھی اور ملازمت پیشہ لڑکیوں کے بارے میں عمومی رائے یہ ہے کہ یہ بہت تیز ہوتی ہیں۔ لڑکے پٹا لینا ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے, یہ اپنی مرضی کرتی ہیں, یہ گھر نہیں بسا سکتیں۔ یہ مفروضے کم پڑھی لکھی اور گھریلو خواتین کے جانبدارانہ خیالات پر مشتمل ہوتے ہیں, جو ہمارے معاشرے میں اکثریت میں ہیں, سو جمہوریت یہی ہے کہ اکثریت ہی صحیح کہتی ہے۔